تلنگانہ شدید سردی کی لپیٹ میں، آئندہ تین دنوں تک سردی کی شدت میں مزید اضافہ کا انتباہ ، آرینج اور ایلو الرٹ جاری

تلنگانہ شدید سردی کی لپیٹ میں، آئندہ تین دنوں تک سردی کی شدت میں مزید اضافہ کا انتباہ
بشمول حیدرآباد چند اضلاع کے لیے آرینج اور ایلو الرٹ جاری،عوام کو احتیاطی اقدمات کا مشورہ

حیدرآباد: 08۔جنوری (سحر نیوز ڈاٹ کام)

ریاست تلنگانہ کے کئی اضلاع بشمول حیدرآباد گزشتہ تین دنوں سے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔کل سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ایسے میں محکمہ موسمیات حیدرآباد کی جانب سے عوام کو انتباہ دیا گیا ہے کہ شمالی ہند سے آنے والی سرد ہواؤں کے باعث ریاست تلنگانہ کے اضلاع میں 12 جنوری تک سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔اور اس دؤران شام 4 بجے سے ہی سردی کی شدت کا آغاز ہوگا۔

محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ آئندہ تین دنوں کے دؤران موسم انتہائی سرد رہے گا۔سرد ہواؤں کےباعث درجہ حرارت میں مزید کمی واقع ہوگی۔محکمہ موسمیات نے اس سلسلہ میں آج بالخصوص اضلاع حیدرآباد،رنگاریڈی،عادل آباد،نظام آباد،کریم نگر،میدک، ورنگل اور کھمم کے بشمول دیگر اضلاع میں شدید سردی کی پیش قیاسی پرمشتمل ایلو الرٹ YELLOW ALERT# جاری کیا ہے۔

وہیں کل بروز پیر 9 جنوری کو اضلاع عادل آباد,نرمل,منچریال اور کومرم بھیم میں شدید سردی کا انتباہ دیتےہوئے آرینج الرٹ جاری کیا ہے۔دیگر اضلاع کے لیے آرینج الرٹ ORANGE ALERT# جاری کیا ہے،مذکورہ بالا 8 اضلاع کو چھوڑکر محکمہ موسمیات نے ریاست کے دیگر اضلاع کے لیے کوئی انتباہ جاری نہیں کیاہے۔ساتھ ہی محکمہ موسمیات نے شدید سردی کے دؤران چند مقامات پر بارش کی بھی پیش قیاسی کی ہے۔

دوسری جانب سے آج 8 جنوری کی صبح 30-8 بجے تک سنگاریڈی ضلع کے کوہیر میں 7.8 ڈگری سنٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔جبکہ نلا پلی میں 8.2 اور نیالکل میں 8.9 ڈگری سنٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیاہے۔اسی طرح سدی پیٹ ضلع کے ننگانور میں 9.1 ڈگری سینٹی گریڈ،انگڑی کشٹاپور میں 9.5 ڈگری سنٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیاگیاہے۔میدک ضلع کے شیوم پیٹ میں 9.8 ڈگری سنٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ ہوا ہے۔کومرم بھیم ضلع میں 4.7 ڈگری،منچریال میں 7.4 ڈگری،عادل آباد ضلع میں 7.6 ڈگری اور نرمل ضلع میں 8.9 ڈگری سنٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ ہوا ہے۔
متحدہ اضلاع عادل آباد اور میدک گزشتہ چند دنوں سے سب سے زیادہ سردی کی لپیٹ میں ہیں جہاں سب سے کم ایک ہندسہ پر مشتمل درجہ حرارت ریکارڈ ہورہا ہے۔

ریاست کے مختلف اضلاع میں جاری شدید سردی کی لہر کے باعث گرم کپڑوں کا استعمال بڑھ گیا ہےاور سڑکوں پر شام ہوتے ہی چہل پہل
بھی کم نظر آرہی ہے۔کاروباری ادارے بھی جلد بند کیے جارہے ہیں۔محکمہ موسمیات نے ریاست کے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سردی کی شدت میں اضافہ کے پیش نظر احتیاطی اقدامات کریں۔

وہیں ماہرین طب کا عوام کو مشورہ ہے کہ اس دؤران بالخصوص بچوں اور ضعیف افراد کا خاص خیال رکھا جائے۔شام سے ہی عوام گھروں میں رہنے کو ترجیح دیں۔جاریہ شدید سردی کی لہر کے دؤران بہت زیادہ احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ جاریہ شدید سردی کے دؤران ٹھنڈی اور باسی غذاؤں کا استعمال نہ کریں بلکہ گرم اور قوت بخش غذاؤں کو ترجیح دیں، پینے کے پانی کو اُبال کرٹھنڈا کرنے کے بعد اس کو چھان کر استعمال کریں،صاف صفائی کا خاص خیال کریں۔

اس سرد موسم میں عوام بالخصوص اپنے سینے کو گرم رکھیں، تازہ مچھلی،چکن،انڈا،کالی مرچ اور ڈرائی فروٹس(خشک میوہ جات) کا استعمال زیادہ کریں۔اور سردی کے اس موسم میں” کھٹّی چیزوں Citrus Fruit# ” کو مکمل ترک کریں۔