تلنگانہ میں 30 مئی تک لاک ڈاؤن میں توسیع،حکومت کا اچانک فیصلہ
حیدرآباد : 18۔مئی(سحر نیوزڈاٹ کام)
ریاست تلنگانہ میں نافذ العمل لاک ڈاؤن میں 30 مئی بروز اتوار تک توسیع دینے کا چیف منسٹر تلنگانہ کے۔ چندراشیکھر راؤ نے آج اعلان کیا ہے۔

چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤنے اپنے کابینی وزراء سے فون پر بات کرتے ہوئے لاک ڈاؤن کے متعلق انکے خیالات سے واقفیت حاصل کرنے کے بعد آج منگل 18 مئی کی شام دیر گئے چیف منسٹر تلنگانہ کے۔ چندراشیکھر راؤ نے اعلان کیا کہ ریاست میں جاری لاک ڈاؤن کو اب 30 مئی تک توسیع دی جائے گی۔
ساتھ ہی چیف منسٹر نے کہا کہ لاک ڈاؤن میں توسیع سے ریاست کی معیشت پر اثر پڑے گا لیکن عوامی صحت اور عوام کے تحفظ سے بڑھ کر کوئی بھی چیز اہم نہیں ہے۔

تاہم 12 مئی سے ریاست میں جاری لاک ڈاؤن کے دؤران صبح 6 بجے سے 10 بجے دن تک عوام کو اشیائے ضروریہ کی خریداری کیلئے چار گھنٹوں کا وقفہ دیا جارہا ہے تاہم انہی اؤقات کی برقراری یا پھر ان میں اضافہ سے متعلق ابھی کچھ واضح نہیں ہوا ہے۔
اس سلسلہ میں چیف منسٹر تلنگانہ کے۔ چندراشیکھرراؤ نے نے ریاستی چیف سیکریٹری سومیش کمار کو ایک جی او جاری کرنے کی ہدایت دی ہے۔
ریاستی وزراء کوویڈ حالات پر نظر رکھنے اور طبی سہولتوں کو مزید بہتر بنانے کی غرض سے اضلاع میں مصروف ہیں جس کے باعث لاک ڈاؤن کی برقراری یا اسے ختم کرنے کی غرض سے 20 مئی کو ہونے والی کابینہ کی میٹنگ کو منسوخ کردیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ ریاست تلنگانہ میں بڑھتے کوویڈ معاملات کے پیش نظر 20 اپریل سے رات کا کرفیو نافذ کیا گیا تھا جس میں دومرتبہ توسیع کی گئی بعد ازاں 11 مئی کو ریاستی کابینہ کے اجلاس میں چیف منسٹر تلنگانہ کے۔چندراشیکھرراؤ نے 12 مئی سے ریاست میں دس روزہ مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا جس پر 12 مئی سے 22 مئی کی صبح تک عمل جاری تھا کہ آج اس لاک ڈاؤن میں 30 مئی تک توسیع کا اعلان کیا گیا ہے۔

