وقارآباد ضلع : کوڑنگل کے تنکی میٹلہ موضع کے نوجوان سید ارباز قریشی کو دو کروڑ روپئے کے پیکیج پر امیزان کمپنی میں ملازمت

واقف کہاں زمانہ ہماری اڑان سے
وہ اور تھے جو ہار گئے آسمان سے

وقارآباد ضلع : کوڑنگل کے تنکی میٹلہ موضع کے نوجوان سید ارباز قریشی کو
دو کروڑ روپئے کے پیکیج پر امیزان کمپنی میں ملازمت، نوجوانوں کے لیے ایک مثال

حیدرآباد؍وقارآباد،9۔ڈسمبر
(سحر نیوز ڈاٹ کام/خصوصی رپورٹ)

وقارآباد ضلع کے اسمبلی حلقہ کوڑنگل کے بھمرس پیٹ منڈل میں موجود موضع تنکی میٹلہ کے ساکن سید ارباز قریشی نے اپنے خواب کو شرمندہ تعبیر کرتے ہوئے ان نوجوانوں کو ایک راہ دکھائی ہے جو کہ صلاحیتوں کے باوجود جدوجہد،محنت اور جنون کے ذریعہ اپنی منازل حاصل کرنے کو بالائے طاق رکھتے ہوئے بہانے بازی اور امتیازی سلوک کا رونا روتے ہیں اپنی اور اپنے والدین کی خواہشات کو عملی جامہ پہنانے کے بجائے راہ فرار اختیار کرتے ہیں۔!!

جبکہ کسی بھی انسان میں اپنی منزل کو حاصل کرنے کے لیے ایک جذبہ اور جنون کا ہونا لازمی ہوتا ہے اور وہ اپنے حوصلہ، کچھ حاصل کرنے کی انتھک جدوجہد کیساتھ اپنے اندر موجودہ پوشیدہ صلاحیتوں کو استعمال کرتے ہوئے منزل کو اپنے قدموں میں کرلیتا ہے۔

موضع تنکی میٹلہ، بھمرس پیٹ منڈل، کوڑنگل کے ساکن جناب سید یٰسین قریشی (ایس وائی قریشی) جوائنٹ کمشنر، ایکسائز ڈپارٹمنٹ،حکومت تلنگانہ کے ہونہار فرزند سید ارباز قریشی (26 سالہ) کو دنیا کی سے نامور آئی ٹی کمپنی امیزان میں سالانہ دو کروڑ روپئے کے پیکیج کیساتھ اپلائڈ سائنٹسٹ Applied Scientist کی ملازمت حاصل ہوئی ہے اور وہ آج 9 ڈسمبر کو اس ملازمت پر رجوع ہوجائیں گے۔

تعلیم حاصل کرنے کی جدجہد, بہترین گھریلو تربیت،والدین کی حوصلہ افزائی و دعاوں اور اپنی محنت و صلاحیتوں کا بہترین استعمال کرنے والے سید ارباز قریشی کی تعلیم حیدرآباد اور گنٹور کے علاوہ دیگر شہروں میں ہوئی۔اسی دؤران سید ارباز قریشی نے 2019ء میں آئی آئی ٹی پٹنہ(بہار) سے کمپیوٹر سائنس میں اپنی بی۔ٹیک کی تعلیم مکمل کی۔بی ٹیک کی تکمیل کے دوران تیسرے سال میں فرانس کے نامورمیشن لرننگ گیل ڈیاس میں تین ماہ کی انٹرن شپ بھی کی۔

بعدازاں سید ارباز قریشی نے بنگلور میں مائیکروسافٹ کے ریسرچ سنٹر میں دوسال خدمات انجام دیں اور پھر 2023ء میں امریکہ کی یونیورسٹی آف میساچوسیٹس (یو ایم اے ایس ایس ) سے آرٹی فیشیل انٹلی جنس میشن لرننگ میں ایم ایس کی سند حاصل کی۔ایم ایس میں سید ارباز قریشی کی صلاحیتوں کو دیکھتے ہوئے گوگل نے انہیں انٹرن شپ فراہم کی۔سید ارباز قریشی نے بالآخر اپنی محنت اور لگن کے علاوہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتےہوئے امیزان میں ملازمت حاصل کی۔سید ارباز قریشی نے اعلیٰ تعلیم کے تئیں غیر ذمہ داری کامظاہرہ کرنے اورمختلف رکاوٹوں اور اپنی کمزوریوں کی وجہ سے حوصلہ ہارنے والے نوجوانوں کو ایک پیغام دیا ہے۔

سید ارباز قریشی کے والد جناب سید یٰسین قریشی (ایس وائی قریشی) جوائنٹ کمشنر، ایکسائز ڈپارٹمنٹ،حکومت تلنگانہ۔

سید ارباز قریشی کوڑنگل میں 1980-1990 کے دوران بحیثیت آر ایم پی ڈاکٹرغریبوں اور مستحقین کا علاج و معالجہ اور ان کی بے لوث خدمت کرنے والے گاندھیائی ڈاکٹر جلال الدین قریشی مرحوم کے پوتے ہیں۔جنہوں نے 1984ء میں حلقہ اسمبلی کوڑنگل سے بحیثیت آزاد امیدوار اور 1989ء میں بی ایس پی پارٹی امیدوار کے طور پر انتخابات میں مقابلہ کیا تھا۔

دستیاب اطلاعات کے مطابق ڈاکٹر جلال الدین قریشی کے تین فرزندان تعلیم حاصل کرنے کی غرض سے حیدرآباد منتقل ہوئے ان کے بڑے فرزند نے سرکاری ملازمت حاصل کی جبکہ دوسرے فرزند نے ڈاکٹر کی تعلیم مکمل ہونے کے بعد امریکہ منتقل ہوگئے اور وہاں خدمات انجام دے رہے ہیں۔وہیں تیسرے فرزند حیدرآباد میں بزنس میان ہیں۔

یہ بھی پڑھیں "

پروین شاکر کے 72 ویں یوم پیدائش پر علامہ اعجاز فرخ کا خصوصی مضمون

مدھیہ پردیش میں تین کمسن بچوں کو جئے شری رام کا نعرہ لگانے پر مجبور کیا گیا، چپل سے بے تحاشہ پٹائی کرنے والا گرفتار، دوسرا فرار