امیت شاہ کے جوتے اٹھاکر صدر تلنگانہ بی جے پی بنڈی سنجے نے تلگو عوام کی عزت نفس کو مجروح کیا ہے
معافی مانگنے کا مطالبہ،ریاستی وزیر کے ٹی آر،انچارج کانگریس،سی پی قائد نارائنا اور دیگر کی شدید تنقید
حیدرآباد: 22۔اگست(سحرنیوزڈاٹ کام)
صدر تلنگانہ بی جے پی و رکن پارلیمان کریم نگربنڈی سنجے کمار پر تلنگانہ کےسیاسی قائدین کےعلاوہ سوشل میڈیاصارفین کی شدیدتنقید کا سلسلہ جاری ہے۔بنڈی سنجے کمار پر الزام عائد کیا جارہا ہے کہ انہوں نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے جوتے اٹھاکر ریاست تلنگانہ کےکروڑوں عوام کی عزت نفس کو تارتار کردیا ہے۔اس سلسلہ میں مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ اور ریاستی صدر بی جے پی و رکن پارلیمان بنڈی سنجے کمارسے مطالبہ کیا جارہا ہے کہ وہ تلنگانہ کے عوام سے معافی مانگیں۔
دراصل سوشل میڈیا پر بنڈی سنجے کمار کا ایک ویڈیو وائرل ہوا ہے۔جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ نے اتوار کو اپنے دورہ حیدرآباد کےموقع پرسکندرآباد کے سری اجینی مہانکالی مندر میں پوجا کی۔مندر سےباہر نکلنے کے بعد صدر تلنگانہ بی جے پی و رکن پارلیمان بنڈی سنجے کمار ایک جانب سے دوڑتے ہیں اور امیت شاہ کے جوتے اٹھاکر لاکر پہناتے ہوئے نظرآتے ہیں۔
اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد باقاعدہ چند ریاستی نیوزچینلوں پر بھی بحث کا آغاز ہوگیا۔سوشل میڈیا پر بھی بنڈی سنجے کمار کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
تلنگانہ کے وزیر آئی ٹی و صنعت و بلدی نظم و نسق کے۔تارک راما راؤ (کے ٹی آر) نے اس واقعہ پرمشتمل ویڈیو کو ری۔ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ”دہلی کی چپلیں اٹھانے والےگجراتی غلاموں اور دہلی کےقائدین کوستارے دکھانے والے قائد پر تلنگانہ کےعوام غور کررہے ہیں،تلنگانہ کی عزت نفس کی پامالی کی کوشش کو ناکام بناکر،تلنگانہ کی عزت نفس کو قائم رکھنے کے لیے تلنگانہ کے عوام تیار ہیں،جئے تلنگانہ”۔
انچارج تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی و رکن پارلیمان مانیکم ٹیگور نے اسی ویڈیو کو ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ”صدر تلنگانہ بی جے پی بنڈی سنجے کمار امیت شاہ کے جوتےاٹھاتے ہوئے،تلگو عوام کی عزت نفس،حقیقت دیکھیں کہ بی جے پی میں بیاک ورڈ کلاس کی اہمیت کیا ہے،ان کے اس ٹوئٹ کوصدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ریونت ریڈی نے ری۔ٹوئٹ کیا ہے۔
جبکہ تلنگانہ پردیش کانگریس کےمصدقہ ٹوئٹر ہینڈل سے اسی ویڈیو کوٹوئٹ کرتے ہوئے اور باقاعدہ صدرتلنگانہ بی جے پی بنڈی سنجے کمار کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا گیا ہے کہ”تلنگانہ کی عزت نفس کوبنڈی سنجے نے ایک وقت کے تڑی پارکےقدموں میں رکھ دیا۔ساتھ اس ٹوئٹ میں بی جے پی تلنگانہ کوبھی ٹیگ کرتے ہوئے مزید لکھا گیا ہے کہ”اتنی نیچ حرکت صدر بی جے پی ہی کریں گے تو آپ تمام کا جینا کیا ہوگا؟ اور دیگر لوگوں کو کیا کرنا ہوگا؟
سی پی آئی پارٹی کے سینئر قائد نارائنا نےمیڈیا سے بات کرتے ہوئے اپنے انداز میں بنڈی سنجے کمار اور امیت شاہ پر شدید ریمارک کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ”تھو ہے ایسے بی جے پی والوں پر جوکبھی سزا کاٹ چکے اس ہوم منسٹر کے چپل اٹھاتے ہیں۔انہوں نےسوال کیا کہ اس کی کیا ضرورت پڑگئ "؟
کرشن ٹی آر ایس کے مصدقہ ٹوئٹر ہینڈل پربھی اسی ویڈیو کوٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا گیا ہے کہ”گجراتی قائدین کے لیے بھاگ بھاگ کرچپل پہنانا کیا تلنگانہ کی عزت نفس ہے”؟؟
بہرحال صدر تلنگانہ بی جے پی و رکن پارلیمان بنڈی سنجے کمار کی اس حرکت پر بی جے پی مخالف سیاسی جماعتوں کے قائدین اور ان کے حامی شدید تنقید کررہے ہیں۔وہیں بی جے پی حامی سوشل میڈیا صارفین بنڈی سنجے کمار کی جانب سے امیت شاہ کو جوتے پہنائے جانے پر اپنے سینئر قائد کی عزت و احترام کرنا قرار دے رہے ہیں!!

