بہار کے گیا میں ریلوے امتحان کے خلاف احتجاج، ٹرین کے ڈبے کو آگ لگا دی گئی

بہار کے گیا میں ریلوے امتحان کے خلاف احتجاج
 ٹرین کے ڈبے کو آگ لگا دی گئی

پٹنہ/گیا: 26۔جنوری(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)

ریلوے ریکروٹمنٹ بورڈ (ریلوےبھرتی بورڈ) کے نان ٹیکنیکل پاپولر کیٹیگریز کے مقابلہ جاتی امتحانات کے خلاف احتجاج مسلسل تیسرے دن بھی جاری رہا۔مشتعل طلباء نے آج گیا میں ٹرین کے ایک ڈبے کو آگ لگا دی۔مظاہرین نے مبینہ طور پر جہان آباد میں پولیس پر پتھراؤ کیا اور بھاگلپور میں ٹرینوں کی آمد و رفت میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی۔

https://twitter.com/ShyamMeeraSingh/status/1486263787606790144

گیا میں جب پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش کی تو ان میں سے کچھ احتجاجیوں نے ٹرین کے ایک ڈبے کو آگ لگا دی۔ اس وقت ٹرین اسٹیشن میں خالی کھڑی ہوئی تھی جس میں مسافر موجود نہیں تھے اور اس واقعہ میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔ قبل ازیں منگل کو بھی ان احتجاجی طلباء نے بہار کے آرا میں ٹرین کے ایک ڈبے کو نذر آتش کر دیا تھا۔

اس احتجاج کے درمیان وزارت ریلوے نے اپنی بھرتی مہم کو روکنے کا فیصلہ کیا ہے اور ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو مظاہرین سے بات کرے گی۔

وزیر ریلوے اشونی ویشنو کے حوالے سے خبر رساں ایجنسی اے این آئی نے اطلاع دی ہے کہ تمام ریلوے ریکروٹمنٹ بورڈ کے چیئرمینوں سے کہا گیا ہے کہ وہ طلباء کے خدشات کو سنیں اور ایک تفصیلی رپورٹ کمیٹی کو بھیجیں۔اس مقصد کے لیے ایک ای میل ایڈریس ترتیب دیا گیا ہے۔یہ کمیٹی ملک کے مختلف حصوں میں جائے گی اور شکایات کی سماعت کرے گی۔”

گیا کے اس واقعہ کے بعد سابق صدر کل ہند کانگریس و رکن پارلیمان راہول گاندھی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ”اسٹوڈنٹس! آپ ملک اور اپنے خاندان کی امید ہیں،بی جے پی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف اور سچائی کے حق میں میں آپ کے ساتھ ہوں اور رہوں گا۔ لیکن تشدد ہمارا راستہ نہیں ہے۔اگر آپ عدم تشدد پرمشتمل احتجاج سے آزادی لے سکتے ہیں تو آپ کا حق کیوں نہیں؟”نہ خوف،نہ تشدد”

دوسری جانب آج ان احتجاجی طلبہ نے یوم جمہوریہ کے موقع پر ٹرین کے سامنے ریل کی پٹریوں پر قومی پرچم کشائی انجام دیتے ہوئے قومی ترانہ گایا تھا۔اس ویڈیو کو ٹوئٹر پر پوسٹ کرتے ہوئے راہول گاندھی نے لکھا تھا کہ”حقوق کے لیے آواز اٹھانے کے لیے ہر نوجوان آزاد ہے۔جو بھول گئے ہیں انہیں یاد دلادو کہ بھارت ایک جمہوری ملک تھا اور ہے”۔