تلنگانہ انٹر میڈیٹ سالانہ امتحانات کے نتائج جاری،لڑکیوں نے پھر بازی مارلی
یکم اگست سے سپلیمنٹری امتحانات، 30 جون سے فیس کا ادخال
طلبہ آج شام 5 بجے سے اپنے میمو ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں
حیدرآباد: 28۔جون(سحرنیوزڈاٹ کام)
ریاست تلنگانہ میں انٹرمیڈیٹ سال اور سال دوم کے امتحانی نتائج آج 28 جون کو جاری کردئیے گئے۔
ریاستی وزیرتعلیم مسز پی۔سبیتا اندراریڈی نے آج تلنگانہ اسٹیٹ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کے دفتر حیدرآبادمیں یہ نتائج جاری کیے۔اس موقع پر وزیرتعلیم نے کہا کہ ان نتائج میں انٹر میڈیٹ سال اول میں 63.32 فیصد اور انٹرمیڈیٹ سال دوم میں 67.82 فیصد طلبا اور طالبات کامیاب ہوئے ہیں۔اس سال بھی لڑکوں کے مقابلہ میں لڑکیوں کی کامیابی کا تناسب زیادہ ہے۔اس موقع پر سیکریٹری تلنگانہ اسٹیٹ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن جناب سیدعمرجلیل آئی اے ایس کے علاوہ دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔
ریاستی وزیرتعلیم مسز پی۔سبیتا اندراریڈی نے اس موقع پر بتایا کہ انٹرمیڈیٹ کے ان سالانہ امتحانات میں ناکام ہونے طلبہ کے لیے یکم اگست سے ایڈوانس سپلیمنٹری امتحانات کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا۔اور اس کے لیے ناکام ہونے والے طلبہ 30 جون سے سپلیمنٹری امتحانات میں شرکت کے لیے فیس داخل کرسکتے ہیں۔
طلبہ ان ویب سائٹس پر اپنے نتائج دیکھ سکتے ہیں اور شام 5 بجے کے بعد اپنے میمورنڈم آف مارکس ڈاؤن کرسکتے ہیں:
https://tsbie.cgg.gov.in/
https://naukritrends.com/inter-results/

جاریہ سال 6 مئی سے 18 مئی تک سال اول کےاور 7 مئی سے 19 مئی تک منعقدہ ان امتحانات میں ریاست تلنگانہ میں انٹر میڈیٹ سال اول،سال دوم (جنرل و ووکیشنل)کے جملہ 9 لاکھ،7 ہزار،393 طلبہ اور طالبات نے شرکت کی تھی۔آج جاری کردہ نتائج کےمطابق انٹر میڈیٹ سال اول کے امتحانات میں جملہ 4,64,892 طلبہ اور طالبات نے شرکت کی تھی۔ ان میں سے 2،94،378 طلبہ کامیاب ہوئے ہیں۔ان میں 72.33 فیصد طالبات اور 54.25 فیصد طلبا شامل ہیں۔اسی طرح انٹرمیڈیٹ سال دوم کے امتحانات میں جملہ 4,42,895 طلبا و طالبات نے شرکت کی تھی جن میں سے 2,97,458 طلبہ کامیاب ہوئے ہیں۔ان میں 75.28 فیصد طالبات اور 59.21 طلبا شامل ہیں۔
تلنگانہ اسٹیٹ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کے عہدیداروں کے مطابق طلبہ آج جاری کیے گئے نتائج کے میمورنڈم آج شام 5 بجے سے ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔تاکہ وہ ڈگری میں داخلہ کی غرض سے انہیں استعمال کرسکیں۔وہیں اصل میمورنڈم آف مارکس جلد ہی تمام جونیئرس کالجس کو روانہ کیے جائیں گے۔


