تلنگانہ میں 27 اپریل تا 31 مئی گرمائی تعطیلات کا اعلان،اول تادسویں جماعت کے طلبا کو کامیاب قرار
حیدرآباد :25۔اپریل(سحر نیوزڈاٹ کام)
ریاست تلنگانہ میں منگل 27 ا پریل سے پیر 31 مئی تک تمام تعلیمی اداروں کیلئے گرمائی تعطیلات کا اعلان کردیا گیاہے۔
اس سلسلہ میں آج ریاستی وزیر تعلیم پی۔ سبیتا اندرا ریڈی کے دفتر سے جاری کردہ پریس نوٹ میں بتایا گیا ہے کہ ریاست کے ہائی اسکولس اور جونیئر کالجس کو گرمائی تعطیلات کے سلسلہ میں ریاستی وزیراعلیٰ کے سی آر کی جانب سے ریاستی چیف سیکریٹری سومیش کمار اور محکمہ تعلیمات کے عہدیداروں سے آج اتوار کو ایک جائزہ اجلاس منعقد کرنے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
ریاستی وزیر تعلیم پی۔ سبیتا اندرا ریڈی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی شدت میں اضافہ کے باعث وزیر اعلیٰ کے سی آر کی ہدایت پر پہلے ہی دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات کو منسوخ کرتے ہوئے ریاست کے 5,21,392 طلباء اور طالبات کو کامیاب قراردیا گیا ہے۔
اسی طرح ریاست کے تعلیمی اداروں میں اول تا نویں جماعت زیر تعلیم 53,79,388 طلبہ کو ترقی دیتے ہوئے اونچی جماعتوں میں روانہ کیا گیا ہے۔
ریاستی وزیر تعلیم پی۔ سبیتا اندرا ریڈی نے کہا ہے کہ موجودہ کوویڈ کےحالات کے پیش نظر ریاست میں تمام تعلیمی اداروں کی دوبارہ کشادگی کا فیصلہ یکم جون کو لیا جائے گا۔وزیر تعلیم نے کہا کہ 26 اپریل کو جاریہ تعلیمی سال کاآخری دن مانا جائے گا۔
یہاں یہ تذکرہ غیرضروری نہ ہوگا کہ کورونا وائرس کی شدت میں کمی کے بعد حکومت تلنگانہ نے 24 فروری سے چھٹی تا آٹھویں جماعتوں میں تعلیم کا آغاز کیا تھا جبکہ اس سے قبل نویں اور دسویں جماعتوں بھی آغاز ہوا تھا۔
تاہم ریاست کے مختلف اضلاع کے اسکولس، اقامتی اسکولس اور ہاسٹلس میں بڑی تعداد میں طلبہ، اساتذہ اور عملہ کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے باعث وزیراعلیٰ کے سی آر کی ہدایت پر وزیرتعلیم پی۔سبیتا اندراریڈی نے 23 مارچ کو ریاستی اسمبلی میں ریاست کے تمام سرکاری اور خانگی اسکولس کو 24 مارچ بروز چہارشنبہ سے غیر معینہ مدت کیلئے بند کردئیے جانے کا اعلان کیاتھا۔
ساتھ ہی ریاست میں دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات کو منسوخ کردیا گیاتھا ان امتحانات کا 17 مئی سے انعقاد عمل میں لایا جانے والا تھا جبکہ اس سے ایک دن قبل ہی سی بی ایس ای کی جانب سے بھی دسویں جماعت کے امتحانات کی منسوخی اور بارہویں جماعت کے امتحانات کو ملتوی کردئیے جانے کا اعلان کیا گیا تھا۔
اسی دؤران ریاست تلنگانہ میں انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے حکومت تلنگانہ نے انٹرمیڈیٹ سال اول کے طلبہ کے امتحانات کو منسوخ کردیا اور اس میں زیر تعلیم طلبہ کو پروموٹ کرنے کا فیصلہ کیا تھا!!