سیکریٹریٹ کی مساجد کا سنگِ بنیاد چند دنوں کیلئے ملتوی،مساجد،مندر اور چرچ کا سنگِ بنیاد ایک ساتھ رکھا جائے گا: وزیرداخلہ کا بیان

ریاستی خبریں

تلنگانہ سیکریٹریٹ کی مساجد کا سنگ بنیاد چند دنوں کیلئے ملتوی

مساجد،مندر اور چرچ کا سنگِ بنیاد ایک ساتھ رکھا جائے گا، ریاستی وزیر داخلہ محمدمحمود علی کابیان

حیدرآباد :28۔جون(سحرنیوزڈاٹ کام/پریس نوٹ)

ریاستی وزیر داخلہ محمدمحمود علی نے آج ریاستی وزیر برائے اقلیتی امور کوپولہ ایشور سے ملاقات کی اور مختلف اقلیتی امور پر تبادلہ خیال کیا۔جس کے بعد دفتر وزیر داخلہ سے جاری کردہ پریس نوٹ میں بتایا گیا ہے کہ وزیر داخلہ محمدمحمود علی نے کہا ہے کہ حکومت تلنگانہ تمام اقلیتی مسائل کو حل کرنے کیلئے سنجیدہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ 300 مسلم اقلیتوں کو ڈرائیور ایمپاورمنٹ اسکیم کے تحت اعلان کردہ کاروں کو اندرون ایک ہفتہ منتخبہ امیدواروں کے حوالے کیا جائے گا۔وزیر داخلہ نے کہا ہےکہ ان گاڑیوں کی رقم کی اقساط قبل از وقت ادا کرنے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ گاڑیاں حوالے کیے جانے کے بعد ہی ماہانہ اقساط ادا کی جائیں۔

وزیر داخلہ محمدمحمود علی نے کہاہے کہ انیس الغرباء کے نامکمل تعمیراتی کام اور جہانگیر پیر درگاہ کےکام بھی جلد ہی شروع کئے جائیں گے۔ جہانگیر پیر درگاہ کے کاموں کے متعلق وزیر داخلہ نے کلکٹرضلع رنگا ریڈی سے بھی بات کی ہے جس پر ضلع کلکٹر نے بتایاکہ پانچ ایکڑ اراضی کا حصول باقی ہے اور جیسے ہی اراضی حاصل ہوگی فوری کاموں کا آغا زکیاجاسکتا ہے۔

علاوہ ازیں دیگر وظائف کی طرح آئمہ و موذنین کے مشاہرہ کو بھی گرین چیانل میں رکھنے کی تجویز پیش کی گئی تاکہ آئمہ و موذنین کو بھی ہر ماہ پابندی کے ساتھ مشاہرہ حاصل ہو سکے جس پر وزیر اقلیتی بہبود نے مثبت جواب دیاہے۔وزیر داخلہ محمدمحمود علی نے کہا ہےکہ حکومت تلنگانہ اقلیتوں کے تمام ادھورے کام فوری طور پرمکمل کرے گی۔

وزیرداخلہ نے سکر یٹریٹ مساجد کے سنگ بنیاد کے متعلق کہا ہے کہ حکومت تلنگانہ مساجد کی تعمیرات کی پابند ہے اور اعلیٰ پیمانے پر بہت ہی خوبصورت اور شاندار مساجد تعمیر کی جائیں گی جس کے لیے حال ہی میں حکومت تلنگانہ نے مساجد کے نقشوں کو منظوری بھی دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مساجد کے نقشوں کی اجرائی کے وقت اعلان کیا گیا تھا کہ اس ماہ کے اواخر تک دونوں مساجد کا سنگِ بنیاد رکھا جائے گا تاہم تمام ریاستی وزراء کی رائے ہے کہ مساجد کے سنگِ بنیاد کے ساتھ ساتھ مندر اور چرچ کا سنگِ بنیاد بھی رکھا جائے تو مناسب رہے گا۔لہذا دوسروں کے مذہبی جذبات کا احترام کرتے ہوئے مساجد کے سنگ بنیاد کو چند دنوں کے لیے ملتوی کیا جارہا ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ سکریٹریٹ کی مندر اور چرچ کے نقشے تیاری کے مرحلہ میں ہیں اورجلد ہی اس کام کومکمل کر لیا جائے گا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ جیسے ہی مندر اور چرچ کا نقشہ مکمل ہوگا،سکریٹریٹ میں بیک وقت مساجد،مندر اور چرچ کا سنگِ بنیا د رکھا جائے گا۔

وزیر داخلہ محمدمحمود علی نے کہا ہے کہ سکریٹریٹ کی مساجد کی تعمیر کے تعلق سے وزیراعلیٰ کے۔ چندراشیکھر راؤ سنجیدہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت تلنگانہ نے عوام سے وعدہ کیاتھا کہ سکریٹریٹ کے افتتاح سے قبل مساجد کی تعمیر کی جائے گی اس کو پورا کیا جائے گا۔سکریٹریٹ کی مساجد، مندر اور چرچ کے افتتاح کے بعد ہی سکریٹریٹ کی عمارت کا افتا ح کیا جائے گا۔

آخر میں کہا گیا ہے کہ اقلیتی مسائل پر بہت جلد ایک اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیاجائے گا جس میں تمام امور پر سیر حاصل بحث کی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے