پکوان گیس سیلنڈر کی قیمت میں مزید 25 روپئے کا اضافہ ، ایک ماہ میں عوام پر چوتھی مرتبہ اضافہ کا بوجھ

ریاستی خبریں قومی خبریں

پکوان گیس سیلنڈر کی قیمت میں مزید 25 روپئے کا اضافہ، ایک ماہ میں عوام پر چوتھی مرتبہ اضافہ کا بوجھ

نئی دہلی : یکم۔مارچ (سحر نیوزڈاٹ کام)
اشیائے ضروریہ کی آسمان چھوتی قیمتوں میں اضافہ کا سلسلہ جاری ہی تھا کہ کمپنیوں کی جانب سے آج پکوان گیس سیلنڈر کی قیمت میں مزید 25 روپئے کا اضافہ کردیا گیا ہے جس کا اطلاق آج یکم مارچ سے ہوگا۔

یاد رہے کہ اچھے دنوں کی امید لگائے ہوئے عوام کو مرکزی حکومت نے ایک ماہ کے دؤران چوتھی مرتبہ پکوان گیس کی قیمتوں میں چار مرتبہ اضافہ کرتے ہوئے زور کا جھٹکا دیا ہے اور ایک ماہ کے دؤران پکوان گیس سیلنڈر پرجملہ 125 روپئے کا اضافہ کردیا ہے۔

4 فروری کو پکوان گیس کی قیمت میں 25 روپئے کا اضافہ کیا گیا پھر دوبارہ 14 فروری کو پکوان گیس سیلنڈر کی قیمت میں فی سیلنڈر 50 روپئے کا اضافہ کیا گیا تھا اس کے بعد 25 فروری کو بھی پکوان گیس کی قیمت میں مزید 25 روپئے اضافہ کا فرمان جاری ہوا تھا ابھی عوام پکوان گیس کی بڑھتی قیمتوں سے سنبھل بھی نہ پائے تھے کہ آج یکم مارچ کو پکوان گیس سیلنڈر کی قیمت میں مزید 25 روپئے کا اضافہ کیا گیا ہے۔

آج اضافہ شدہ قیمت کے بعد دہلی میں 14.2 کلوگرام کے حامل فی پکوان گیس کی قیمت 819روپئے ،چنئی میں 835 روپئے ،کولکاتا میں 845 روپئے ، ممبئی میں 819روپئے اور حیدرآباد میں 821.50 ہوجائے گی ۔
دوسری جانب پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بھی اضافہ کا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔مہنگائی کی چکی میں پِس رہے عوام کیلئے اس طرح ایک ماہ کے دوران فی گیس سیلنڈر 125 روپئے کا اضافہ انکے گھریلو بجٹ کی کمر توڑنے کیلئے کافی ہے۔کیونکہ تمام اشیائے ضروریہ کی قیمتیں پہلے ہی آسمان چھورہی ہیں ۔