تلنگانہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کا 2021-22ء کا اکیڈیمک کیلنڈر جاری

تلنگانہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کا 2021-22ء کا اکیڈیمک کیلنڈر جاری
کالجس مزید 173 دن چلائے جائیں گے،تعطیلات اور امتحانات کی تفصیلات

حیدرآباد:08۔ستمبر(سحرنیوزڈاٹ کام)

ریاست تلنگانہ میں کوویڈ وباء کے باعث زائد از 17 ماہ بعد یکم ستمبر سے دوبارہ تمام سرکاری اور خانگی اسکولس اور کالجس کھول دئیے گئے ہیں جن میں تعلیمی نظام جاری ہے۔اس سلسلہ میں تعلیمی سال 2021-22 کے لیے گزشتہ دنوں تلنگانہ اسکول ایجوکیشن کی جانب سے جاریہ تعلیمی سال کا شیڈول جاری کیا گیا تھا۔

آج سیکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن حکومت تلنگانہ جناب سید عمر جلیل نے جاریہ تعلیمی سال 2021-2022 کے لیے ریاست تلنگانہ میں موجود سرکاری اور خانگی جونیئر کالجس کے لیے اکیڈیمک کیلنڈر جاری کیاہے۔

اس موقع پر سیکریٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ جناب سید عمر جلیل نے کہا کہ تمام سرکاری اور خانگی کالجس کے انتظامیہ کے لیے لازمی ہوگا کہ وہ اس اکیڈیمک کیلنڈر پر سختی کے ساتھ عمل کریں۔

ساتھ ہی جناب سید عمر جلیل نے انتباہ دیا کہ اس اکیڈیمک کیلنڈر کی خلاف ورزی پر پرنسپل اور کالج انتظامیہ کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جہاں کالجس کی مسلمہ حیثیت کو منسوخ کیا جائے گا وہیں دیگر کارروائی بھی کی جائے گی۔

بورڈ آف انٹرمیڈیٹ کی جانب سے جاری کردہ اس اکیڈیمک کیلنڈر میں تعلیمی سال 2021-2022 کے لیے جملہ 220 دن مقرر کیے گئے ہیں تاہم یکم جولائی سے آن کلاسیس کے انعقاد کو ان دنوں میں شمار کرتے ہوئے 47 دن منہا کردئیے گئے ہیں۔

اب جاریہ تعلیمی سال کے دؤران مزید 173 دن ریاست کے تمام سرکاری اور خانگی کالجس میں تعلیم کا نظم ہوگا۔

اس اکیڈیمک کیلنڈر کے مطابق

٭٭ 10 فروری 2022ء سے 18 فروری تک پِری فائنل امتحانات منعقد کیے جائیں گے۔

٭٭ پریکٹیکل امتحانات 23 فروری سے 15 مارچ تک منعقد کیے جائیں گے۔

٭٭ 23 مارچ تا 12 اپریل تھیوری امتحانات کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا۔

13 اپریل 2022ء ریاست تلنگانہ میں موجود تمام سرکاری اور خانگی کالجس میں تعلیمی نظم کا قطعی دن ہوگا۔