آکسیجن کی قلت پر سپریم کورٹ کی مرکزی حکومت کو ڈیڈ لائن
نئی دہلی : 05۔مئی (سحرنیوزڈاٹ کام)
دہلی میں جاری آکسیجن کی قلت پر آج سپریم کورٹ نے مرکزی حکومت کو ڈیڈ لائن دیتے ہوئے دہلی کو روزآنہ 700 میٹرک ٹن آکسیجن فراہم کرنے اور اس سے متعلق منصوبہ کل 6 مئی کو ساڑھے دس بجے دن سپریم کورٹ میں داخل کرنے کی ہدایت دی ہے۔
وہیں آج دہلی کو آکسیجن کی فراہمی کے معاملہ میں مرکزی حکومت پر دہلی ہائیکورٹ کی جانب سے توہین عدالت کی کارروائی کے خلاف سپریم کورٹ نے روک لگادی ہے۔
اس معاملہ میں سالیسٹرجنرل تشار مہتہ نے سپریم کورٹ کو بتایا کہ توہین عدالت کے تحت اگر عہدیداروں کو جیل میں ڈالا گیا تو آکسیجن کی فراہمی میں مشکلات پیدا ہونگی۔
آکسیجن فراہم کرنے کے احکام کو نظر انداز کیے جانے اور اس پر عمل نہ کرنے والے عہدیداروں کو جیل بھیجنے کے دہلی ہائیکورٹ کے فیصلہ اور عہدیداروں کو خود آج عدالت میں پیش ہونے کی ہدایت کیخلاف مرکزی حکومت سپریم کورٹ سے رجوع ہوئی تھی۔
اس موقع پر سپریم کورٹ نے میونسپل کارپویشن ممبئی کی سراہنا کرتے ہوئے اس کی جانب سے کورونا وائرس کی روک تھام کےلیے کیے جارہے اقدامات پر مرکزی اور دہلی حکومت کو مشورہ دیا کہ وہ اس سلسلہ میں ممبئی میونسپل کارپوریشن کی مثال اپنے سامنے رکھیں۔
سپریم کورٹ نے ممبئی میونسپل کارپوریشن کو مبارکباد بھی دیتے ہوئے مرکزی حکومت کو مشورہ دیا کہ ممبئی میں کیے گئے اقدامات پر دہلی میں بھی عمل کرنے کی کوشش کی جائے۔
دوسری جانب دہلی میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے معاملات پر تحقیقات کے بعد سپریم کورٹ نے مرکزی حکومت کو ہدایت دی ہےکہ وہ دہلی کو روزآنہ 700 میٹرک ٹن آکسیجن کی فراہمی کو یقینی بنائے کیونکہ موجودہ طورپر فراہم کی جانے والی 550 میٹرک ٹن آکسیجن دہلی کیلئے ناکافی ہے۔