وقارآبادضلع: پدیمول منڈل میں گنے کے کھیت اور کسان کے مکان سے دو کلو گانجہ ضبط

وقارآبادضلع: پدیمول منڈل میں گنے کے کھیت اور کسان کے مکان سے دو کلو گانجہ ضبط
فصلوں کے ساتھ گانجہ کی کاشت کے خلاف سخت کارروائی کاسرکل انسپکٹر آبکاری نے دیا انتباہ

وقارآباد/تانڈور: 13۔اکتوبر (سحرنیوزڈاٹ کام)

گانجہ سمیت دیگر نشیلی اشیاء کی منتقلی،سپلائی اور استعمال کے خلاف سرکاری عہدیدار کارروائیوں میں مصروف ہیں لیکن یہ گورکھ دھندہ نوجوان نسل کو کھوکھلا کرتا جارہا ہے۔

وقارآبادضلع کے حلقہ اسمبلی تانڈور میں موجود پدیمول منڈل کے موضع رچا کٹہ تانڈہ کے ایک گنے کے کھیت میں آج صبح سرکل انسپکٹر محکمہ آبکاری تانڈور توکیا نائیک کی قیادت میں آبکاری کے عہدیداروں نے دھاوہ منظم کرتے ہوئے گنے کی فصل کے ساتھ اگائے جارہے گانجہ کے پودوں کو ضبط کرلیا اور ساتھ ہی اس کھیت کے مالک کے مکان کی تلاشی کے دؤران ایک کلو خشک گانجہ ضبط کرلیا کھیت کا مالک فرار بتایا گیا ہے۔

سرکل انسپکٹر محکمہ آبکاری تانڈور توکیا نائیک کے مطابق مصدقہ اطلاع کے بعد آج محکمہ آبکاری تانڈور کے عہدیداروں کی ٹیم نے موضع رچاکٹہ تانڈہ کے ساکن پھول سنگھ ولد پوری نائیک کی سروے نمبر 347۔اے کی زرعی اراضی جس میں گنے کی فصل اگائی گئی ہے پر دھاوہ منظم کیا جہاں گنے کے ساتھ دو 6 فیٹ طویل گانجہ کے پودے زیر کاشت تھے جنہیں ضبط کرلیا گیا۔

اس کے فوری بعد اس کھیت کے مالک کسان کے مکان کی تلاشی لی گئی تو وہاں سے ایک کلو خشک گانجہ برآمد ہوا اسے بھی محکمہ آبکاری کے عہدیداروں نے ضبط کرلیا اس طرح اس کسان کے کھیت اور مکان سے دو کلو گانجہ ضبط کرلیا گیا ہے۔

سرکل انسپکٹر محکمہ آبکاری تانڈور توکیا نائیک نے بتایا کہ ملزم پھول سنگھ مفرور ہے اور اس کے خلاف ایک کیس درج رجسٹر کرکے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں اور اس کی تلاش جاری ہے۔

سرکل انسپکٹر محکمہ آبکاری تانڈور توکیا نائیک نے کسانوں کو یہ انتباہ دیا ہے کہ دیگر فصلوں کے ساتھ گانجہ کی کاشت کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

آج کسان کے کھیت اور مکان پر منظم کیے گئے ان دھاوؤں میں سب انسپکٹر محکمہ آبکاری چندرا کانت ریڈی کے علاوہ محکمہ آبکاری کے پولیس جوانوں کشور،رمیش ، مہیش ،بھیمیا اور دیگر نے حصہ لیا۔