تلنگانہ کے گاڑی مالکین کے لیےرعایت شدہ چالانات کی ادائیگی میں 15اپریل تک توسیع، چیف منسٹر کی ہدایت پر وزیرداخلہ کا اعلان

تلنگانہ کے گاڑی مالکین کے لیےرعایت شدہ چالانات کی ادائیگی میں
15 اپریل تک توسیع، چیف منسٹر کی ہدایت پر وزیرداخلہ کا اعلان
اب تک دوکروڑ 40 لاکھ چالانات کی یکسوئی،250 کروڑ روپئے وصول
اس بمپر آفر سے ریاست کے 52 فیصد گاڑی مالکین نے استفادہ کیا

حیدرآباد:30۔مارچ(سحرنیوزڈاٹ کام)

تلنگانہ پولیس کی جانب سے 26 فروری کو اداشدنی ٹریفک چالانات کی رقم میں زبردست رعایت کا اعلان کرتے ہوئے ہزاروں روپیوں کے اداشدنی چالانات کی رقم کی ادائیگی کے مسئلہ پر پریشان حال گاڑی مالکین کےلیے” زبردست رعایت پر مشتمل بمپر آفر” دیا گیا تھا۔

اس رعایت کے اعلان کے بعد حیدرآباد کے تینوں پولیس کمشنریٹ کے حدود کے علاوہ ریاست بھر میں ان ادا شدنی چالانات کی وصولی کا یکم مارچ سے آغاز ہوا تھا اور اس کی قطعی تاریخ 31 مارچ مقرر کی گئی تھی۔

تاہم آج 30 مارچ کو ریاستی وزیر داخلہ جناب محمدمحمود علی کے دفتر سے جاری کردہ پریس نوٹ میں بتایا گیا ہے کہ عوامی نمائندگی اور چیف منسٹر تلنگانہ کے۔چندراشیکھرراؤ کی ہدایت پر اب ان چالات کی ادائیگی میں 15 دنوں کی توسیع کی گئی ہے۔اس طرح ریاست تلنگانہ کے گاڑی مالکین،ٹھیلہ بنڈی راں اور ماسک نہ پہننے والے افراد اپنے ادا شدنی چالانات اب 15 اپریل تک ادا کرسکتے ہیں۔

ریاستی وزیر داخلہ جناب محمدمحمود علی نے کہا ہے کہ عوام کورونا وباء کی وجہ سےمسلسل پریشانیوں کا شکار ہیں اور معاشی پریشانیوں سے دو چار ہورہے ہیں،باالخصوص غریب اور متوسط طبقے کے لوگ اس وباء سے کافی متاثر ہوئے ہیں۔ان کی پریشانیوں کودور کرنے کے مقصد سے ہی چیف منسٹر تلنگانہ کے۔چندراشیکھرراؤ نے یہ فیصلہ کیاہے کہ ریاست بھر کے عوام پر موجود اداشدنی ٹریفک چالانات میں کمی کی جائے۔ وزیر داخلہ جناب محمدمحمود علی نے کہا ہے کہ

* موٹر سائیکل،آٹو رکشہ اور ٹھیلہ بنڈی والوں کو ادا شدنی چالانات میں 75 فیصد کی چھوٹ دی گئی ہے وہ صرف 25 فیصد چالان کی رقم ادا کریں۔

* آر ٹی سی ڈرائیورز 30 فیصد چالان کی رقم کرتے ہوئے70 فیصد کی رعایت حاصل کریں۔

* لائیٹ موٹر وہیکل اور ہیوی موٹر وہیکل مالکین اور ڈرائیورز 50 چالانات کی رقم اداکریں۔

*  کورونا وبا کے دؤران قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ہوئے ماسک نہ پہننے والے افراد کو 900 روپئے کی بھاری رعایت دی گئی ہے وہ صرف 100 روپئے کا چالان ادا کریں۔

وزیر داخلہ جناب محمدمحمود علی نے کہاہے کہ ٹریفک چالانات میں پہلی مرتبہ بھاری رعایت دی گئی ہے تاکہ عوام کے بوجھ کو کم کیا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ پچھلے اسمبلی اجلاس میں عوام کو تیقن دیا گیا تھا کہ ٹریفک چالانات میں رعایت فراہم کی جائے گی جس کو پورا کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ چالانات کی رقم اس ویب سائٹ

https://echallan.tspolice.gov.in/publicview/
کے ذریعہ آن لائن ادا کی جاسکتی ہے۔یا پھر ای۔سیوا اور می۔سیوا مراکز کے ذریعہ چالانات کی رقم ادا کرسکتے ہیں۔جس کے لیے آخری تاریخ 15 اپریل طئے کی گئی ہے۔وزیر داخلہ نے عوام سے خواہش کی ہے کہ ادا شدنی ٹریفک چالانات کو ادا کرنے کے لیے اس زرین موقع سے فائدہ اٹھائیں اور اپنے چالانات کو ادا کریں۔

ریاستی وزیر داخلہ جناب محمدمحمود علی نے ریاست کے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ مسقتبل میں ٹریفک قوانین کی سختی کے ساتھ پابندی کریں،بغیرہیلمیٹ،رانگ روٹ،اوور اسپیڈ،بغیر ڈاکیومنٹ ڈرائیونگ،بغیرسیٹ بیلٹ،سگنل جمپ جیسی غلطیاں نہ کریں تاکہ حادثات اور چالانات سے وہ بھی محفوظ رہ سکیں اور دیگر افراد بھی!

دوسری جانب ریاستی وزیرداخلہ جناب محمدمحمود علی کے مطابق حکومت کی جانب سے یکم مارچ سے اداشدنی چالانات کی ادائیگی کی سہولت کے بعد سے آج تک ریاست میں عوام کی جانب سے 2 کروڑ 40 لاکھ مختلف چالانات کی ادائیگی کی گئی ہے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ ان چالانات کی جملہ رقم 840 کروڑ روپیوں پرمشتمل تھی لیکن چالانات کی ادائیگی میں بھاری رعایت کے بعد حکومت کو ان چالانات کے ذریعہ 250 کروڑ روپئے حاصل ہوئے ہیں۔

ساتھ ہی ریاستی وزیرداخلہ جناب محمدمحمود علی نے بتایا کہ ریاست بھر میں اب تک 52 فیصد گاڑی مالکین نے حکومت کے اس آفر سے استفادہ کرتے ہوئے ادا شدنی چالانات کی رقم ادا کردی ہے۔