وقارآبادضلع میں گائے اور بچھڑوں کی منتقلی پرسخت پابندی، غیر مجاز افراد کو گاڑیوں کی تلاشی کی اجازت نہیں: ضلع ایس پی کوٹی ریڈی

وقارآباد ضلع میں گائے اور بچھڑوں کی منتقلی پرسخت پابندی
ضلع کے مختلف مقامات پر دس چیک پوسٹس کا قیام
دیگر جانوروں کی خرید و فروخت کے لیے پنچایتوں یا بلدیات کی رسید لازمی
ضلع ایس پی نندیالا کوٹی ریڈی کا عہدیداروں کے ساتھ اجلاس

وقارآباد:27۔جون(سحرنیوز ڈاٹ کام )

سپرنٹنڈنٹ آف پولیس وقارآبادضلع مسٹر نندیالا۔کوٹی ریڈی،آئی پی ایس نےکہا ہےکہ عیدالاضحی کےضمن میں ضلع وقارآباد میں کسی بھی قیمت پر  گائے اور بچھڑوں کی منتقل کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

ضلع ایس پی نے عیدالاضحی کے پیش نظر دفتر ایس پی وقارآباد میں ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا جس میں ضلع وقارآبادکے پولیس عہدیداران،محکمہ مویشیان اور بلدیہ کے عہدیداروں نے شرکت کی۔

اس اجلاس میں ایس پی ضلع وقارآباد مسٹر این۔کوٹی ریڈی،آئی پی ایس نے کہا کہ عیدالاضحی کےضمن میں گائے اور اس کے بچھڑوں کی منتقلی پر سخت پابندی عائد رہے گی اور ساتھ ہی بناء جائز دستاویزات کے دیگر جانوروں کی منتقلی کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ جانوروں کی منتقلی کو روکنے کی غرض سے ضلع کے مختلف مقامات پر دس چیک پوسٹ قائم کئے جائیں گے جو کہ آج منگل کے دن سے کارکرد رہیں گے۔

ضلع ایس پی مسٹر این ۔کوٹی ریڈی،آئی پی ایس نے اس اجلاس میں کہاکہ اگرکوئی کسان اپنے جانوروں کی خرید و فروخت کرتے ہیں تو فروخت کرنے والوں اور خریدنے والوں کے لیے لازمی ہوگا کہ وہ گرام پنچایتوں یا بلدیات کے عہدیداروں سے خرید و فروخت کی سند یا رسید حاصل کریں اور جانوروں کی منتقلی کے دؤران اس رسید کا ساتھ میں ہونا لازمی ہوگا۔

ضلع ایس پی مسٹر این۔کوٹی ریڈی نے انتباہ دیا کہ مذکورہ قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں کے جانور ضبط کرتے ہوئے انہیں گاؤ شالہ منتقل کردیا جائے گا۔ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی اور مقدمات درج کیے جائیں گے۔

ضلع ایس پی وقارآباد نے کہا ہے کہ ضلع وقارآباد میں دس بین ریاستی اور بین ضلعی چیک پوسٹس قائم کیے جارہے ہیں۔ساتھ ہی ضلع ایس پی وقارآباداین۔کوٹی ریڈی آئی پی ایس نے یہ انتباہ بھی دیا ہے کہ جانوروں کی غیر قانونی طریقہ سے منتقلی کی اگرکسی کے پاس اطلاع ہو تو وہ پولیس کو 100 نمبر پر مطلع کریں۔

غیر مجاز اور غیر سرکاری افراد کی جانب سے گاڑیوں کو روکنے والوں،ان کی حوصلہ افزائی کرنے والوں،جانوروں کو زبردستی گاڑیوں سے اتارنے والوں،جانوروں سے لدی ہوئی گاڑیوں اور افراد کو پریشان و ہراساں کرتے ہوئے ان پر حملے کرنے والوں اور اس معاملہ میں مذہبی تناؤ پیدا کرنے والوں کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی کارروائی کی جائے گی۔

ضلع ایس پی وقارآباد این۔کوٹی ریڈی نے یہ انتباہ بھی دیاہے کہ سوشل میڈیا پر منافرت پھیلانے والے قدیم یا جدید ویڈیوس،فوٹوز یا دیگر مواد کو پھیلانے والوں کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے متنبہ کیا کہ کسی بھی مذہبی عقیدہ کے خلاف سوشل میڈیا پرنفرت انگیز مواد نہ پھیلایا جائے۔

ضلع ایس پی وقارآباد مسٹر این۔کوٹی ریڈی آئی پی ایس نے کہا ہے بقرعید کے پرامن انعقاد کیلئے محکمہ پولیس تمام اقدامات کو یقینی بنائے گا اور ضلع میں امن و امان کی برقراری کیلئے پولیس کیساتھ عوام کا تعاون ناگزیر ہے۔

اس اجلاس میں ایڈیشنل ایس پی ضلع وقارآباد ڈاکٹر ایم اے رشید،وٹرنری عہدیدار ضلع وقارآباد انیل کمار،ضلع مارکٹنگ کے عہدیدار سارنگا پانی، وقارآباد اور پرگی کے کمشنران بلدیہ،بلدیہ تانڈورکے عہدیداروں کے علاوہ دیگر متعلقہ عہدیداربھی شریک تھے۔