بنگلہ دیش کی آزادی کیلئے ستیہ گرہ کیا ہوں ،جیل بھی گیا ہوں : بنگلہ دیش میں وزیر اعظم نریندر مودی کا خطاب

بین الاقوامی خبریں قومی خبریں

بنگلہ دیش کی آزادی کیلئے ستیہ گرہ کیا ہوں ،جیل بھی گیا ہوں : بنگلہ دیش میں وزیر اعظم نریندر مودی کا خطاب

بنگلہ دیش/ڈھاکہ :26 مارچ (ایجنسیز/سحر نیوز ڈیسک)
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا ہے کہ انہوں نے اپنی 20-22 سال کی عمر میں بنگلہ دیش کی آزادی کیلئے اپنے بہت سے دوستوں کیساتھ مل کر ستیہ گرہ کیا ہے اور وہ اس کے لیے جیل بھی جاچکے ہیں۔

نریندر مودی نے کہا کہ یہ ان کی زندگی کی پہلی ستیہ گرہ اور تحریک آزادی میں حصہ لینے کا آغاز تھا۔ وزیر اعظم نریندر مودی آج بنگلہ دیش کی آزادی کی 50 ویں سالگرہ تقریب کے موقع پر بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ کے نیشنل پریڈ اسکوائر پر منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔اس کیساتھ ساتھ بنگلہ دیش حکومت کی جانب سے سابق وزیراعظم شیخ مجیب الرحمٰن کی پیدائشی تقاریب بھی منائی جارہی ہیں۔

Picture Courtesy: Rediff.com

وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے خطاب میں کہا کہ بنگلہ دیش کی آزادی میں اندرا گاندھی کے رول کوہر کوئی عزت کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور بنگلہ دیش کے قیام میں انکے رول کو ناقابل فراموش قراردیا۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہماری تہذیب بھی ایک ہے اور ترقی کی بھی ایک۔
دو روزہ دورہ بنگلہ پر پہنچے وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے خطاب میں اس تقریب میں انہیں مدعو کیے جانے پرتقریب میں موجود صدر بنگلہ دیش عبدالحمید اور وزیر اعظم شیخ حسینہ کاشکریہ اداکیا اور بنگلہ بندھو شیخ مجیب الرحمٰن کے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بنگلہ دیش کو کوئی بھی طاقت اپنا غلام بناکر نہیں رکھ سکتی کے نعرہ پر ان کی قیادت نے کام کیا تھا۔

وزیر اعظم نریندرمودی نے بنگلہ دیش کی آزادی میں اپنی جان کی قربانیاں دینے والے شہید جوانوں کو بھی خراج پیش کیا ساتھ ہی وزیر اعظم نے اس آزادی کی لڑائی میں بنگلہ دیش کی فوج کے شانہ باشانہ کھڑی ہندوستانی فوج کے جوانوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔اپنے خطاب میں وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ بنگلہ دیش کی آزادی کی 50ویں سالگرہ تقاریب اور ہندوستان کی آزادی کی 75 ویں سالگرہ ایک ساتھ منائے جانے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے 25سال ہندوستان اور بنگلہ دیش کے لیے بہت زیادہ اہمیت کے حامل ہونگے۔

دوسری جانب وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ بنگلہ دیش کے موقع پر بنگلہ دیش کے کئی مقامات بشمول ڈھاکہ میں احتجاجی مظاہرے کیے جارہے ہیں
چٹگانگ ضلع میں احتجاجیوں اور پولیس کے درمیان جھڑپ بھی ہوئی ہے بی بی سی کے بموجب اسکے نمائندہ اکبر حسین نے نے اطلاع دی ہے کہ اس جھڑپ میں چار احتجاجی مارے گئے ہیں۔!!

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے