ملک میں پہلی مرتبہ حیدرآباد زو کے 8ببر شیر کورونا وائرس سے متاثر

ریاستی خبریں

ملک میں پہلی مرتبہ حیدرآباد زو کے 8ببرشیر کوروناوائرس سے متاثر

حیدرآباد: 04۔مئی(سحرنیوزڈاٹ کام)

گزشتہ سال کوروناوائرس کی وباء کے آغازکے بعد ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن،سائنسدانوں اور ڈاکٹرس کی بڑی تعداد نے کہا تھا کہ کورونا وائرس سے جانور متاثر نہیں ہوتے اور نہ ہی جانوروں سے کوروناوائرس پھیلتا یا منتقل ہوتا ہے۔

ایسے میں حیدرآباد کے نہرو زوالوجیکل پارک کے 8 ببرشیروں کے کوروناوائرس سے متاثر ہونے کی اطلاع پریشانی کا باعث بنی ہوئی ہے اور یہ ملک کا پہلا واقعہ ہے۔

گزشتہ سال اپریل میں نیو یارک کے برونکس زو میں 8 ببر اور شیروں کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کے بعدسے جانوروں کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی کہیں سے کوئی اطلاع نہیں تھی تاہم ہانگ کانگ میں کتوں اور بلیوں کے کورونا وائرس سے متاثر پائے جانے کی اطلاعات آئی تھیں۔

حیدرآباد کے نہروزوالوجیکل پارک (حیدرآباد زو) میں 8 ایشیائی ببر شیروں میں کورونا وائرس کی علامات پائی گئی ہیں!میڈیا اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ سنٹر فار سیلولر اینڈ مالیکیولر بیالوجی (سی سی ایم بی) نامی تنظیم نے اس سے متعلق اطلاع 29 اپریل کو ہی زو انتظامیہ کو زبانی طور پر دے دی تھی!

سی سی ایم بی کا کہنا ہے کہ ان ببر شیروں کے آر ٹی پی سی آرٹسٹ کی رپورٹ پازیٹیو آئی تھی تاہم میڈیا کے بموجب زوپارک کے کیوریٹر ،ڈائرکٹر سدھانندککریٹی نے اس اطلاع کی نہ تردید کی ہے اور نہ ہی تصدیق !!

تاہم ان کا کہنا ہے کہ ان ببر شیروں میں کوویڈ کی علامات موجود ضرور ہیں لیکن انہوں نے اب تک سی سی ایم بی سے جاری آر ٹی پی سی آر ٹسٹ کی رپورٹ نہیں دیکھی ہے اور اس معاملہ میں کچھ بھی کہنا قبل ازوقت ہوگا تاہم ببر شیروں کی حالت مستحکم اور بہتر ہے۔

اطلاعات کے مطابق 24 اپریل کو حیدرآباد کے اس زو پارک میں برسر خدمت حیوانات کے ڈاکٹرس نے 40 ایکڑ ارا ضی پر موجود اس سفاری پارک میں جہاں 10 سال کی عمر کے حامل 12 ببر شیرموجود ہیں میں سے 8 ببر شیروں میں بھوک کی کمی،ناک سے مادہ کا بہنا اور ان میں کھانسی کی علامات دیکھی تھیں جن میں چار نر اور چار مادہ ببر شیر شامل ہیں۔

بتایا جاتا ہے کہ اسی واقعہ کے بعد ملک بھر میں موجود سفاری اور زوپارکس کو بند کردینے کا فیصلہ کیا گیا ہے!! میڈیا اطلاعات میں بتایا جارہا ہے کہ انسانوں کے ذریعہ ہی جانوروں میں کورونا وائرس پھیلا ہوگا!! چونکہ حیدرآباد کا نہرو زوالوجیکل پارک آبادی کے درمیان موجود ہے تو یہ انسانوں کے ذریعہ ہوا کی مدد سے ان شیر ببروں تک پہنچا ہوگا!! اور زوپارک کے عملہ کے چند افراد کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی بھی میڈیا میں اطلاعات ہیں!!
یاد رہے کہ دو دن قبل ہی حیدرآباد کے اس نہروزوالوجیکل پارک (زو) کو عوام کیلئے بند کردیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے