تلنگانہ میں یکم جولائی سے کے جی تا پی جی آن لائن کلاسیس،حکومت کا فیصلہ
وزیراعلیٰ کے سی آر کے فیصلہ کے بعد وزیرتعلیم سبیتا اندرا ریڈی کا اعلان
حیدرآباد :28۔جون(سحرنیوزڈاٹ کام)
آج پیر کے دن ریاستی وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندرا ریڈی نے اعلان کیا ہے کہ حکومت نے ریاست میں یکم جولائی سے کے جی تا پی جی آن لائن کلاسیس چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے ریاستی وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندراریڈی نے اعلان کیا ہے کہ طلبہ کی صحت کو دھیان میں رکھتے ہوئے وزیر اعلیٰ کے سی آر نے ہدایت جاری کی ہے کہ یکم جولائی سے آن لائن کلاسیس کا نظم کیا جائے۔ریاستی وزیر تعلیم نے کہا کہ ” سیٹس ” سے متعلق تواریخ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔اور قبل ازیں اعلان کردہ تواریخ کے تحت ہی داخلہ امتحانات منعقد ہونگے۔
وزیر تعلیم پی۔سبیتااندرا ریڈی نے کہا کہ غیر ممالک جانے والے طلبہ کیلئے منعقد کیے جانے والے امتحانات ماہ جولائی میں طئے شدہ تواریخ پر ہی ہونگے انہوں نے واضح کیا کہ یہ امتحانات منسوخ نہیں ہونگے۔
ریاستی وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندرا ریڈی نے واضح کیا کہ آن لائن کلاسیس کے دؤران 50 فیصد اساتذہ کو ہی خدمات پر رجوع ہونگے اور ایک دن کے وقفہ کے ذریعہ اساتذہ کو تعلیمی اداروں میں حاضر ہونا ہوگا اس سے متعلق جی او جلد ہی جاری کیا جائے گا۔
ساتھ ہی وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ خانگی تعلیمی اداروں کیلئے لازمی ہوگا کہ وہ جی او 46 پر عمل کریں اور طلبہ سے ماہانہ کی اساس پر صرف ٹیوشن فیس ہی وصول کی جائے۔
یاد رہے کہ حکومت تلنگانہ نے 21 جون سے لاک ڈاؤن کی مکمل برخواستگی کے ساتھ یکم جولائی سے ریاست میں تعلیمی اداروں کی کشادگی کا فیصلہ کیا تھااس سلسلہ میں تجسس قائم تھا کہ کورونا وائرس کی جاریہ وباء اور پھر کورونا وائرس کی تیسری لہر کی اطلاعات اور پیش قیاسیوں کے درمیان تعلیمی اداروں کے اؤقات کار کیا ہوں گے؟
ساتھ ہی گزشتہ دنوں ٹیچرس کی تنظیم پی آر ٹی یو ٹی ایس نے بھی وزیر تعلیم سبیتا اندراریڈی کے ساتھ وزیر اعلیٰ کے سی آر سے ملاقات کرتے ہوئے ایک یادداشت حوالے کی تھی اور مطالبہ کیا تھا کہ یکم جولائی سے تعلیمی اداروں کی کشادگی کے فیصلہ کو ملتوی کیا جائے۔ ساتھ ہی طلبہ کے سرپرستوں میں بھی اندیشے پیدا ہوگئے تھے۔
قبل ازیں وزیر تعلیم نے محکمہ تعلیمات کے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔