ممتابنرجی نےلگاتار تیسری مرتبہ چیف منسٹرمغربی بنگال کی حیثیت سےحلف لیا
کولکاتا :05۔مئی(سحرنیوزڈاٹ کام)
ترنمول کانگریس سپریمو ممتابنرجی نے آج لگاتار تیسری بار چیف منسٹر مغربی بنگال کی حیثیت سے حلف لیا۔ریاستی گورنر جگدیپ دھنکڑ نے ریاستی راج بھون میں منعقد ایک سادہ تقریب میں ممتا بنرجی کو عہدہءرازداری کا حلف دلایا۔
کوویڈ کی وباء کے باعث دیگر ریاستوں کے چیف منسٹرس اوراہم قائدین کو اس تقریب حلف برداری میں مدعو نہیں کیا گیا تھا۔آج صرف ممتابنرجی نے ہی اپنے عہدہ کا حلف لیا ہے امکان ہے کہ کل 6 مئی کو ریاستی وزراءاپنے عہدوں کا حلف لیں گے!
اس تقریب حلف برداری میں آل انڈیاترنمول کانگریس کے سینئرقائدین پارتھا چٹرجی ،سبرتا مکھرجی ،سیاسی تجزیہ کارپرشانت کشور، ممتابنرجی کے بھتیجے اور پارٹی کے رکن پارلیمنٹ ابھیشیک بنرجی کے علاوہ ریاست کے اعلیٰ عہدیدار شریک تھے۔
جبکہ دعوت نامہ کے باؤجود شکست سے دوچار بی جے پی نے انتخابات کے بعد ٹی ایم سی کارکنوں کی جانب سے بی جے پی حامیوں پر حملوں کیخلاف اس تقریب حلف برداری کا بائیکا ٹ کیا۔دیگر اپوزیشن جماعتوں کے قائدین نے بھی اس تقریب میں شرکت نہیں کی
ممتابنرجی نے پہلی مرتبہ2011ء میں 30سال سے اس وقت کے بدھادیو بھٹاچاریہ کی قیادت والے برسر اقتداربائیں محاذ کو شکست دیتے ہوئے چیف منسٹر مغربی بنگال کے عہدہ پر قبضہ کیا تھا۔دوسری مرتبہ انہوں نے 2016 ءمیں منعقدہ انتخاب میں ترنمول کانگریس کی 211 نشستوں پر کامیابی کے ذریعہ دوبارہ اقتدار حاصل کیا تھا۔
اب 2021ء میں منعقدہ ریاستی اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی لاکھ کوششوں کے باؤجود ترنمول کانگریس کے 213 نشستوں پر کامیابی حاصل کرنے کے بعدممتابنرجی نے آج ہیاٹ ٹرک کے طور پر تیسری مرتبہ چیف منسٹر مغربی بنگال کی حیثیت سے شاندار واپسی کرتے ہوئے خود کو ناقابل تسخیر کی حیثیت سے پیش کردیا۔
اپنے عہدہ کا حلف لینے کے بعد چیف منسٹرمغربی بنگال ممتا بنرجی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ریاست میں کورونا وائرس پر قابو پانا اور متاثرین کو بہتر طبی سہولتوں کی فراہمی ہی ان کی اولین ترجیح ہوگی۔اور اس سلسلہ میں اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد کیا جائے گا ۔ساتھ ہی ممتابنرجی نے تمام سے اپیل کی کہ ریاست میں امن برقرار رکھیں انہوں نے انتباہ دیا کہ تشدد کو کسی بھی قیمت برداشت نہیں کیا جائے گا۔