کھلاڑی کو ملا پانچ لیتر پٹرول والا میان آف دی میاچ کا مہنگا ایوارڈ
بھوپال : 2۔مارچ (سحر نیوزڈاٹ کام)
ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پٹرول ،ڈیزل اور پکوان گیس کی آسمان چھوتی قیمتوں نے عوام کی کمر توڑکر رکھ دی ہے۔ پٹرول ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں کیساتھ ساتھ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔
اور یہ بھی امکان جتایا جارہا ہے کہ آنیوالے دنوں میں مہنگائی اپنے سارے ریکارڈ توڑدے گی کیونکہ تاریخ گواہ ہے کہ کسی بھی شئے کی قیمت ایک مرتبہ بڑھ جائے تو وہ واپس اپنے مقام پر نہیں آتی ! سوائے چند ایک اشیاء کو چھوڑکر !
وہیں پٹرول ، ڈیزل اور پکوان گیس کی ان بڑھتی ہوئی قیمتوں کو لیکر سوشیل میڈیا اور دیگر پلیٹ فارمس پر مزاحیہ انداز میں مرکز کی بی جے پی قیادت والی این ڈی اے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے ۔
ایسے میں مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال میں منعقدہ ایک کرکٹ ٹورنمنٹ کے اختتام پر بہترین مظاہرہ کرنے والے کھلاڑی کو پانچ لیتر پر مشتمل میان آف دی میچ ایوارڈ دیا گیا ۔یہ حکومت سے ناراضگی اور بڑھتی قیمتوں پر احتجاج کا ایک طریقہ تھا۔اطلاع ہے کہ یہ کرکٹ ٹورنمنٹ کا اہتمام مقامی کانگریس لیڈرمنوج شکلا نے کیا تھا۔
اتوار کو ہونے والے اس کرکٹ ٹورنمنٹ کے فائنل میں کرکٹ کھلاڑی صلاح الدین عباسی نے اپنی صلاحیتوں کا بہترین مظاہرہ کرتے ہوئے یہ میان آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کیا۔
یہ خبر اور اس سے متعلق تصویر میڈیا میں عام ہوگئی ہے کہا جارہا ہے کہ اس کا مقصد مرکزی حکومت کو پٹرول ،ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں کی جانب توجہ دلانا تھا ۔
ویسے بھی سوشیل میڈیا پر کئی تصاویر ، کارٹونس اور ٹوئٹ ایسے زیرگشت ہیں جن میں مختلف طریقوں سے پٹرول ، ڈیزل اور پکوان گیس کی قیمتوں کے خلاف بطور احتجاج بنائے گئے ہیں۔