جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کی جانب سے باڈی بلڈنگ مقابلوں میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے نوجوانوں کی تہنیت
تانڈور۔یکم۔مارچ۔(سحر نیوزڈاٹ کام)
گزشتہ ہفتہ امبیڈ کر بھون وقارآباد میں منعقدہ باڈی بلڈنگ مقابلے میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی غرض سے جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کی جانب سے دفتر جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد واقع تانڈور میں ایک تہنیتی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں ان نوجوانوں کی شال پوشی کی گئی اور مولانا محمد عبداللہ اظہر قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کے ہاتھوں یادگارمومنٹوز پیش کیے گئے۔
علی فٹنس جم کے زیر اہتمام منعقدہ اس باڈی بلڈنگ مقابلے میں وقارآباد، تانڈور اور پرگی سے بڑی تعداد میں نوجوانوں نے حصہ لیا تھا جس میں شہر تانڈور کے وشال،مشتاق احمد،محمد شبنان،گورے پاشاہ اور سریندر نے مختلف زمروں میں نمایاں کامیابی حاصل کی۔
اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مولانا محمد عبداللہ اظہر قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد نے ان نوجوانوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ اچھی صحت اللہ کی عطاء کردہ عظیم نعمت ہے، صحت و تندرستی کے بغیر انسان ہر رشتے پر بوجھ بن جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تاسف کا اظہار کرتے ہوئے کہا ان دنوں کیمیکل زدہ ناقص غذاؤں کی کثرت اور کھانے پینے میں بے قاعدگی کی وجہ سے لوگ مختلف امراض کا شکار ہورہے ہیں ایسے حالات میں اپنی عمر اور طاقت کے موافق ہر ایک کو ورزش کے ذریعہ اپنے آپ کوجسمانی اور ذہنی طور پر فٹ رکھنے کی شدید ضرورت ہے۔
مولانا محمد عبداللہ اظہر قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد نے اس موقع پر کہا کہ نوجوان قوم اور ملک کا اثاثہ ہوتے ہیں جن کے کاندھوں میں ملک کے بہتر مستقبل کی بہت بڑی ذمہ داری ہوتی ہے اور یہی نوجوان ملک کی طاقت بھی ہوتے ہیں۔
لیکن افسوس کہ آج نئی نسل کو سوشیل میڈیا کی لت لگ چکی ہے جس میں وہ صحت و توانائیوں کے ساتھ ساتھ اپنی عمر کے قیمتی لمحات ضائع کررہے ہیں انہیں چاہئے کہ وہ اعلی تعلیم اوربہتر ملازمت کی فکر کے ساتھ اپنے آپ کو صحت مند رکھیں۔
اس تقریب میں جمعیۃ علماء ضلع وقارآباد کے اراکین کے علاوہ معززین شہر اور نوجوانوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔