حکومت کی غلط حکمت عملی،موجودہ حالات میں لاک ڈاؤن ہی واحد حل : راہول گاندھی
نئی دہلی: 04۔مئی(سحرنیوزڈاٹ کام)
اب جبکہ ملک کی کئی ریاستوں میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کا قہر جاری ہے عوام بڑی تعداد میں کورونا وائرس سے متاثرہورہے ہیں اور اموات میں بھی تشویشناک اضافہ ریکارڈ کیا جارہاہے،آکسیجن اورادویات کی قلت جہاں سے بڑ امسئلہ بناہواہے ایسے میں سابق صدر کل ہند کانگریس کمیٹی و رکن پارلیمنٹ راہول گاندھی کا کہنا ہے مرکزی حکومت کی غلط حکمت عملی کے باعث ہی عوام کو موجودہ حالات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
سوشیل میڈیا کے مشہور پلیٹ فارم ٹوئٹر پر راہول گاندھی نے آج منگل کے دن ایک ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ لاک ڈاؤن ہی کوروناوائرس کی بڑھتی رفتار کو روکنے کا واحد راستہ ہے۔
راہول گاندھی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ "انہوں نے اس کی اجازت دی،اور وائرس کو اس مقام تک پہنچانے میں فعال طور پر مدد کی”جہاں اس کو روکنے کیلئے اب لاک ڈاؤن سے بہتر کوئی اور راستہ نہیں ہے۔
اپنے ٹوئٹ کے آخر میں راہول گاندھی نے لکھا ہے کہ بھارت کے خلاف جرم کیا گیا ہے!
راہول گاندھی نے اپنے ایک اور ٹوئٹ میں سوالات کرتے ہوئے لکھا ہے کہ 13,450 کروڑ سنٹرل وسٹا کیلئے
یا پھر 45 کروڑ ہندوستانیوں کے لیے کوویڈ ویکسین!
یا ایک کروڑ آکسیجن سیلنڈرس،
یا دو کروڑ خاندانوں کیلئے نیائے اسکیم کے تحت ماہانہ 6,000 روپئے!
اپنے اس ٹوئٹ کو راہول گاندھی نے اس لائن کیساتھ ختم کیا ہے کہ ” لیکن پی ایم کی انا عوام کی زندگیوں سے بڑی ہے!”

