مرکزی حکومت کی آیوش مان بھارت اسکیم میں شامل ہونے حکومت تلنگانہ کا اہم فیصلہ
کیا کوویڈ متاثرین کے علاج کوبھی اب آروگیہ شری اسکیم میں شامل کیا جائے گا؟
حیدرآباد :18۔مئی(سحر نیوزڈاٹ کام)
مرکزی حکومت کی جانب سے چلائی جارہی آیوش مان بھارت (پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا) میں شامل ہونے کا وزیراعلیٰ تلنگانہ کے۔چندراشیکھر راؤ نے اہم فیصلہ کیا ہے۔اور اس سلسلہ میں ریاستی محکمہ صحت و طبابت کی جانب سے نیشنل ہیلتھ اتھارٹی کیساتھ ایک اہم معاہدہ بھی کرلیا ہے۔
جس کے بعد ریاستی محکمہ صحت و طبابت کے عہدیداروں نے ریاست تلگانہ میں آیوش مان بھارت اسکیم پر ریاست میں عمل آوری کیلئے منصوبہ بندی کررہی ہے۔!

وزیراعلیٰ کے۔چندراشیکھر راؤ نے محکمہ صحت و طبابت کے عہدیداروں کو اس سے متعلق قواعد اور ضوابط طئے کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے ریاستی عوام کو طبی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے۔
اس سلسلہ میں آج پرنسپل سیکریٹری ریاستی محکمہ صحت وطبابت جناب سید علی مرتضیٰ رضوی آئی اے ایس ریاستی آروگیہ شری ہیلتھ کیئر ٹرسٹ کو ایک مکتوب جاری کرتے ہوئے اس پر عمل آوری کی ہدایت دی ہے۔

مرکزی حکومت کی آیوش مان بھارت اسکیم سے ریاست میں جاری آروگیہ شری اسکیم سے جوڑے جانے کے بعد یہ امکانات پیدا ہوگئے ہیں کہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے غریب طبقات کو اب آروگیہ شری کارڈ پر کورونا وائرس کے علاج کے اقدامات بھی کیے جاسکتے ہیں؟ تاہم سرکاری طور پر ایسا کوئی اعلان نہیں کیا گیا ہے!!
اگر ریاستی حکومت ایسا فیصلہ کرتی ہے تو یقیناً یہ ان لاکھوں غریب اور مستحق افراد کیلئے ایک نعمت ثابت ہو گا جو آروگیہ شری کارڈ کے حامل ہیں اور اپنا مختلف علاج کارپوریٹ ہسپتالوں میں مفت کرواتے ہیں!
یاد رہے کہ چار دن قبل ریاستی وزیر آئی ٹی و بلدی نظم و نسق کے۔ تارک راما راؤ کی جانب سے ٹوئٹر پر لائیو سوالات اور جوابات کے پروگرام میں متعدد افراد نے ان سے اپیل کی تھی کہ آروگیہ شری کارڈ کے تحت کورونا وائرس کے متاثرین کا علاج کیا جائے تو ریاست کے غریب طبقہ کو راحت نصیب ہوگی !
جس پر ریاستی وزیر آئی ٹی و بلدی نظم و نسق کے۔ تارک راما راؤ نے تیقن دیا تھا کہ وہ اس معاملہ کو ریاستی وزیر اعلیٰ کے۔ چندراشیکھر راؤ سے رجوع کریں گے۔
