فیس بک استعمال کرنے والے ہوشیار
جعلی اکاؤنٹ کے ذریعہ رشتہ داروں اور دوستوں سے ہنگامی حالات کے نام پر رقم منگوانے کے معاملات میں اضافہ
ہراساں اور پریشان کرنے والوں کی فیس بک آ ئی ڈیز کو کس طرح ڈیلیٹ کروایا جاسکتا ہے!
حیدرآباد/تانڈور۔یحیٰی خان/سہارا نیوز بیورو
بھولے بھالے عوام کو حال حال تک اے ٹی ایم کے علاوہ رقم منتقل کرنے والے گوگل پے ، فون پے اور پے ٹی ایم کے ذریعہ مختلف طریقوں سے ٹھگا جاتا تھا لیکن اب ان معاملات میں کمی کے دؤران ٹھگوں نے ایک نیا سلسلہ شروع کردیا ہے۔
اس کا طریقہ کار یہ ہے کہ سوشیل میڈیا کی مشہورسائٹ فیس بک پر موجود مشہور ، غیر مشہور اور کاروباری و ملازمت پیشہ افراد کے فیس بک اکاؤنٹ سے انکی فوٹوز اُڑاکر اسی نام سے جعلی اکاؤنٹ بنائے جارہے ہیں اکاؤنٹ بنانے کے فوری بعد ان افراد کی فرینڈ لسٹ میں موجود نامور افراد کو فرینڈ ریکویسٹ بھیجی جارہی ہے زیادہ تر افراد اس جعلسازی سے ناواقف ہونے کی وجہ سے آنیوالی ہر فرینڈ ریکویسٹ کو قبول کرلیتے ہیں۔
جونہی اس جعلی اکاؤنٹ میں دو تین درجن افراد شامل ہوجاتے ہیں یہ جعلساز انہیں میسیج کرکے پیغام دیتے ہیں کہ انہیں ہنگامی حالات میں رقم کی ضرورت ہے اسی کیساتھ یہ بھی کہا جاتا ہے کہ فوری طورپر ان سے کال پر بات کرنا ممکن نہیں ہے اسی لیے وہ اس بینک اکاؤنٹ نمبر یا پے ٹی ایم، فون پے یا پھر گوگل پے کے نمبر پر رقم روانہ کریں شام تک یا کل وہ رقم واپس روانہ کردیں گے۔
ایسے معاملات میں فیس بک پر اب تک بہت سے افراد ٹھگے جاچکے ہیں اور ہر تیسرا فیس بک صارف اپنی ٹائم لائن پر اعلان کرتا ہوا نظر آرہا ہے کہ انکی اس فیس بک آئی ڈی کے سواء کوئی اور آئی ڈی نہیں ہے ایسی کسی بھی آئی ڈی سے آنیوالے پیغامات یا رقم کے مطالبہ پر یقین نہ کیا جائے اور انہیں اسکی اطلاع دی جائے۔

کل مقامی شاعر فاروق ساحلؔ کا کسی نے دوسری مرتبہ فیس بک پر جعلی اکاؤنٹ بناتے ہوئے انکی دو تصاویر لگادیں اور بنگلور، حیدرآباد کے رشتہ داروں اور دوست احباب کو فیس بک کے ذریعہ میسیج بھیجا کہ انہیں فوری رقم درکار ہے جسے وہ کل شام تک واپس کردیں گے ساتھ ہی اس نے ایک فون نمبربھی دیتے ہوئے اپیل کی کہ فوری رقم منتقل کی جائے۔
جس پر چند افراد نے معمولی رقم بھیج کر چیک کیا اور کئی رشتہ داروں اور دوستوں نے انہیں فون کرکے اطلاع دی اور رقم سے متعلق وجہ دریافت کی تب انہیں معلوم ہوا کہ انکی تصاویر لگاکر کوئی لوگوں کو ٹھگ رہا ہے یہی معاملہ آج یہاں کے تانڈور نرسنگ ہوم کے ڈائرکٹر ڈاکٹر محمد عامر کیساتھ بھی پیش آیا ہے تاہم اسکی اطلاع فوری انہیں موصول ہوئی۔انہوں نے باقاعدہ اس جعلسازی کے خلاف تانڈور پولیس میں شکایت درج کروائی ہے اور پولیس اس سلسلہ میں تحقیقات میں مصروف۔
اس طرح فاروق ساحل اور ڈاکٹر محمد عامر نے اپنے دوستوں اور رشتہ داروں کو نجی طورپر اور فیس بک ، وہاٹس اپ گروپس کے ذریعہ آگاہ کیا کہ انکے نام جعلی آئی ڈی بناکر کوئی نامعلوم دھوکہ باز فیس بک کے ذریعہ رقم وصول کرنے میں مصروف ہے۔
ایسے معاملات کو دیکھنے کے بعد اس نتیجہ پر پہنچاجاسکتا ہے کہ اس طرح فیس بک پر جعلی اکاؤنٹ بناکر مخصوص شخص کے رشتہ داروں اور دوستوں سے رقم طلب کرنے کا کام انکے جان پہچان والا اور واقف کار ہی کرسکتا ہے ! اسی لیے بہتر ہے کہ تمام فیس بک صارفین فیس بک پر اپنے نام کے مزید اکاؤنٹس کو تلاش کریں اور فوری طورپر فیس بک کو رپورٹ کرتے ہوئے ان جعلی اکاؤنٹس کومستقل طور پر بند کرواسکتے ہیں۔
بہت سے فیس بک صارفین اس بات واقف نہیں ہیں کہ فوری طورپر کسی ایسے جعلی فیس اکاؤنٹ یا پھر بالخصوص خواتین کو میسیج کے ذریعہ ہراساں و پریشان کرنے والے جنونی اور جعلسازوں کی فیس بک آئی ڈی کے خلاف کس طرح فیس بک انتظامیہ سے شکایت کی جائے کہ اس کا کاؤنٹ ہمیشہ کیلئے بند ہوجائے ؟
تو اسکے لیے لازمی ہے فیس بک صارف کی مصدقہ آئی ڈی میں موجود 20 دوست واحباب ایسی کسی بھی جعلی فیس بک آئی ڈی کے خلاف شکایت "Report "کریں تو فیس بک کی جانب سے اس جعلی اکاؤنٹ ہولڈر سے اسکی شناخت طلب کی جاتی ہے جیسے اس کا موبائل نمبر، پان کارڈ نمبر، آدھا رنمبر یا پھر کوئی سرکاری شناختی کارڈ اگر جعلساز یہ سب فراہم کرنے میں ناکام ہوجاتا ہے تو فیس بک انتظامیہ کی جانب سے اس جعلی فیس بک آئی ڈی کو ہمیشہ کیلئے ڈیلیٹ کردیا جاتا ہے۔
کسی بھی جعلی یا بالخصوص خواتین کو ہراساں و پریشان کرنے والے جعلی یا مصدقہ فیس بک اکاؤنٹس کے خلاف فیس بک انتظامیہ سے شکایت کرنا انتہائی معمولی طریقہ کارہے اور یہ چند منٹ کا ہی وقت لیتا ہے۔
اس کے لیے جس فیس بک آئی ڈی کے خلاف ہمیں شکایت Report کرنی ہو اس کی ٹائم لائن پر جائیں ، جہاں سیدھی جانب ـ”تین ڈاٹس "ـ(نقطے ) نظرآتے ہیں،

اس کو کلک کریں تواس میں آپ کو چار ـــ”Options” نظر آتے ہیں جس میں سے "Find Support Or Report Profile ” کا آپشن کو کلک کریں جسکے بعد "Report” کا ایک باکس کھلتا ہے۔

وہاں فیس بک کی جانب سے 8؍سوالات پوچھے جاتے ہیں ان میں کسی ایک سوال کو کلک کرنا ہوتا ہے جس میں” "Fake Accountـ، "Fake Name” اور”Harassment” جیسے آپشن بھی ہوتے ہیں۔

اس کو کلک کرنے بعد "Next” پر کلک کردیں۔ ـجسکے چند گھنٹوں بعد فیس بک انتظامیہ کی جانب سے آپ کو نوٹیفکیشن بھیجا جاتا ہے کہ فیس بک انتظامیہ کی جانب سے آپ کی اس شکایت پر کیا کارروائی کی گئی ہے!!
یہی طریقہ فیس بک پر مذہبی ، فرقہ وارانہ ، ملک دشمن منافرت پھیلانے والے facebook Pages یا کسی مخصوص سرکاری یا خانگی اداروں،ان کے ذمہ داران یا عہدیداروں کے خلاف یا انکی نجی زندگی کے خلاف اہانت آمیز پوسٹنگ کے ذریعہ مہم چلانے والوں کے خلاف بھی استعمال کرتے ہوئے ان کے مصدقہ اکاونٹس بھی ہمیشہ کے لیے بند کروائے جاسکتے ہیں۔

