تلنگانہ کے خانگی ہسپتالوں کوحکومت نے دی کوویڈویکسین دینے کی اجازت اور مختلف ہدایات

تلنگانہ کے خانگی ہسپتالوں کوحکومت نے دی کوویڈویکسین دینے کی اجازت اور مختلف ہدایات

حیدرآباد : 04۔مئی(سحرنیوزڈاٹ کام)

حکومت تلنگانہ نے کوروناوائرس کی بڑھتی وباء کو دیکھتے ہوئے آج ریاست کے خانگی ہسپتالوں کوبھی ویڈ ویکسین دئیے جانے کی اجازت دے دی ہے۔

45 سال کی عمر کی تکمیل کرلینے والے ایسے افراد جنہوں نے کوویڈ پورٹل پر اپنا سلاٹ بُک کروالیا ہےانہیں خانگی ہسپتال کوویڈ ویکسین دے سکتے ہیں ۔تاہم ایسے خانگی ہسپتالوں اور خانگی ویکسین سنٹرس کو حکومت ویکسین فراہم نہیں کرے گی بلکہ ایسے ہسپتالوں اور خانگی ویکسین سنٹرس کو خود ویکسین تیار کرنے والی کمپنیوں سے ویکسین خریدنا ہوگا۔

محکمہ ہیلتھ کے عہدیداروں کے مطابق ریاست کو پیر کے دن تک ” چار لاکھ کووی شیلڈ ویکسین” پہنچ چکے ہیں جبکہ منگل کے دن ریاست کو” 75 ہزار کوویکسین” کی کھیپ پہنچ چکی ہے۔جبکہ آج منگل کی رات یا کل چہارشنبہ کی صبح تک ریاست کو مزید ” ایک لاکھ 25 ہزار کوویکسین” کی کھیپ پہنچنے والی ہے۔

کورونا وائرس کے متاثرین کی بڑھتی تعداد اورچند خانگی ہسپتالوں کی جانب سے کورونامتاثرین کے مالی استحصال کے الزامات کے دؤران آج منگل کو محکمہ ہیلتھ تلنگانہ کی جانب سے ریاست کے خانگی ہسپتالوں کو مختلف ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

(File Photo)

خانگی ہسپتالوں کو جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی کورونا متاثر کا آکسیجن لیول اگر 94 فیصد سے زائد ہو تو انہیں ہوم آئسولیشن کی صلاح دی جائے اسی طرح ہسپتالوں کے داخلہ کے مقام پر ایسا ڈسپلے لگایا جائے جس پر ہسپتال میں موجود خالی بیڈس، آکسیجن بیڈس،آئی سی یو بیڈس (وینٹی لیٹرس کےساتھ)  کی تفصیلات وقفہ وقفہ سے فراہم کی جاتی رہیں۔

ساتھ ہی ایسے خانگی ہسپتالوں کو انتباہ دیا گیا ہے کہ ان کی جانب سے بناء سرکاری اجازت کوروناوائرس کے متاثرین کا علاج نہ کیا جائے ورنہ ایسے ہسپتالوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

ساتھ ہی ریاستی محکمہ ہیلتھ نے تمام خانگی ہسپتالوں کو یہ ہدایت بھی دی ہے کہ کورونا متاثرین کیساتھ انسانی ہمدردی کا مظاہر ہ کیا جائے انہیں کسی بھی طریقہ سے ہراساں اور پریشان نہ کیا جائے۔