کوروناوائرس کو 103سالہ مجاہد آزادی نے شکست دی
بھوپال: 25۔اپریل(سحرنیوزڈاٹ کام)
اب جبکہ سارے ملک میں کورونا وائرس کا قہر جاری ہے ملک کی مختلف ریاستوں میں دن بہ دن تشویشناک حد تک کورونا وائرس کے متاثرین اور اموات کی خبریں عوام میں خوف پیداکرنے کا باعث بن رہی ہیں ماہرین کے مطابق کوروناوائرس سے متاثر ہونے والوں میں ضعیف افراد کی تعداد زیادہ ریکارڈ ہورہی ہے کیونکہ وہ پہلے ہی سے مختلف امراض میں مبتلاء رہتے ہیں۔
دوسری جانب کورونا وائرس کا خوف اور اس کے متاثرین کیساتھ غیر انسانی برتاؤ بھی اموات کی ایک وجہ بتائی جارہی ہے! ماہرین طب کا کہنا ہے کہ خود اعتمادی اور ہمت ہی اس کا سب سے اہم علاج ہے۔
ایسے میں ایک 103 سالہ مجاہد آزادی جو کورونا وائرس کو شکست دیتے ہوئے صحتیاب ہوئے ہیں کا بھی کہنا ہیکہ خود اعتمادی اور ہمت ہوتو کورونا وائرس کوشکست دی جاسکتی ہے۔
مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال سے 179 کلومیٹر کے فاصلہ پر موجود بےتُل ضلع کے ساکن 103سالہ مجاہد آزادی برید چند گوتھی 5 اپریل کو کورونا وائرس سے متاثر ہوگئے تھے۔
انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ وہ علاج کی غرض سے ہسپتال میں شریک نہیں ہوئے بلکہ اپنے فیملی ڈاکٹر کے صلاح و مشورے پر عمل کرتے ہوئے اپنے مکان میں ہی خود کو قورنطین کرلیا اور ڈائٹ کے ذریعہ صحتیاب ہوگئے۔
برید چند گوتھی نے کہا کہ وہ روزآنہ اپنے مکان میں دو تا تین گھنٹے آکسیجن لیا کرتے تھے۔بالآخر وہ کل ہفتہ کو اس وقت کورونا وائرس سےصحتیاب ہوگئے جب ان کا دوبارہ کورونا ٹسٹ کیا گیا۔
مجاہد آزادی برید چند گوتھی نے فخریہ انداز میں کہا کہ انہوں نے کورونا وائرس کو بھی اسی طرح شکست دی ہے جس طرح اپنی جوانی میں ملک کی آزادی کیلئے انگریزوں کو شکست دی تھی۔
مدھیہ پردیش کے بےتُل ضلع کے ساکن 103 سالہ مجاہد آزادی برید چند گوتھی کے آدھار کارڈ کے مطابق جن کی تاریخ پیدائش 2 نومبر 1917ء ہے نے بھی اپنی صحتیابی کے بعد عوام بالخصوص کورونا وائرس متاثرین کو مشورہ دیاہے کہ وہ کورونا وائرس سے ہرگز خوفزدہ نہ ہوں،ہمت اور حوصلہ سے کام لیتے ہوئے مسکراہٹوں کیساتھ معتدل غذاء کا استعمال کریں، ہلکی ورزش کریں اور پُرسکون رہیں۔
موجودہ خوف کے ماحول میں یہ ایک مثبت اطلاع کہی جاسکتی ہے اور ساتھ ہی لازمی ہے کہ کورونا وائرس متاثرین کیساتھ انسانی ہمدردی کا برتاؤ کیا جائےاور ان کی خوداعتمادی میں اضافہ کو ممکن بنایا جائے۔