ٹی آرایس کے پاس موجود سیاسی طاقت کسی اور پارٹی کے پاس نہیں ہے

ریاستی خبریں ضلعی خبریں

ٹی آرایس کے پاس موجود سیاسی طاقت کسی اور پارٹی کے پاس نہیں ہے

وقارآباد میں حلقہ گرائجویٹ ایم ایل سی کے انتخابات کے ضمن میں کارکنوں کے اجلاس سے وزیر فینانس ہریش راؤکا خطاب

وقارآباد ۔یکم مارچ (سحر نیوزڈاٹ کام)

ریاستی وزیر فینانس ٹی۔ ہریش راؤ نے کہا ہے کہ ریاست تلنگانہ میں جتنی سیاسی طاقت اور عوامی مقبولیت ٹی آرایس پارٹی کو حاصل ہے اتنی کسی اور سیاسی جماعت کو حاصل نہیں ہے وہ آج شام ایم ایل سی حلقہ گرائجویٹ رنگاریڈی،محبوب نگر،حیدرآباد کی نشست کے انتخابات کے پیش نظر وقارآباد کے بھاگیہ منی کنونشن ہال میں منعقدہ ٹی آرایس پارٹی کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔

ٹی آرایس پارٹی کارکنوں کے اجلاس سے ریاستی وزیر فینانس ٹی۔ ہریش راؤ خطاب کرتے ہوئے۔

جس میں ریاستی وزیر تعلیم مسز پی۔ سبیتا اندرا ریڈی ، رکن پارلیمان چیوڑلہ ڈاکٹر جی۔ رنجیت ریڈی ، رکن قانون ساز کونسل متحدہ ضلع رنگاریڈی ڈاکٹر پی۔ مہندرریڈی ،رکن قانون ساز کونسل شمبی پور راجو ،رکن اسمبلی وقارآباد ڈاکٹر میتکو آنند ،صدر نشین ضلع پریشد مسز سنیتا مہندر ریڈی، ٹی آرایس پارٹی امیدوار ایم ایل سی حلقہ گرائجویٹ رنگاریڈی،محبوب نگر،حیدرآبادمسز سرابھی وانی دیوی کے علاوہ دیگر پارٹی قائدین اور کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔

ریاستی وزیر تعلیم مسز پی۔ سبیتا اندرا ریڈی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے۔

پارٹی کارکنوں سے اپنا خطاب جاری رکھتے ہوئے ریاستی وزیر فینانس ٹی۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ٹی آرایس پارٹی امیدوار مسز سرابھی وانی دیوی ایک قابل اور ماہر تعلیم شخصیت کی حامل ہیں اور انکی بھاری اکثریت سے شاندار کامیابی کیلئے لازمی ہے کہ پارٹی کارکن سخت محنت کریں ۔ہریش راؤ نے مشورہ دیا کہ ایک پارٹی کارکن فی 50؍رائے دہندگان کا انچارج بن کر روزآنہ ان سے ملاقات کرے اور انہیں ریاستی حکومت کی جانب سے ریاست کے تمام طبقات کی فلاح و بہبود کیلئے کیے جارہے اقدامات کیساتھ ساتھ مختلف اسکیمات کے فوائد سے واقف کروائے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ ایک ایک ووٹ ٹی آر ایس کے حق میں استعمال ہو۔

رکن قانون ساز کونسل و سابق وزیر ٹرانسپورٹ ڈاکٹر پی۔ مہندرریڈی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے۔

ریاستی وزیر فینانس ٹی۔ ہریش راؤ نے اپنے خطاب میں بتایا کہ انکے دؤرئہ نارائن کھیڑ کے دؤران انہوں نے پڑوسی ریاست کرناٹک کے بیدر کے گاما تانڈہ میں رک کرایک کسان سنتوش سے ملاقات کی تو اس نے بتایا کہ کسانوں کو صرف 6؍ گھنٹے برقی سربراہ کی جاتی ہے اس میں بھی ہر ایک گھنٹہ میں ایک مرتبہ رکاوٹ پیدا ہوتی ہے ہریش راؤ نے کہا کہ جبکہ ریاست تلنگانہ میں کسانوں کو 24؍گھنٹے بلاء وقفہ برقی سربراہ کی جاتی ہے۔

رکن پارلیمان چیوڑلہ ڈاکٹر جی۔ رنجیت ریڈی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے۔

اسی طرح انہوں نے کرناٹک میں دیکھا کہ برقی کی بحالی کے انتظار میں ایک کلومیٹر کا فاصلہ طئے کرکے آئی ہوئیں خواتین پانی حاصل کرنے کیلئے گھنٹوں قطار میں کھڑی ہوئی ہیںجبکہ تلنگانہ میں مشن بھاگیرتا کے تحت گھر گھر پانی پہنچایا جارہا ہے ، ریاستی وزیر فینانس ٹی۔ ہریش راؤ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پڑوسی ریاست کرناٹک میں کسانوں کے لیے رعیتو بیمہ اور لڑکیوں کی شادیوں کیلئے کلیانہ لکشمی ، شادی مبارک جیسی کوئی اسکیم نافذ نہیں ہے اور وہاں کسانوں کو پانچ ایکڑ ارا ضی کیلئے صرف 6,000؍روپئے کی مدد دی جاتی ہے جبکہ تلنگانہ میں رعیتو بندھو اسکیم کے تحت پانچ ایکڑارا ضی کیلئے 50؍ہزار روپئے دئیے جاتے ہیں ہریش راؤنے طنز کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی قائدین روز کئی بلند بانگ دعوے کرتے رہتے ہیں اس لیے انہیں بس میں بٹھاکر ایک مرتبہ کرناٹک لے جانا ضروری ہے جہاں بی جے پی کی حکومت ہے۔

صدر نشین ضلع پریشد ،ضلع وقارآباد مسز پی۔سنیتا مہندرریڈی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے۔

ریاستی وزیر فینانس ٹی۔ ہریش راؤ نے کہا کہ اب تک ایک لاکھ 34؍ہزار ملازمتیں دی جاچکی ہیں اور مزید 50؍ہزار ملازمتوں کی فراہمی کیلئے وزیر اعلیٰ کے سی آر منصوبہ سازی میں مصروف ہیں انہوں نے سوال کیا کہ اس معاملہ میں بی جے پی واضح کرے کہ اس نے کتنی ملازمتیں فراہم کی ہیں ۔ہریش راؤ نے کہا کہ 12 ؍ کروڑ ملازمتوں کی فراہمی کو ناممکن قرار دیتے ہوئے خود وزیر اعظم نریندر مودی نے اعلان کیا کہ کئی سرکاری اداروں کو بند کردیا جائے گا۔

امیدوار حلقہ گرائجویٹ ایم ایل سی حیدرآباد، رنگاریڈی ، محبوب نگر مسز سرابھی وانی دیوی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے جہاں لاکھوں ملازم بیروزگار ہوجائیں گے وہیں ایس سی ، ایس ٹی اور بی سی طبقات کے تحفظات کو بھی ختم کیا جارہا ہے انہوں نے سوال کیا کہ سرکاری اداروں کو خانگیائے جائے جانے کے بعد تحفظات کا اطلاق کہاں سے ہوگا؟۔ریاستی وزیر فینانس ٹی۔ ہریش راؤ نے کہا کہ بی جے پی کو کس لیے ووٹ دیا جائے ؟جس نے ایک ووٹ ، دو ریاست کا نعرہ دیکر ملک پر پانچ سال تک حکومت کی لیکن علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے وعدہ کو فراموش کردیا تھا۔

وزیر فینانس نے کہا کہ حالیہ مرکزی بجٹ میں بھی تلنگانہ کو بری طرح نظرا نداز کردیا گیا انہوں نے بی جے پی سے سوال کیا کہ جن ریاستوں میں انتخابات ہونے والے ہیں وہاں میٹرو کو توسیع دی گئی لیکن تلنگانہ کو نظر انداز کیا گیا ۔

ریاستی وزیر فینانس ہریش راؤ نے کہا کہ بی جے پی تلنگانہ سے صرف ووٹ چاہئے انہوں نے کہا کہ ریاست کو ادا شدنی آمدنی میں بھی کٹوتی کی گئی وہیں پکوان گیس ، پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے ذریعہ عوام کو پریشان کیا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر کروڈ آئیل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود یہاں مرکزی حکومت کی جانب مختلف محصولات عائد کرتے ہوئے پٹرولیم اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کیا جارہا ہے۔

اجلاس میں شریک ٹی آرایس پارٹی قائدین اور کارکن۔

ریاستی وزیر فینانس ٹی۔ ہریش راؤ نے کہا کہ بی جے پی اور کانگریسی قائدین ریاست میں جھوٹا پروپگنڈہ کرنے میں مصروف ہیں جبکہ انہیں مرکز کی بی جے پی حکومت سے سوال کرنا چاہئے ۔ انہوں نے گرائجویٹ رائے دہندوں سے اپیل کی کہ وہ ٹی آر ایس امیدوار کو کامیاب بنائیں ۔ اس پارٹی کارکنوں کے اجلاس سے ریاستی وزیر تعلیم مسز پی۔ سبیتا اندرا ریڈی ِ ِرکن پارلیمان چیوڑلہ ڈاکٹر جی۔ رنجیت ریڈی ، رکن قانون ساز کونسل متحدہ ضلع رنگاریڈی ڈاکٹر پی۔ مہندرریڈی ،رکن قانون ساز کونسل شمبی پور راجو ،رکن اسمبلی وقارآباد ڈاکٹر میتکو آنند ،صدر نشین ضلع پریشد مسز سنیتا مہندر ریڈی، ٹی آرایس پارٹی امیدوار ایم ایل سی حلقہ گرائجویٹ رنگاریڈی،محبوب نگر،حیدرآبادمسز سرابھی وانی دیوی اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ قبل ازیں ریاستی وزیر فینانس ، وزیر تعلیم اور دیگر نے چیوڑلہ میں بھی منعقدہ پارٹی کارکنوں کے اجلاس سے بھی خطاب کیا۔