فروغ اردو کے لیے تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈیمی کی مثالی خدمات

ریاستی خبریں

فروغ اردو کے لیے تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈیمی کی مثالی خدمات
اردو اسکالرس اسوسی ایشن تلنگانہ کی جانب سے ڈاکٹر محمد غوث کو تہنیت پیش کی گئی

حیدرآباد۔یکم۔مارچ (پریس نوٹ)  تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈیمی کی جانب سے ڈاکٹر محمد رحیم الدین انصاری صدرنشین اور ڈاکٹر محمد غوث صاحب ڈائرکٹر/ سکریٹری کی قیادت میں ریاست میں فروغ اردو کی مثالی خدمات انجام دی جارہی ہیں اور خاص طور سے گزشتہ ایک سال میں ڈاکٹر محمد غوث کی زیر نگرانی اردو زبان کو تعلیم سے جوڑنے اردو میڈیم ڈگری سماجی علوم کی 9 کتابیں مرتب کروائی گئیں۔

اور اردو سیکھنے کے لیے آن لائن اردو لرننگ کورس کا آغاز ریاستی اردو اکیڈیمی کے اہم کارنامے ہیں اس کے علاوہ اساتذہ کے لیے تربیتی پروگرام، قومی سطح کے ویبنار کا انعقاد،عالمی یوم مادری زبان کے موقع پر پہلی مرتبہ تقریب کا انعقاد، بیسٹ اردو اسٹوڈنٹ و بیسٹ ٹیچر ایوارڈز کی تقسیم، اردو ادیبوں و شعراء کی کتابوں کی اشاعت کے لیے جزوی مالی امداد، بچوں کے رسالے روشن ستارے کا احیا، قومی زبان اور روشن ستارے کی رنگین اشاعت اور ریاستی سطح پر ان رسالوں کی خریداری کی مہم ، اردو اکیڈیمی کی اردو جامع ویب سائٹ کا آغاز اور اکیڈٖیمی کی اسکیمات سے متعلق آن لائن رہنمائی اور دیگر فروغ اردو کے پروگرام ہیں ۔

جن پر عمل آوری سے تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈیمی ملک کی ایک مثالی اکیڈیمی بن گئی ہے۔ ڈاکٹر محمد غوث صاحب کی بحیثیت ڈائرکٹر /سکریٹری میعاد میں توسیع کے پرمسرت موقع پر آج دفتر اردو اکیڈیمی پر اردو اسکالرس اسوسی ایشن تلنگانہ کی جانب سے ڈاکٹر محمد غوث کی شال و گلپوشی کرتے ہوئے انہیں تہنیت پیش کی گئی۔

اس موقع پر ڈاکٹر محمد ناظم علی، ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی اور محمد محبوب موجود تھے۔ ڈاکٹر محمد غوث کو اردو اسکالرس اسوسی ایشن تلنگانہ کے دیگر اراکین ڈاکٹر محمد عزیز سہیل، محمد عبدالبصیر، رحمن داؤدی،جمیل نظام آبادی اور دیگر نے پرخلوص مبارکباد پیش کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ ڈاکٹر محمد غوث اور جناب رحیم الدین انصاری کی مشترکہ مساعی سے تلنگانہ ریاستی اردو اکیڈیمی فروغ اردو کے مختلف پروگراموں کے انعقاد کے ساتھ ساتھ اردو کی ترقی و ترویج کے لیئے مزید اقدامات کو یقینی بنائے گی۔