ڈرگس معاملہ میں شاہ رخ خان کے فرزند آریان خان کی باقاعدہ گرفتاری کی توثیق

ڈرگس معاملہ میں شاہ رخ خان کے فرزند آریان خان کی باقاعدہ گرفتاری کی توثیق

ممبئی : 03۔اکتوبر (سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)

بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان کے فرزند آریان خان جن سے کل رات ممبئی کے سمندر میں ایک کروز (کشتی) میں جاری پارٹی کے دؤران نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی جانب سے دیگر سات افراد کے ساتھ اپنی تحویل میں لے کر پوچھ تاچھ کی جارہی تھی آج شام اس کی تصدیق کردی گئی کہ ہے انہیں باقاعدہ گرفتار کرلیا گیا ہے۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے کہا ہے کہ ہائی پروفائل چھاپے سے 13 گرام کوکین،21 گرام چرس اور ایم ڈی ایم اے کی 22 گولیاں برآمد ہوئی ہیں۔ این سی بی نے مزید کہا کہ آریان خان کے خلاف لگائے گئے الزامات میں ممنوعہ اشیاء کی خریداری، قبضہ اور استعمال شامل ہیں۔

لائیو لا کے مطابق اس معاملہ میں آریان خان کے ساتھ مون مون دھنیچہ اور ایاز مرچنٹ کی بھی باقاعدہ گرفتاری عمل میں لاتے ہوئے انہیں این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعات 8(c) 20b, 35,27 کے تحت ایڈیشنل چیف میٹرو پولیٹین مجسٹریٹ کے مسٹر آر کے راجے بھوسلے کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

آریان خان کی جانب سے ایڈوکیٹ ستیش مانی شنڈے اور این سی بی کی جانب سے ایڈوکیٹ اڈویٹ سیٹھنا پیش ہوں گے۔

لائیو لا نے اپنے ٹوئٹ کے ذریعہ بتایا ہے کہ معزز جج نے آرین خان کو کل 4 اکتوبر تک کے لیے نارکوٹکس کنٹرول بیورو کی تحویل میں دے دیا ہے۔

لائیو لا کے مطابق شاہ رخ خان کے فرزند آرین خان کے وکیل ستیش مانی شنڈے نے کہا ہے کہ آرین خان کی ضمانت کے لیے درخواست داخل کردی گئی ہے تاہم اس کی سماعت کل ہوگی۔

نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے صبح اپنے بیان میں تصدیق کی تھی کہ شاہ رخ خان کے فرزند آریان خان کے ساتھ دیگر سات افراد سے پوچھ تاچھ کی جارہی ہے جن میں نوپور ساریکا،اسمیت سنگھ،من من دھمیچا،موہک جسوال ،گومیت چوپڑہ،وکرانت چھوکر اور ارباز مرچنٹ شامل ہیں اور ان تمام کے بیانات کی بنیاد پر مزید کارروائی کی جائے گی۔

نارکوٹکس کنٹرول بیورو کی جانب سے تحویل میں لیے گئے جملہ آٹھ افراد میں سے آریان خان کے بشمول تین کو میڈیکل ٹسٹ کے لیے لے جایا گیا تھا۔(اس وقت لیا گیا آریان خان کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کردیا گیا تھا)۔

این ڈی ٹی وی نے ذرائع سے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے عہدیداروں کی ٹیم مسافروں کے بھیس میں گوا جانے والے جہاز میں سوار ہوئی۔حکام کے مطابق پارٹی کا آغاز اس وقت ہوا جب جہاز ممبئی سے روانہ ہوا اور سمندر میں تھا۔

این سی بی کے ایک عہدیدار نے خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کو بتایا کہ کروز میں منظم کردہ اس دھاوے کے دوران مشتبہ افراد کی تلاشی لی گئی اور ان سے مختلف منشیات برآمد کی گئیں جو کہ انہوں نے اپنے کپڑوں، زیر جامہ (انڈر گارمنٹس) اور پرس میں چھپائی ہوئی تھیں۔

دوسری جانب کروز کمپنی جس کے کروز (کشتی) میں جاری پارٹی کے دؤران آریان خان اور دیگر کو تحویل میں لیا گیا تھا نے اتوار کو جاری کردی ایک بیان میں کہا ہے کہ اس کا اس واقعہ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

اور وضاحت جاری کی ہے کہ کورڈیلیا کروز کسی بھی طرح براہ راست یا بالواسطہ طور پر اس واقعہ سے منسلک نہیں ہے۔

واٹر ویز لیزر ٹورازم پرائیویٹ لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور صدر جورجن بیلوم نے کہا ہے کہ کورڈیلیا کروز نے اپنے جہاز کو ایک پرائیویٹ ایونٹ کے لیے دہلی میں واقع ایک ایونٹ مینجمنٹ کمپنی کے لیے کرایہ پر دیا تھا۔انہوں نے کہا ہے کہ ہم  کورڈیلیا کروز میں اس طرح کی تمام سرگرمیوں کی مذمت کرتے ہیں اورمستقبل میں اس طرح کے واقعات کی روک تھام کے لیے اپنے جہاز (کروز) کو باہر روانہ کرنے سے سختی کے ساتھ گریز کریں گے۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق اسی دؤران کانگریس پارٹی جو کہ مہاراشٹرا میں برسر اقتدار حکومت کا ایک حصہ ہے نے الزام عائد کیا ہے کہ کروز پر دھاوہ اور اس کے بعد کی کارروائی گجرات کی مندرا بندرگاہ پر ضبط کیے گئے ڈرگس کے بڑے ذخیرے کے "اصل مسئلے” سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے!!