عادل آباد کے ریمس ہسپتال میں مریضوں کو بہتر طبی سہولتیں فراہم کی جائیں : رکن اسمبلی جوگورامنا کا دؤرہ
عادل آباد :25۔اپریل(سحر نیوز ڈاٹ کام)
سابق ریاستی وزیر و رکن اسمبلی عادل آباد جوگورامنا نے آج عادل آباد کے راجیو گاندھی انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسس( ریمس) کا دؤرہ کرتے ہوئے اس ہسپتال میں گزشتہ چند دنوں سے کوویڈ ٹسٹ اور کوویڈ ویکسین دئیے جانے سے متعلق عام شکایتوں کا جائزہ لیا۔
رکن اسمبلی نے جوگو رامنا نے کوویڈ متاثرین کے علاج ،تشخیص اور دیگر سہولتوں سے متعلق تفصیلات حاصل کیں اس دؤرہ کے موقع پر انہوں نے
جنرل وارڈس میں زیر علاج مریضوں اور انکے رشتہ داروں کے علاوہ ہسپتال میں زیر علاج کورونا مریضوں کے رشتہ داروں سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں درپیش مسائل اور ہسپتال میں کیے جارہے علاج و معالجہ کی تفصیلات حاصل کیں۔اس موقع پر ڈائرکٹر ریمس ہسپتال ڈاکٹر بلرام نائک اور ضلع ہیلتھ آفیسر نریندر راتھوڑ بھی رکن اسمبلی جوگو رامنا کے ساتھ تھے۔
بعدازاں سابق ریاستی وزیر و رکن اسمبلی عادل آباد جوگورامنا نے مذکورہ دونوں عہدیداروں سے ریمس ہسپتال میں کورونا کے مریضوں اور عام مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی امداد، ادویات، خدمات کی فراہمی اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر سابق ریاستی وزیر و رکن اسمبلی عادل آباد جوگورامنا نے ڈائرکٹر ریمس ہسپتال ڈاکٹر بلرام نائک کو ہدایت دی کہ ہسپتال میں بہتر طبی سہولتوں کو فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور ساتھ ہی کسی بھی قسم کی تساہلی نہ برتی جائے۔ رکن اسمبلی نے ضلع ہیلتھ آفیسر نریندر راتھوڑ کو مریضوں کی صحت اور انہیں فراہم کی جارہی ادویات،آکسیجن و دیگر معاملات پر خصوصی توجہ دینے اور ماتحت عملہ کو چوکس رکھنے کی ہدایت دی۔رکن اسمبلی نے ریمس میں موجود آکسیجن گیس سیلنڈرس کا مشاہدہ بھی کیا۔
قبل ازیں رکن اسمبلی جوگورامنا نے دفتر کلکٹریٹ کے کانفرنس ہال میں ایڈیشنل کلکٹر ایم ڈیویڈ اورمختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کیساتھ ایک جائزہ اجلاس منعقد کرتے ہوئے ضلع میں کورونا وائرس وباء کی دوسری لہر کے دؤران متاثرین کی تعداد میں اضافہ اور اسے روکنے کیلئے سرکاری سطح پر کیے جارہے مختلف اقدامات سے واقفیت حاصل کرتے ہوئے ان عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ چوکس رہیں اور کوویڈ ٹسٹنگ اور کوویڈ ویکسین کی فراہمی میں مزید سرعت پیدا کی جائے۔
سابق ریاستی وزیر و رکن اسمبلی عادل آباد جوگورامنا نے ساتھ ہی ضلع کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کورونا وائرس کی جاریہ دوسری لہر کی سنگینی کو ہرگز نظر انداز نہ کریں اور ماسک کا استعمال ضرور کریں۔
رکن اسمبلی نے کہا کہ عوام سماجی فاصلہ کا خاص خیال رکھیں،سینی ٹائزر کا استعمال کریں، بلاء ضرورت اپنے مکانات سے باہر نہ نکلیں اور عوامی بھیڑ بھاڑ والے علاقوں اور تقاریب سے دور رہیں۔