تلنگانہ میں منشیات کی لعنت کو مکمل طور پرختم کرنے کے اقدامات کیے جائیں: چیف منسٹر چندراشیکھرراؤ کی ہدایت

تلنگانہ میں منشیات کی لعنت کو مکمل طور پرختم کرنے کے اقدامات کیے جائیں
مجرم کتنے ہی با اثر اور طاقتور کیوں نہ ہوں بخشا نہ جائے
28 جنوری کو کانفرنس کا انعقاد،چیف منسٹر چندراشیکھرراؤ کی ہدایت

حیدرآباد: 26۔جنوری(سحرنیوزڈاٹ کام)

چیف منسٹر تلنگانہ کے۔چندرشیکھر راؤ نے متعلقہ محکمہ جات اور عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ نشہ آور ادویات (منشیات) کےاستعمال کے خلاف سخت کارروائی کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ریاست سے منشیات کے استعمال کا مکمل طور پر خاتمہ ہوجائے۔

چیف منسٹر نے 28 جنوری،بروز جمعہ کو حیدرآباد کے پرگتی بھون میں” اسٹیٹ پولیس اینڈ ایکسائز کانفرنس”کے عنوان سے ایک کانفرنس کا انعقاد عمل میں لانے کا فیصلہ کیا ہے۔تاکہ ریاست میں منشیات کے غیرقانونی کاروبار اور استعمال پر قابو پایا جاسکے اور ریاست سے منشیات کے خاتمہ کے ضمن میں مناسب اقدامات کئے جاسکیں۔

چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ کی صدارت میں منعقد کی جانے والی”اسٹیٹ پولیس اینڈ ایکسائز کانفرنس”میں ریاستی وزیر داخلہ محمدمحمودعلی، وزیر آبکاری سرینواس گوڑ،، چیف سکریٹری سومیش کمار،،ڈی جی پی ڈاکٹر ایم۔مہندرریڈی،ڈائریکٹرجنرلس،تمام اضلاع کے کمشنران پولیس،ایس پیز، ڈی سی پیز اور محکمہ آبکاری کے ایس پیز کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران شرکت کریں گے۔

اس کانفرنس میں منشیات کے استعمال کی روک تھام اور اس کے خاتمے کے لیے کیے جانے والے اقدامات اور رہنمایانہ اصولوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا اور اُنہیں قطیعت دی جائے گی۔

اس تناظر میں پولیس اور محکمہ ایکسائز کو مزید مستعدی سے منشیات کے خاتمہ کے لیے کارروائی کرنے کی ہدایت دی جائے گی۔

آج 26 جنوری کو پرگتی بھون میں چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ نے ریاستی چیف سکریٹری مسٹر سومیش کمار،ڈی جی پی مسٹر ایم۔مہندر ریڈی اور پولیس کمشنر حیدرآباد سٹی پولیس مسٹر سی وی آنند کے ساتھ منشیات کے کاروبار اور استعمال پر قابو پانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے موضوع پر ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا۔اس جائزہ اجلاس میں چیف منسٹر آفس کے اعلیٰ عہدیداروں اور دیگر نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ نے کہا کہ” منشیات کے مقدمات میں مجرم چاہے کتنے ہی با اثر اور طاقتور کیوں نہ ہوں اُنہیں سزا ملنی چاہئے اور ہدایت دی کہ اس خصوص میں درکار اقدامات پرسختی کے ساتھ عمل آوری کے لیے ایک خصوصی ایکشن پلان تیار کیا جائے”۔

چیف منسٹر نے اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کو ہدایت دی کہ وہ محکمہ پولیس میں ایک خصوصی نارکوٹکس اینڈ آرگنائزڈ کرائم کنٹرول سیل (کاؤنٹر انٹیلیجنس سیل) تشکیل دیں جو 1000 ارکان پرمشتمل ہو۔ مذکورہ اسپیشل سیل ڈی جی پی کے ماتحت کام کرے گا اور یہ سیل منشیات کے استعمال و نیز منظم جرائم کے خلاف سخت اقدامات کرنے کے فرائض انجام دے گا۔