تانڈور میں صنعتی زون کے قیام کے لیے چیف منسٹر سے نمائندگی ،اسٹون مرچنٹس کے عہدیداروں کی تقریب حلف برداری تقریب سے وزیر تعلیم کا خطاب

تانڈور میں صنعتی زون کے قیام کے لیے چیف منسٹر سے نمائندگی
اسٹون مرچنٹس ویلفیئراسوسی ایشن کے عہدیداروں کی تقریب حلف برداری تقریب
وزیرتعلیم سبیتا اندراریڈی اور رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی کا خطاب

وقارآباد/تانڈور:31۔مارچ(سحرنیوزڈاٹ کام)

ریاستی وزیرتعلیم مسز پی۔سبیتا اندراریڈی نے تیقن دیا ہے کہ ضلع وقارآباد کے تانڈور میں صنعتی زون کے قیام کےلیے تمام اقدامات کئے جائیں گے۔

وہ 30 مارچ کی رات تانڈور کے اے آر گارڈن فنکشن ہال میں منعقدہ "تانڈور اسٹون مرچنٹس ویلفیئر اسوسی ایشن”کے نومنتخب عہدیداروں کی تقریب حلف برداری سے خطاب کررہی تھیں۔جس میں رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی،نائب صدر ضلع پریشد بائنڈلہ وجئے کمار، نائب صدرنشین بلدیہ تانڈور دیپا نرسملو،صدرنشین زرعی مارکیٹ کمیٹی وٹھل نائیک کے علاوہ دیگر شریک تھے۔

اس تقریب سے اپنے خطاب میں وزیرتعلیم  وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندراریڈی نے کہا کہ تانڈور میں موجود پتھر کی صنعت کی ترقی کے لیے ان کے شوہر و سابق وزیر داخلہ متحدہ آندھراپردیش پی۔اندرا ریڈی نے کئی ایک اقدامات کئے تھے۔انہوں نے کہا کہ تانڈور میں پتھر اور سدہ کی معدنیات اور صنعتیں موجود ہیں۔

ساتھ ہی وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندراریڈی نے یہ تیقن بھی دیا کہ معدنیات میں کانکنی کے لیے حکومت کی جانب سے لیز Lease کی اجرائی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مقامی رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی اس لیز کا معاملہ اسمبلی میں بھی اٹھاچکے ہیں اور وہ مسلسل اس سلسلہ میں نمائندگیوں میں مصروف ہیں۔

وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندراریڈی نے تانڈور میں صنعتی زون کے قیام اور کانکنی کے لیے لیز کی جلد اجرائی کو یقینی بنانے کے لیے جلد ہی چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ سے موثر نمائندگی کریں گی۔انہوں نے تانڈور اسٹون مرچنٹس ویلفیئر اسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پتھر کی صنعتوں،معدنیات،مالکین اور اس میں کام کرنے والے ہزاروں مزدوروں کو درپیش مسائل کے حل کو حکومتی سطح پر نمائندگی کرتے ہوئے یقینی بنائیں گی۔

رکن اسمبلی تانڈور پائلٹ روہت ریڈی نے اس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تانڈور کی بہتر ترقی اور فضائی آلودگی کے خاتمہ کے لیے یہاں صنعتی زون کا قیام لازمی ہے۔انہوں نے کہا کہ صنعتی زون کے قیام کے لئے اراضیات کا سروے مکمل کرلیا گیا ہے۔اور فضائی آلودگی کے خاتمہ کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔

بعدازاں تانڈور اسٹون مرچنٹس ویلفیئر اسوسی ایشن کے صدر کی حیثیت سے ایم اے نعیم (افو) کو،نا ئب صدور اسٹون مرچنٹس ویلفیئر اسوسی ایشن کنچم مرلی دھر اور عبدالصمد،جنرل سیکریٹری کی حیثیت سے مرزافیاض بیگ،جوائنٹ سیکریٹریز کی حیثیت سے برج موہن بوب اورمحمد شمشاد حسین اور اے۔سنجیو کمار کو خازن کی حیثیت سے اور ساتھ ہی 11 ارکان عاملہ کو الیکشن آفیسر کے۔تپیا نے عہدوں کا ان کے حلف دلایا۔

اس موقع پر اپنی تین سالہ معیاد کی تکمیل کے بعد صدارت کے عہدہ سے سبکدوش ایم اے قیوم ( غنی بھائی )،اوم پرکاش سومانی،اے۔چندراشیکھر،محمد خورشیدحسین،سیدعبدالغفورپاشاہ،سید خسرو پاشاہ،محمد زین الدین،ایم اے ستار مجاہدی(گولکنڈہ)، محمدطاہر قریشی،باغبان کریم ،وینکٹ رام ریڈی،سیدمنظور پاشاہ،سید زبیر لالہ کے علاوہ صدرمجلس اتحادالمسلمین تانڈورعبدالہادی شہری،نائب صدرمسلم ویلفیئر اسوسی ایشن ایم اے علیم شلو،مجلسی فلورلیڈرسید ساجد علی،ارکان بلدیہ مختار ناز،محمد آصف کے بشمول ٹی آرایس،مجلس،کانگریس اور بی جے پی کے ارکان بلدیہ،مختلف تنظیموں کے نمائندوں،پتھر کی صنعت سے وابستہ صنعت کاروں کی بڑی تعداد شریک تھی۔