اصلی ہیرو تو آپ ہیں،سونوسود نے ٹوئٹر پرکے ٹی آر کی ستائش کی،تلنگانہ کو کہا اپنا دوسرا گھر
حیدرآباد: یکم؍جون(سحرنیوزڈاٹ کام)
فلم اداکارسونوسود سے کون واقف نہیں ہیں! فلموں میں زیادہ تر ویلن کا کردار ادا کرنے والے سونو سود گزشتہ سال کورونا وائرس کی وباء کے آغاز کے بعد سے آج تک ضرورت مندوں اور غریب طبقات کی ہر طریقہ سے مدد کرتے ہوئے سرخیوں میں ہیں اور ملک کیساتھ ساتھ ساری دنیامیں ان کی خدمات کی خوب سراہنا کی جارہی ہے۔
سونو سود کی انہی خدمات کو دیکھتے ہوئے ہوئی کمپنی اسپائس جیٹ نے اپنے تمام طیاروں پر سونوسود کی تصویر چسپاں کرکے ان کی خدمات کو خراج پیش کیا تھا۔

لاک ڈاؤن کے باعث بالخصوص مہاراشٹرا اور ممبئی کے علاوہ دیگر مقامات پرپھنسے ہوئے مہاجر مزدوروںاور اڑیسہ کی طالبات کو خصوصی طیاروں ،بسوں اور ٹرینوں کے ذریعہ انکے مقامات تک پہنچانے، غذاء فراہم کرنے،علاج کیلئے رقمی مدد کے علاوہ اب کورونا وائرس کی دوسری وباء کے دؤران ملک میں آکسیجن کی قلت کے دؤران بشمول سنگاپور ملک کے کئی مقامات سے آکسیجن حاصل کرکے عوام اور اسپتالوں تک آکسیجن پہنچانے میں سونوسود دن رات مصروف ہیں۔
ایسے میں آج ٹوئٹر پر سونو سود نے تلنگانہ کے ریاستی وزیرآئی ٹی ، بلدی نظم و نسق کے۔تارک راما راؤ (کے ٹی آر) کو اصلی ہیرو قراردیتے ہوئے لکھا ہے کہ آپ نے تلنگانہ کی ترقی کیلئے بہت کچھ کیا ہے۔
دراصل نندا کشور ٹوکالا نامی شخص نے کے ٹی آر کوٹیاگ کرتے ہوئے ان کاشکریہ ادا کیا تھا کہ انہوں نے دس گھنٹوں میں انہیں آکسیجن فراہم کیا۔
اس ٹوئٹ کے جواب میں ریاستی وزیر کے ٹی آر نے "سونوسود” کو اپنے ٹوئٹ میں ٹیاگ کرتے ہوئے لکھا کہ میں عوام کی جانب سے منتخب کیا گیا ایک عوامی نمائندہ ہوں اور میں اپنی ذمہ داری نبھارہا ہوں ” تم سونو سود کو سوپر ہیرو کہہ سکتے ہو”۔
جس کے جواب میں سونو سودنے اپنے ٹوئٹ میں کے ٹی آر کو اصلی ہیرو قرارد یتے ہوئے مزید لکھا کہ آپ کی لیڈرشپ میں ریاست تلنگانہ نے بہت ترقی کی ہے اور میں تلنگانہ کو اپنا دوسرا گھر مانتا ہوں جو کہ میرے کام کرنے کی جگہ ہے اور جہاں کے عوام کئی سال سے مجھے اپنا پیار دیتے آرہے ہیں۔

