ووٹرس کوہیلی کاپٹر،فی خاندان ایک کروڑ روپئے،چاند کی سیر،روبوٹ،زیورات دینے کا آزاد امیدوار کا انتخابی وعدہ

ووٹرس کوہیلی کاپٹر،فی خاندان ایک کروڑ روپئے،چاند کی سیر،روبوٹ،زیورات دینے کا آزاد امیدوار کا انتخابی وعدہ

ٹاملناڈو/مدورائی: 26مارچ(سحرنیوزڈاٹ کام)
جب بھی انتخابات آتے ہیں امیدوار رائے دہندوں کو متاثر کرنے کیلئے کئی ایسے وعدے اور اعلانات کرتے ہیں کہ ان میں سے زیادہ تر وعدے ” محبوب کے وعدوں”کے مماثل ہی ہوتے ہیں جو کبھی پورے نہیں کیے جاتے۔

کامیابی حاصل کرنے کے بعد ان وعدوں و اعلانات کی تکمیل تو دور کی بات ہے جیتا ہوا امیدوار اگلے انتخابات تک بھی اپنے رائے دہندوں کو نظرنہیں آتا اور سیاسی گلیاروں میں عیش کی زندگی گزارنے میں مصروف ہوجاتاہے یاحکومت بنانے کیلئے کسی بھی پارٹی سے کروڑہا روپئے لیکر اپنی زندگی مزید بہتر بنالیتا ہے جبکہ رائے دہندوں کے نہ مسائل حل ہوتے ہیں اور طرز زندگی بدلتی ہے!!

ایسے میں ٹاملناڈو میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے دؤران ایک ایسا امیدوار سامنے آیا ہے جسکے وعدے اور اعلانات محبوب کے وعدوں کو بھی شرمسار کرنے میں سبقت لے گئے ہیں ! اور ہر طرف ان انتخابی وعدوں کی بازگشت سنائی دے رہی ہے۔

ٹاملناڈوکے مدورائی جنوب کی اسمبلی نشست سے بحیثیت آزاد امیدوار مقابلہ کررہے تھولم سراونن (سراون آر) جو کہ پیشہ سے صحافی ہیں اور ایک مقامی اخبار میں کام کرتے ہیں نے اپنے حلقہ کے رائے دہندوں سے اپنے انتخابی منشور میں وعدہ کیا ہے کہ اگر وہ اس الیکشن میں بحیثیت ایم ایل اے کامیاب ہوگئے تو

بحیثیت آزاد امیدوار مقابلہ کررہے تھولم سراونن اپنا پرچہ نامزدگی داخل کرتے ہوئے۔ ( تصویر بشکریہ تھولم سراونن کے فیس بک اکاؤنٹ سے)

اپنے حلقہ اسمبلی کے رائے دہندگان میں فی کس ایک مِنی ہیلی کاپٹر ،ہر خاندان کو ایک کروڑ روپئے نقد رقم، گھر یلوکام کاج کرنے والا ایک روبوٹ ، شادیوں کے موقع پر جملہ 100 خاندانوں کو زیورات دیں گے ، وعدوں کی فہرست یہیں تک ختم نہیں ہوئی بلکہ تھولم سراونن نے اپنے انتخابی منشور میں یہ وعدہ بھی کیا ہے کہ

جو کوئی نوجوان خود کا کاروبار شروع کرنا چاہتے ہیں انہیں فی کس ایک کروڑ روپئے فراہم کریں گے ، ہر خانہ دار خاتون کو 20 لاکھ روپئے مالیتی کار فراہم کریں گے،مختلف ہنر مندافراد کو ماہانہ فی کس ماہانہ 10 لاکھ روپئے دیں گے۔

آزاد امیدوار تھولم سراونن

بات یہیں ختم ہوتی تو شاید ٹھیک ہوتا لیکن ٹاملناڈوکے مدورائی جنوب کی اسمبلی نشست سے بحیثیت آزاد امیدوار مقابلہ کررہے تھولم سراونن (سراون آر) نے اپنے رائے دہندگان سے یہ بھی وعدہ کیا ہے اگر وہ اسمبلی کے ان انتخابات میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو

اپنے رائے دہندوں کیلئے 100 روزہ چاند کی سیر کا نظم بھی کریں گے اور ساتھ ہی اپنے حلقہ اسمبلی کوسرد رکھنے کی غرض سے 300فیٹ کا حامل مصنوعی آئس برگ بھی بناکر دیں گےاوراپنے حلقہ اسمبلی میں اسپیس ریسرچ سنٹر اور راکٹ لانچ پیاڈ بھی بنائیں گے۔

دوسر ی جانب اپنے پرچہ نامزدگی کے ساتھ منسلک اپنے حلف نامہ(Affidavit) میں تھولم سراونن نے لکھا ہے کہ انکے پاس 10,000 روپئے کی نقد رقم موجود ہے جبکہ انکے بینک اکاؤنٹ میں 2,000 روپئے موجود ہیں۔

     بحیثیت آزاد امیدوار مدورائی جنوب سے مقابلہ کررہے تھولم سراونن کا انتخابی نشان۔

ٹاملناڈوکے مدورائی جنوب کی اسمبلی نشست سے بحیثیت آزاد امیدوار مقابلہ کررہے تھولم سراونن (سراون آر) کا انتخابی نشان ” ڈسٹ بِن ” (کچرے کا ڈبہ) ہے اور اس حلقہ سے جملہ 13 امیدوار مقابلہ کررہے ہیں جہاں پوری ریاست ٹاملناڈو کیساتھ اس اسمبلی حلقہ میں بھی 6 اپریل کو ووٹنگ ہونے والی ہے۔