چیوڑلہ میں فلمی طرز کا حادثہ،ایک ساتھ سات کاریں ٹکراگئیں
ایک کار ڈرائیور کے اچانک بریک لگانے سے عجیب و غریب حادثہ
چیوڑلہ :22۔مئی(سحرنیوزڈاٹ کام)
ضلع رنگاریڈی کے چیوڑلہ میں آج شام اچانک ایک ایسا عجیب و غریب حادثہ پیش آیا ہے جو کہ زیادہ تر فلموں میں ہی دیکھا جاسکتا ہے۔جہاں پیچھے سے آنے والی سات کاریں ایک دوسرے سے ٹکراگئیں۔خوش قسمتی سے ان کاروں میں محفوظ مسافرین معمولی زخموں کے بعد اس حادثہ میں محفوظ رہے۔
حیدرآباد۔بیجاپور نیشنل ہائی وے نمبر 44 پر آج شام پیش آئے اس حادثہ کی تفصیلات کے مطابق چیوڑلہ منڈل کے مذمیالاموضع کے گیٹ کے قریب تیز رفتاری کے ساتھ سامنے جارہی ایک کار کے ڈرائیور نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ اور ہائی وے قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنی کار کو اچانک بریک لگادئیے۔جس کے باعث پیچھے آنے والی جملہ سات کاریں عقب سےاس کار کے ساتھ ایک دوسرے سے ٹکراگئیں۔

عینی شاہدین کے مطابق یہ منظر کسی فلم کامنظر نظر آرہا تھا کہ ایک ہی قطار میں تیزرفتار دؤڑ رہیں کاریں اس طرح ایک ساتھ ٹکراکر رک گئیں۔ان کاروں میں خواتین اور بچے بھی سوار تھے جوکہ خوش قسمتی سے محفوظ رہےجنہیں معمولی چوٹیں آئیں۔
بتایاجاتاہے کہ اس غیرمتوقع اور اچانک پیش آنے والے اس حادثہ کی شکار ان کاروں میں وہ سیاح بھی سوار تھے جو آج اتوار کی تعطیل کے باعث تفریح کی غرض سے وقارآباد کے قریب موجود سیاحتی مقامات”اننت گیری ہلز” اور "کوٹ پلی پراجکٹ” کی سیر و تفریح کے بعد حیدرآباد واپس لوٹ رہے تھے۔
اس حادثہ کے بعد ان حادثہ کا شکار کاروں میں سوار مسافرین نے راحت کی سانس لی کہ اس طرح اچانک پیش آنے والے حادثہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
اس حادثہ کی اطلاع کے فوری بعد پولیس جائے حادثہ پر پہنچ گئی۔اس حادثہ کے باعث حیدرآباد۔وقارآباد اہم ومصروف شاہراہ کے علاوہ حیدرآباد۔بیجاپور نیشنل ہائی وے پر ٹریفک نظام درہم برہم ہوگیا۔اور پولیس کی جانب سے حادثہ کی شکار تمام کاروں کو سڑک سے ہٹاکر ٹریفک نظام بحال کردیا گیا ہے۔اس حادثہ کی مزیدتفصیلات کا انتظار ہے۔


