وزیراعلیٰ نےضلع کلکٹرس کواندرون پانچ یوم تلنگانہ کے 114 ہسپتالوں میں خصوصی طبی عملہ کے تقررات کی ہدایت دی
حیدرآباد: 25۔اپریل(سحرنیوز ڈاٹ کام)
ریاست تلنگانہ میں بڑھتے کوروناوائرس کے معاملات کے پیش نظر کوروناوائرس کے متاثرین کو فوری اور بہتر علاج کی فراہمی کی غرض سے ریاستی وزیر اعلیٰ کے۔چندراشیکھرراؤ نے آج ایک اور اہم فیصلہ لیتے ہوئے ریاست کے 114 سرکاری ہسپتالوں میں درکار طبی عملہ کے فوری اور خصوصی تقررات کے ضلع کلکٹران کو احکامات جاری کیے ہیں۔

اس سلسلہ میں وزیراعلیٰ تلنگانہ کے سی آرنے ریاست کے ان 114 سرکاری ہسپتالوں میں جملہ 755 جائدادوں پر خصوصی تقررات کو منظوری دی ہے جن میں 144 ڈاکٹرس، 527 نرسیں اور 84 لیاب ٹیکنیشنس شامل ہیں۔
وزیر اعلیٰ کے سی آر نے ضلع کلکٹران کو ہدایت دی ہے کہ ہنگامی صورتحال کے پیش نظر خصوصی مہم کے تحت ان جائدادوں پر خصوصی تقررات کیلئے انٹرویوز منعقد کرتے ہوئے اندرون پانچ یوم اہل امیدواروں کا انتخاب کریں۔
https://www.facebook.com/TelanganaCMO/posts/1571798279691685
ریاستی وزیراعلیٰ کے سی آر نے کہا ہے کہ 114 ہسپتالوں میں 755 خصوصی تقررات کے باعث ریاست کے خزانے پر 9.02 کروڑ روپئے کا زائد بوجھ پڑے گا۔
یاد رہے کہ دو دن قبل ہی ریاستی وزیراعلیٰ کے سی آر نے ریاست تلنگانہ کے تمام شہریوں کو حکومت کی جانب سے کوویڈ ویکسین مفت دئیے جانے کا اعلان کیا تھا جس پر 2,500 کروڑ روپئے صرف ہونگے۔

