تلنگانہ انٹرمیڈیٹ سیکنڈ ایئر کے نتائج جاری، تمام طلبہ کامیاب

تلنگانہ انٹرمیڈیٹ سیکنڈ ایئر کے نتائج جاری،تمام طلبہ کامیاب

حیدرآباد:28۔جون(سحرنیوزڈاٹ کام)

تلنگانہ انٹرمیڈیٹ سیکنڈ ایئر کے نتائج آج ریاستی وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندراریڈی نے جاری کردئیے۔

وزیرتعلیم نے بتایا کہ سالانہ امتحانات میں شرکت کی غرض سے امتحانی فیس ادا کرنے والے 4,51,585 طلبا اور طالبات کو کامیاب قراردیا گیا ہے۔

جن میں 2,28754 لڑکیاں اور 2,22,831 لڑکے ہیں۔

File Photo:

ان میں سے 1,76,719 طلبہ نے اے گریڈ، 1,04,886 طلبہ نے بی گریڈ ، 61,887 طلبہ نے سی گریڈ اور 1,08,093 طلبہ نے ڈی گریڈ حاصل کیے ہیں۔

ریاستی وزیرتعلیم پی۔ سبیتا اندراریڈی نے بتایا کہ سالانہ امتحانات میں شرکت کرنے کی غرض سے فیس داخل کرنے والے تمام طلباء اور طالبات کامیاب ہوئے ہیں۔گزشتہ سال انٹرمیڈیٹ سال اول میں طلبہ کی جانب سے حاصل کیے گئے نشانات کی بنیاد پر انٹرمیڈیٹ سیکنڈ ایئر کے نتائج جاری کیے گئے ہیں۔

پراکٹیکل امتحانات کے طلبہ کو صد فیصد نشانات دئیے گئے ہیں۔ گزشتہ سال جن طلبہ کو کامیابی کے لیے درکار نشانات حاصل نہیں ہوپائے تھے اور جنہوں نے خانگی کالجس سے امتحانات میں شرکت کی غرض سے فیس داخل کی تھی انہیں کامیابی کے 35 فیصد نشانات دئیے گئے ہیں۔

آج کامیاب قرار دئیے گئے انٹرمیڈیٹ سیکنڈ ایئر کے طلبہ اپنے نتائج

tsbie.cgg.gov.in ، examresults.ts.nic.in ، results.cgg.gov.in

ویب سائٹس سے حاصل کرسکتے ہیں۔

ان ویب سائٹس کے ذریعہ طلبہ انٹرمیڈیٹ سال اول کے ہال ٹکٹ نمبر کے ذریعہ جاریہ انٹرمیڈیٹ سیکنڈ ایئر کے نتائج حاصل کرسکتے ہیں۔اور ماضی میں ناکام ہونے والے طلبہ بھی اپنی قدیم ہال ٹکٹ کے ذریعہ نشانات معلوم کرسکتے ہیں۔

ریاستی وزیرتعلیم پی۔ سبیتا اندراریڈی نے بتایا کہ ان نتائج اور حاصل شدہ نشانات سے غیر مطمئین طلباء اور طالبات کے لیے کورونا وائرس کی وباء کے بعد حالات سازگار ہونے پر ان کے لیے خصوصی طورپر امتحانات کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا۔

انٹرمیڈیٹ کے میمو میں غلطیاں پائی جائیں تو ان کی درستگی کے لیے طلباء اور طالبات ساڑھے نو بجے صبح تا شام ساڑھے پانچ بجے کے درمیان  040-24600110 پر شکایت درج کرواسکتے ہیں۔

یاد رہے کہ ریاست میں کورونا وائرس کی وباء کی شدت کے باعث حکومت تلنگانہ نے امتحانات کی منسوخی کا اعلان کیا تھا۔