آرمی اور راجستھان انٹلی جنس نے جئے پور میں پاکستانی جاسوس بھارت گودارا کو گرفتار کرلیا
خاتون سے فیس بک پر دوستی کے بعد دفاع سے متعلق اہم دستاویزات بھیج رہا تھا، مزیدتفتیش جاری
جئے پور:10۔ستمبر (سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)
انڈین آرمی انٹلی جنس اور راجستھان پولیس انٹلی جنس نے ریلوے پوسٹل سرویس سے وابستہ ایک ملٹی ٹاسکنگ اسٹاف ورکر کو گرفتار کرلیا ہے۔عہدیداروں کے مطابق یہ ملازم منفرد طریقہ سے دفاع سے تعلق رکھنے والے اہم دستاویزات کے فوٹوگراف لے کر پڑوسی ملک پاکستان کی آئی ایس آئی کی ایک خاتون ایجنٹ کو فراہم کررہا تھا۔
Military Intelligence of Southern Command of Indian Army&State Intelligence Dept,Rajasthan have arrested a 27-yr-old post office dept official of Indian Railways from Jaipur for allegedly supplying secret documents of Indian Army to a Pak woman agent. Case registered probe on.
— ANI (@ANI) September 10, 2021
اس ملازم کی شناخت بھارت گودارا 27 سالہ کی حیثیت سے کی گئی ہے۔عہدیداروں کے مطابق یہ شخص چند دنوں سے انڈین آرمی انٹلی جنس کی خفیہ نگرانی میں تھا کیونکہ تکنیکی معلومات کے تحت پتہ چلا تھا کہ کچھ تصاویر سرحد پار پاکستانی انٹرسرویس انٹلی جنس (آئی ایس آئی) کے ایجنٹوں کو بھیجی جارہی ہیں۔
عہدیداروں کے مطابق بھارت گودارا جو کہ ملٹی ٹاسکنگ اسٹاف (ایم ٹی ایس) ورکر ہے اور اسے ریلوے پوسٹل سرویس کے سورٹنگ ہب پر تعینات کیا گیا تھا۔
وہ ایسے تمام خطوط کھولتا تھا جن پر آرمی پوسٹل آفس (اے پی او) کا پتہ ہوتا تھا۔عہدیداروں نے کہا کہ اس قسم کے پہلے جاسوسی ریاکٹ کا انکشاف ہوا ہے جہاں فوجی اہلکاروں کے ذاتی اور سرکاری دونوں معلومات آئی ایس آئی تک پہنچائی جارہی تھیں۔
عہدیدار کے مطابق بھارت گودارا کی دوستی ایک خاتون سے فیس بک کے ذریعہ ہوئی تھی جس نے اسے بتایا تھا کہ وہ انڈومان۔نکوبار جزائر کے پورٹ بلیئر میں ایک نرسنگ اسسٹنٹ ہے۔
اس خاتون نے اسے یہ باور کروایا تھا کہ اس کے رشتے دار فوج میں ہیں۔بعدازاں ان دونوں کی دوستی گہری ہوتی چلی گئی اور یہ ایک دوسرے کے ساتھ واٹس ایپ کے ذریعہ وائس کال،ویڈیو کال اور چاٹنگ کرنے لگے۔
انٹلی جنس عہدیدار نے بتایا کہ گرفتار شدہ بھارت گودارا اپنے محکمہ میں گزشتہ سات ماہ سے صرف نائٹ شفٹ کیا کرتا تھا آرمی پوسٹل آفس(اے پی او) کے پتہ پر آنے والے دستاویزات کھولتا اور ان کے فوٹوز لے کر اس خاتون کو واٹس ایپ کے ذریعہ روانہ کرتا تھا۔
انٹلی جنس عہدیداروں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ بھارت گودارا نے ایک ہندوستانی موبائل نمبر کے ذریعہ اس خاتون کوواٹس ایپ اوٹی پی نمبر فراہم کرتے ہوئے اس کے پاس ایک واٹس ایپ کو فعال بھی کروایا تھا جسے وہ جاسوسی کے لیے استعمال کرتی تھی۔
عہدیداروں نے بتایا کہ بھارت گودارا ملٹی ٹاسکنگ اسٹاف(ایم ٹی ایس) ورکر نے اس جاسوس خاتون کو مقامات کے حوالے سےافسران کے فون نمبرس،مختلف آرمی یونٹوں کے پن کوڈس اور دیگر معلومات اس جاسوس خاتون کو جو کہ آئی ایس آئی کے لیے کام کرتی ہے کو فراہم کیے۔

بھارت گودارا کو جمعرات کی رات ملٹری انٹلی جنس (سدرن کمانڈ ) اور رجستھان انٹلی جنس کی مشترکہ کارروائی کے ذریعہ گرفتار کیا گیا۔
عہدیداروں نے بتایا کہ بھارت گودارا جسے آفیشل سیکریٹ ایکٹ 1923کے تحت گرفتار کیا گیا ہے اور ایک کیس درج رجسٹر کرکے مرکزی اور ریاستی ایجنسیوں کی جانب سے مشترکہ طور پر اس سے مزید تفتیش کی جارہی ہے اور اس نے اعتراف بھی کیا ہے کہ اس نے اس جاسوس خاتون کو فوج سے متعلق کئی خطوط روانہ کیے ہیں۔
عہدیداروں نے بتایا کہ گرفتار کیے گئے بھارت گودارا کے موبائل فون سے دفاع سے تعلق رکھنے والے تصاویر اورخطوط برآمد ہوئے ہیں۔