نیپال سے پرواز کرنے والا لاپتہ طیارہ پہاڑی علاقہ میں حادثہ کا شکار
سہ رکنی عملہ کے بشمول 22 مسافرین میں چار ہندوستانی بھی شامل
فوج اور بچاؤ ٹیمیں ہیلی کاپٹرز کے ذریعہ جائے مقام پر پہنچ گئیں
کھٹمنڈو/نئی دہلی: 29۔مئی(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)
نیپال کی تارا ایر لائنس Tara Air کی ملکیت دو انجنوں والا طیارہ حادثہ کا شکار ہوا ہے۔مقامی ذرائع کاکہناہے کہ یہ طیارہ نیپال کے مستانگ میں لارجنگ کی لامچے ندی کے قریب حادثہ کا شکار ہوا۔حادثہ کی وجہ موسم کی خرابی بتائی جارہی ہے۔!!
مقامی افراد کی اطلاع کے فوری بعد بچاؤ اور راحتی کاموں کے لیے جائے مقام پر فوجی ہیلی کاپٹرز روانہ کردئیے گئے ہیں لیکن خراب موسم کے باعث فوج اور پولیس وہاں نہیں پہنچ پارہی ہے کیونکہ اس مقام تک زمینی راستہ سے پہنچنا مشکل ہے۔اب تک عہدیداروں کے ذریعہ موصولہ اطلاعات کے مطابق اس بدنصیب طیارہ میں جملہ 22 مسافر سوار ہیں جن میں 19 مسافرین کے علاوہ تین رکنی طیارہ کا عملہ شامل ہے۔اور یہ طیارہ پوکھارا شہر سے پہاڑوں سے گھرے شہر جوم سوم کی جانب پروازکررہاتھا۔
اس طیارہ سے 35-10 بجے صبح ایرکنٹرول ٹاور سے اس کا رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔پوکھارا سے جومیسم کے لیے پرواز کرنے والے اس طیارہ میں جملہ 19 مسافرین سوار ہیں جن میں سے 13 مسافرین کا تعلق نیپال سے،چار مسافرین کا تعلق ہندوستان(ممبئی) سے اور دو مسافرین کا تعلق جاپان سے ہے۔
ابتدائی اطلاعات میں بتایا جارہا ہے کہ حادثہ کے شکار اس طیارہ کے ملبہ میں آگ کے شعلے دیکھے گئے ہیں۔اسی طرح جوم سیم ایرپورٹ اتھارٹی نے بھی انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے بھاری دھماکہ کی آواز سنی ہے جس کی اطلاع پولیس کو دی گئی تھی۔

اس بدنصیب حادثہ کے شکار طیارہ میں جن چار ہندوستانی مسافرین کے سوار ہونے کی اطلاع ہے ان کا تعلق ممبئی سے اور ایک ہی خاندان سے بتایا گیا ہے۔تارا ایر کی جانب سےجاری کردہ مسافرین کی فہرست کےمطابق ممبئی کے ساکن ان مسافرین کی شناخت اشوک کمار ترپاٹھی، دھنش ترپاٹھی،رتیکا ترپاٹھی اور وئیبھوی ترپاٹھی کی حیثیت سے کی گئی ہے۔
تارا ایر کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق اس حادثہ کے شکار طیارہ میں جملہ 22 افراد سوار ہیں۔جن میں 19 مسافر اور اس طیارہ کے پائلٹ کیپٹن پربھاکر پرساد گھیمیرے،معاون پائلٹ ایٹاسا پوکھاریل اور ایک ایر ہوسٹس قاسمی تھاپا شامل ہیں۔
میڈیا اطلاعات کے مطابق فوجی ہیلی کاپٹر جائے حادثہ سے قریب لینڈ کرچکے ہیں،بچاؤ ٹیمیں اور فوجی حادثہ کا شکار اس طیارہ تک پہنچ رہے ہیں۔تمام مسافرین کے محفوظ رہنے کی دعائیں کی جارہی ہیں۔
تاہم اس سلسلہ میں اب تک کسی کی بھی ہلاکت یاتمام مسافرین کے محفوظ رہنے یا زخمی ہونے کی سرکاری طور پرتصدیق نہیں کی گئی ہے نیپال میں موجود انڈین ایمبیسی نے ایمرجنسی ہاٹ لائن نمبر9851107021-977+ جاری کیا ہے۔اس سلسلہ میں مزید تفصیلات کا انتظار ہے
https://www.youtube.com/watch?v=dTs6kPCmRoQ

