حکومت تلنگانہ کیوں لاک ڈاؤن کے نفاذ کے اقدامات نہیں کررہی ہے؟ : ہائیکورٹ
حیدرآباد :05۔مئی(سحرنیوزڈاٹ کام)
ریاستی ہائیکورٹ نے آج ریاستی حکومت سے پوچھا ہے کہ کیوں وہ کورونا وائرس کے متاثرین کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر ریاست میں لاک ڈاؤن کے نفاذ کی جانب غور نہیں کررہی ہے؟
ہائیکورٹ نے ریاست میں صرف رات کا کرفیو نافذ کرنے پر ہی اکتفا کرنے پر ریاستی حکومت پر ناراضگی کا اظہار بھی کیا۔
ریاست میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد میں اضافہ کے معاملہ پر ہائیکورٹ نے آج سماعت کی ریاستی ڈی جی پی مہندر ریڈی اور پبلک ہیلتھ آفیسر سرینواس راؤ عدالت میں پیش ہوئے تھے۔
ریاستی ہائیکورٹ نے ریاستی حکومت سے سوال کیا کہ وہ کوروناوائرس کے ٹسٹ کم کرکے کوروناوائرس کے کم کیس درج ہونے کا دعویٰ کیسے کرسکتی ہے!
جس پر پبلک ہیلتھ آفیسر سرینواس راؤ نے عدالت کو بتایا کہ ریاست میں کورونا ٹسٹنگ میں اضافہ کیا گیا ہے۔جس پر ہائیکورٹ نے کہا کہ ایک روز بھی ایک لاکھ ٹسٹ کے اعداد و شمار میں اضافہ نہیں ہوا ہے۔
ساتھ ہی ہائیکورٹ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا کہ کیوں حکومت لاک ڈاؤن کے نفاذکے اقدامات نہیں کررہی ہے!
ہائیکورٹ نے ریاستی حکومت کو ہدایت دی کہ سرکاری ہسپتالوں میں بیڈس کی تعداد اور آکسیجن ڈیٹا پرمشتمل مکمل تفصیلات ہائیکورٹ کو فراہم کی جائیں۔

