حیدرآباد کے سوپر لگژری کاروں کے شوقین عامر شرما نے کیا انسانیت کا پرچم بلند، سیلفی لینے والے غریب شخص کے موبائل فون سے اپنی کار کے ساتھ تصاویر لے کر دیں، ویڈیو وائرل

فرشتے سے بڑھ کر ہے انسان بننا
مگر اس میں لگتی ہے محنت زیادہ

حیدرآباد کے سوپر لگژری کاروں کے شوقین عامر شرما نے کیا انسانیت کا پرچم بلند
کار کے ساتھ سیلفی لینے کے خواہشمند غریب شخص کی خود اسی کے موبائل سے تصویریں لیں
سوشل میڈیا پر اس جذبے کی بھرپور تعریف،انسٹاگرام پر 47 ملین سے زائد افراد نے ویڈیو دیکھا

حیدرآباد: 21۔ستمبر
(سحرنیوز/سوشل میڈیا ڈیسک)

انسان بھلے ہی غربت زدہ ہو یا محدود آمدنی پر گزارا کررہا ہو لیکن اس کا خواب ہوتاہےکہ اس کا بھی اپنا ایک مکان ہو اور اس کے پاس بھی ایک کار ہو۔لیکن چند افراد ہی اپنے اس خواب کو پورا کرپاتے ہیں اور افسوس کہ زیادہ تر اسی خواہش میں زندگی بھر سخت محنت کے بعد بھی خالی ہاتھ رہ جاتے ہیں۔!!

موجودہ حالات میں تو مہنگائی اور بیروزگاری نے غریب اور متوسط طبقہ کو کہیں کا نہیں چھوڑا ہے۔غریب اور متوسط طبقہ کے گھرانوں کی بہت سی خواہشات ہوتی ہیں لیکن گھریلو لازمی ضروریات کو پورا کرتے رہنے کے باعث وہ اپنی خواہشات کو کبھی عملی جامہ نہیں پہنا پاتے۔مگر ان کی خاص بات یہ بھی ہوتی ہے ایسے لوگ چھوٹے چھوٹے لمحوں میں ہی اپنی خوشیاں تلاش کرنا سیکھ لیتے ہیں۔ کیونکہ دو وقت کی روٹی کما لینا ہی اب غریب طبقہ کے لیے مشکل ہوگیا ہے۔بقول قیصر الجعفری؎

گھر لوٹ کے روئیں گے ماں باپ اکیلے میں
مٹی کے کھلونے بھی سستے نہ تھے میلے میں

ہاں ایسے غریب اور متوسط طبقہ کی اولاد اگر تعلیم حاصل کرنے کے بعدکسی مقام پر پہنچ جائے اور فرمانبردار رہی تو پھر ان کا یہ خواب ان کی زندگی میں ہی ضرور پورا ہوسکتا ہے اور ایسے واقعات دیکھے اور سنے بھی جاتے ہیں۔

وہیں چند دولتمند لوگ ایسے بھی ہوتے ہیں کہ غریبوں کو صرف کام اور محنت کرنے کی مشین سمجھتے ہیں اورغریبوں کو حقارت سے دیکھنا گویا ان کا حق ہے۔! غریب کے دکھوں اور ان خواہشات و جائز حاجات سے ان کا کوئی لینا دینا نہیں ہوتایہ بس اپنی دنیا میں مست رہتے ہیں۔

گذشتہ چند دنوں سےسوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر بالخصوص انسٹاگرام پر ایک ویڈیو تیزی کےساتھ وائرل ہے۔جو یہ پیغام دےرہا ہے کہ غریب لوگوں کو کبھی بھی خود سے کمتر نہیں سمجھنا چاہئے۔اور انسانیت کا بھی یہی تقاضہ ہوتا ہے کہ انسان چاہے کسی بھی شعبہ میں یا مال و دولت کے معاملہ میں چاہے کتنا ہی بڑا کیوں نہ ہوجائے سب کو ایک انسان ہونے کی نظر سے دیکھے۔

وزئرل شدہ اس ویڈیو کو انسٹاگرام پر اب تک 47.6 ملین (47 لاکھ 60 ہزار) سوشل میڈیا صارفین نے دیکھا ہے جو کہ ایک ریکارڈ ہی مانا جا رہا ہے۔جبکہ 51 لاکھ 82 ہزار سے زائد افراد نے اس ویڈیو کو لائیک کیا ہے،ایک لاکھ 70 ہزارسے زائد شیئر کیا گیا ہے۔اس دلکش ویڈیو پر 52 لاکھ سے زائد سوشل میڈیا صارفین نےستائشی کمنٹ کیے ہیں۔یہ ویڈیو ٹوئٹر اور فیس بک پربھی مختلف صارفین نےستائشی کلمات کے ساتھ پوسٹ کیا ہے۔جہاں لاکھوں افراد نے دیکھا ہے۔

جو کوئی اس ویڈیو کو دیکھتا ہے تعریف کیے بناء نہیں رہ سکتا۔اس 25 سیکنڈ کے مختصر ویڈیو Reel# میں دیکھاجاسکتا ہے کہ ایک قیمتی اسپورٹس کار کے دروازے اوپر کی جانب کھلے ہوئے ہیں اور یہ کار سڑک کے کنارے کھڑی ہے۔پس منظر کا جائزہ لیا جائے تو محسوس ہورہا ہے کہ یہ حیدرآباد کے ہائی ٹیک سٹی کے ترقی پذیر علاقہ کا یہ واقعہ ہے۔!!

دراصل ایک شخص جو کہ معاشی طور پر غریب نظر آ رہا ہے اپنے ایک ہاتھ میں تھیلی پکڑا ہواہے اور اپنےدوسرے ہاتھ سے اس کارکے قریب اپنی سیلفی لے رہا ہے۔اسی دوران کار کے مالک عامر شرما وہاں آجاتے ہیں اور اس شخص سے کہتے ہیں کہ وہ اپنا موبائل فون اسے دیں وہ اس کار کے ساتھ اس کی تصاویر لیں گے۔وہ شخص فوری اپنا فون انہیں دے دیتا ہے۔سڑک پر کار سے دور اپنی تھیلی رکھ دیتا ہے اور کار کے قریب پہنچ جاتا ہے۔اس کے بعد عامر شرما اس کار کے ساتھ اس شخص کی تصاویر لے کر موبائل فون اس کےحوالے کر دیتے ہیں۔اس موقع پر ان دونوں کے مسکراتے چہرے ہرکوئی محسوس کرسکتا ہے۔اور ایسی مسکراہٹ واقعی دلوں کو چھولینے والی ہوتی ہے۔

اس قیمتی کار کے مالک عامر شرما ہیں جن کا تعلق تلنگانہ ریاست کے دارلحکومت حیدرآباد سے ہے۔ذرائع کے مطابق مسٹر عامر شرما ایک بہترین اور نامور انٹریئر ڈیزائنر ہیں اورمختلف سوپر کاروں کےشوقین ہیں۔وائرل شدہ ویڈیو میں مسٹرعامر شرما ان کی ایک اسپورٹس کار میک لارن 720S کے ساتھ نظر آرہے ہیں۔

وائرل شدہ اس ویڈیو کو بہت زیادہ پسند کیے جانے کی وجہ یہ ہے کہ مسٹر عامر شرما کی انسانیت نوازی اور غریب طبقہ کےتعلق سےان کے دل میں موجود محبت کا سمندر ہے۔

اس وائرل شدہ ویڈیو کو خود عامر شرما نے 9 ستمبر کو انسٹاگرام کے اپنے ہینڈل پر پوسٹ کیا ہے۔بعد ازاں 17 ستمبر کو عامر شرما نے اس واقعہ کی دو تصاویر بھی انسٹاگرام پر پوسٹ کی ہیں۔جس میں دیکھاجاسکتا ہے اسی شخص کو انہوں نے ڈرائیونگ سیٹ کے بازو بٹھا کر بھی اسی کے موبائل فون سے اس کی تصاویر لے رہے ہیں۔ان تصاویر کے ساتھ مسٹر عامر شرما نے لکھا ہے کہ ” میں ان کے خوبصورت تبصروں کے لیے سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں میں خواب جی رہا ہوں اور چھوٹے طریقوں سے میں کوشش کرتا ہوں اور اسے شیئر کرتا ہوں۔شکریہ "

aamirsharma#
instagram#
trendingvideo#
viralvideo#
humanity#
respect#