حیدرآباد میں 6سالہ لڑکی کےعصمت ریزی اور قتل کے خلاف تانڈور میں سٹیزنس یوتھ ویلفیئر کا موم بتی مارچ ،احتجاج

ریاستی خبریں ضلعی خبریں

حیدرآباد میں 6 سالہ لڑکی کے عصمت ریزی اور قتل کے خلاف تانڈور میں موم بتی مارچ،احتجاج
عصمت ریزی کے مجرمین کو سخت سزا کا مطالبہ،سید کمال اطہر،مولانا سہیل احمد عمری اور دیگر کا خطاب

وقارآباد/تانڈور:10۔ستمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)

حیدرآباد کے سعید آباد کی سنگارینی کالونی میں کل رات راجو نامی شخص کی جانب سے راجو نائیک کی ایک 6سالہ لڑکی کی عصمت ریزی اور قتل کے واقعہ کے خلاف آج شام دیر گئے تانڈور میں تانڈور سٹیزنس یوتھ ویلفیئر  کی جانب سے ریاستی صدر ویلفیئر پارٹی آف انڈیا سید کمال اطہر کی قیادت میں اندرا چوک پر ایک موم بتی ریالی منعقد کرتے ہوئے احتجاج کیا گیا۔جس میں دیگر مذاہب کے نوجوانوں نے بھی حصہ لیا۔

اس موقع پر سید کمال اطہر،مولانا سہیل احمد عمری اور دیگر نے اپنے خطاب میں اس 6 سالہ لڑکی کی عصمت ریزی اورقتل کے واقعہ کو انتہائی بد بختانہ اور قابل مذمت قراردیتے ہوئے کہا کہ جو معصوم لڑکی ابھی کھلونے سے کھیلنا بھی نہیں جانتی تھی اس کو درندہ صفت راجو نے اپنی ہوس کا شکار بناتے ہوئے اس کا قتل کردیا۔

انہوں نے کہا کہ افسوس کا مقام ہے کہ روزآنہ ملک کے مختلف مقامات سے معصوم لڑکیوں اور خواتین کی عصمت ریزی اور قتل کے واقعات کی اطلاعات زیر گشت رہتی ہیں جو کہ ملک کی بدنامی کا بھی باعث بنتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ زانیوں کے لئے سخت قوانین نہ ہونے یا پھر موجودہ قوانین پر مناسب طور پر عمل نہ کئے جانے کے باعث دن بہ دن ایسے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے جو کہ ایک بہتر معاشرہ کے لئے تشویش کا باعث ہے۔

ریاستی صدر ویلفیئر پارٹی آف انڈیا سید کمال اطہر اور مولانا سہیل احمد عمری نے اپنے خطاب میں مطالبہ کیا کہ مرکزی اور ریاستی حکومتیں جدید قوانین تدوین کریں اور عصمت ریزی کے مرتکبین کو فوری سزا کو یقینی بنائیں تو ہی خوف کے باعث ایسے واقعات کا تدارک ممکن ہے۔

انہوں نے تاسف کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئے دن عصمت ریزی اور قتل کے واقعات کے باعث خواتین اور لڑکیوں میں عدم تحفظ کا احساس پیدا ہورہا ہے۔

ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ چند فرقہ پرست طاقتوں کی جانب سے عصمت ریزی کے ملزمین کی مذہب کی بنیاد پر تائید کرنا اور ان کی تائید میں ریالیوں کے انعقاد سے بھی غیر سماجی اور انسانیت دشمن لوگوں میں قانون کا خوف کم ہورہا ہے اور اس سلسلہ کو فوری بند کرنے کی شدید ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ عصمت ریزی میں ملوث درندوں اور متاثرہ خواتین کا مذہب نہ دیکھا جائے یہ ایک خطرناک رحجان ہے۔

اس احتجاج کے موقع پر 6 سالہ لڑکی کو انصاف دو،راجو کو پھانسی دو کے نعرے بھی لگائے گئے۔

سید کمال اطہر، مولانا سہیل احمد عمری اور دیگر نے اپنے خطاب میں کہا کہ چند دن قبل ہی دہلی میں سول ڈیفنس سے وابستہ رابعہ سیفی کی عصمت ریزی اور انتہائی درندگی کے ساتھ اس کے قتل کے خلاف بھی تانڈور کے بشمول ملک کے کونے کونے میں احتجاج جاری ہیں تاہم دہلی پولیس نے آج تک مجرموں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جس سے غیر سماجی عناصر اور عصمت ریزی کے مرتکب درندوں کے حوصلے بلند ہورہے ہیں۔

اس احتجا ج میں باغبان کریم،غلام مصطفی پٹیل،محمد یوسف صدر مسلم ویلفیئر ٹرسٹ تانڈور،ساجد پٹیل،محمدشوکت علی، سید اجمل احمد، محمد صابر،محمد صادق، عتیق احمد اور عبدالشکور کے علاوہ نوجوانوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔

6 سالہ لڑکی کی عصمت ریزی اور قتل سے متعلق تفصیلی خبر اس لنک کو کلک کرکے پڑھی جاسکتی ہے:-

حیدرآباد میں 6 سالہ لڑکی کی عصمت ریزی اور قتل،عوام کا زبردست احتجاج،خاطی کے انکاؤنٹر کا مطالبہ

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے