تلنگانہ میں مکمل لاک ڈاؤن کا منصوبہ نہیں،آکسیجن اور ادویات کی کوئی قلت نہیں،حالات مکمل قابو میں
عوام ہرگز خوفزدہ یا پریشان نہ ہوں ، ریاستی چیف سیکریٹری سومیش کمار کی پریس کانفرنس
حیدرآباد:05۔مئی(سحرنیوزڈاٹ کام)
ریاست تلنگانہ میں مکمل لاک ڈاؤن کے نفاذ کے متعلق آج 6 مئی کو دوبارہ وضاحت کرتے ہوئے ریاستی چیف سیکریٹری سومیش کمارنے کہا ہے کہ ریاست میں کورونا وائرس کے پھیلاؤکو روکنے اور متاثرین کیلئے بہتر سہولتوں کی فراہمی کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کیے جارہے ہیں اور اس سلسلہ میں وزیر اعلیٰ کے سی آر چوکس ہیں جو وقفہ وقفہ سے عہدیداروں رپورٹ حاصل کررہےہیں۔

ریاستی چیف سیکریٹری سومیش کمار نے کہا کہ دیگر ریاستوں کے حالات سے ریاست تلنگانہ کا تقابل کیا جائے تو تلنگانہ میں کوروناپازیٹیوکیس کم ہیں۔
چیف سیکریٹری حکومت تلنگانہ سومیش کمارنے بی آر کے بھون میں آج میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں آکسیجن، ادویات اور اشیائے ضروریہ کی کوئی قلت نہیں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ریاست میں 62,000 آکسیجن بیڈس کی سہولت حاصل ہے اور وزیراعلیٰ نے آکسیجن بیڈس کی تعداد میں مزید اضافہ کی ہدایت دی ہےجس پرمختلف طریقوں سے اقدامات کیے جارہے ہیں اور ریاست میں کہیں بھی آکسیجن اور بیڈس کی قلت نہ ہو اس کے لیے بھی تمام انتظامات کیے جارہے ہیں۔
ریاستی چیف سیکریٹری سومیش کمار نے کہا کہ کورونا کے علاج کے معاملہ میں حیدرآباد کو ایک ہب کی حیثیت حاصل ہوگئی ہے اسی لیے کسی کو بھی کورونا سے خوفزدہ یا پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ میں کورونامتاثرین کے بہتر علاج و معالجہ کے باعث ہی دیگر ریاستوں کے متاثرین کو علاج کی غرض سے حیدرآباد لایا جارہا ہے۔ ریاستی چیف سیکریٹری سومیش کمار نے انکشاف کیا کہ ریاست کے ہسپتالوں میں دیگر ریاستوں کے کورونامتاثرین کی تعداد ہی زیادہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ مزید بہتر طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے تمام اقدامات کو یقینی بنایا جارہا ہےاور کوروناوائرس کی روک تھام کیساتھ ساتھ کورونا متاثرین کے علاج کیلئے ریاست کے ڈاکٹرس اور طبی عملہ سخت محنت کرنے میں مصروف ہیں۔
ریاستی چیف سیکریٹری سومیش کمار نے بتایا کہ اوڈیشہ سے ایک ٹینکر کے ذریعہ ریاست کو آکسیجن لانے کیلئے کم ازکم 6 دن درکار ہوتے ہیں جبکہ ایرکارگو کے ذریعہ منتقلی میں تین دن ہوتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ کیلئے روزآنہ 120 میٹرک ٹن آکسیجن کی ضرورت پڑتی ہےلیکن حکومت تلنگانہ نے احتیاطی طورپر 400 میٹرک ٹن آکسیجن کا ذخیرہ کر رکھا گیا ہے۔
چیف سیکریٹری نے کہا کہ کرناٹک اور ٹاملناڈو سے آنیوالا 40 میٹرک ٹن آکسیجن موصول نہیں ہورہا ہے انہوں نے بتایا کہ ریاست کے تمام اضلاع میں آر ٹی پی سی آر ٹسٹ لیاب کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔
ریاستی چیف سیکریٹری سومیش کمار نے زور دیکر کہا کہ کوروناوائرس کی روک تھام کیلئے جتنی رقم خرچ ہوگی اتنی رقم خرچ کرنے کیلئے حکومت تلنگانہ تیار ہے۔
ریاستی چیف سیکریٹری سومیش کمار نے کہا کہ ریاست کو موصول ہونے والے ریمیڈیسیور اور سیلنڈرس روانہ کرنے کیلئے مرکزی حکومت سے نمائندگی کی گئی ہے۔
چیف سیکریٹری نے بتایا کہ ریاست میں 11 لاکھ کوویڈ کِٹ موجود ہیں انہوں نے کہا چند افراد غیر ضروری ریمیڈیسیور انجکشن کا استعمال کررہے ہیں انہوں نے مشورہ دیا کہ کورونا وائرس کی علامات موجود ہوں تو ہی جانچ کروائی جائے۔
ریاستی چیف سیکریٹری سومیش کمار نے بتایا کہ ریاست میں اب تک 42 لاکھ سے زائد کوویڈ ویکسین دئیے جاچکے ہیں اور 45 سال سے زائد عمر کے افراد کو دئیے جانے کیلئے ویکسین موجود ہے۔
ریاستی چیف سیکریٹری سومیش کمار نے عوام کو اطمینان دلاتے ہوئے مشورہ دیا کہ وہ ہرگز پریشان یا خوفزدہ نہ ہوں ریاست میں حالات مکمل قابو میں ہیں اور جلد ہی حالات کے معمول پر آنے کا امکان ہے۔
ریاستی چیف سیکریٹری سومیش کمار نے تاسف کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سوشیل میڈیا پر پھیلائی جانے والی غیرمصدقہ اور جھوٹی افواہیں سب سے بڑا مسئلہ بنی ہوئی ہیں جو عوام کو خوفزدہ کرنے میں معاون ثابت ہورہی ہیں۔
یہاں یہ تذکرہ غیر ضروری نہ ہوگا کہ وزارت صحت کا قلمدان وزیر صحت ایٹالہ راجندر کے پاس سے اپنے پاس منتقل کرلینے کے فوری بعد ریاستی وزیر اعلیٰ کے سی آر نے ریاستی چیف سیکریٹری سومیش کمار کوخصوصی ذمہ داری تفویض کی تھی کہ وہ کوویڈ وباء کے دؤران ان تمام معاملات کی ذاتی طورپر نگرانی کریں اور وہ اس پر بہت زیادہ توجہ دیں۔
اسی دؤران آج سوشیل میڈیا بالخصوص وہاٹس اپ پر چند ناسمجھ اور مفادات حاصلہ نے ریاست میں لاک ڈاؤن اور نائٹ کرفیو میں توسیع پرمشتمل وزیراعلیٰ کے سی آر کا ایک ویڈیو وائرل کردیا ہے جو کہ گزشتہ سال کا ہے۔اس ویڈیو کے باعث ریاست میں مکمل لاک ڈاؤن اور نائیٹ کرفیو کے اؤقات میں اضافہ کے اندیشوں کو لیکر عوام میں خوف کا ماحول پیدا ہوگیا ہے!!

