امن اور بھائی چارہ کے ساتھ گنیش نمرجن منایا جائے
شوبھا یاترا میں ڈی جے ساؤنڈ کی اجازت نہیں
تانڈور میں امن اجلاس، ایس پی وقارآباد ضلع کوٹی ریڈی کا خطاب
وقارآباد/تانڈور: 20۔ستمبر
(سحر نیوز ڈاٹ کام)
سپرنٹنڈنٹ آف پولیس وقارآبادضلع نندیالا کوٹی ریڈی آئی پی ایس نے تمام طبقات سےخواہش کی ہے کہ وہ اپنے اپنے عیدو تہوار قومی یکجہتی اور آپسی تعاون و بھائی چارہ کے ذریعہ پرامن ماحول اور پرسکون انداز میں منائیں، ایک دوسرے کے مذہبی جذبات کا احترام کریں۔
ضلع ایس پی آج یہاں دُرگا گرانڈنیور ہوٹل کےفنکشن ہال میں محکمہ پولیس تانڈور ڈویژن کی جانب سے ڈی ایس پی جی۔شیکھرگوڑ کی صدارت میں جاریہ پانچ روزہ گنیش تہوار کے 22؍ستمبر، بروز جمعہ اختتام پر منعقدہونے والے گنیش نمرجن و شوبھا یاتراکے ضمن میں منعقدہ امن اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔جس میں آر ڈی او سرینواس راؤ اور دونوں جانب کے ذمہ داران اور سیاسی قائدین شریک تھے۔
ضلع ایس پی این۔کوٹی ریڈی نے اس امن اجلاس سے اپنے خطاب میں کہاکہ گینش نمرجن کےموقع پر پولیس کی جانب سے سخت بندوبست کیا جائےگا۔انہوں نے اپیل کی کہ امن و امان کی برقراری میں عوام پولیس کےساتھ تعاون کریں۔انہوں کہاکہ گنیش مورتیوں کےنمرجن کے لیے کوکٹ کی کاگنا ندی میں انتظامات کیے گئے ہیں۔
ضلع ایس پی این۔کوٹی ریڈی آئی پی ایس نے کہا کہ نمرجن اورشوبھا یاترا کے دن محکمہ پولیس کےساتھ ساتھ بلدیہ،محکمہ مال،برقی اور محکمہ آر اینڈ بی کےعلاوہ دیگر متعلقہ محکمہ جات کی جانب سےبھی مناسب انتظامات کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی قسم کےناخوشگوارواقعات کو روکنے کی غرض سے شوبھا یاترا کے دوران پولیس کنٹرول روم قائم کیا جائے گا۔
ضلع ایس پی این۔کوٹی ریڈی آئی پی ایس نے کہاکہ اس نمرجن اور شوبھایاتراکے دؤران ایڈیشنل ایس پی، ڈی ایس پیز،سرکل انسپکٹران پولیس، سب انسپکٹران پولیس اور پولیس جوانوں کی بڑی تعداد کے ساتھ سخت انتظامات کیے جائیں گے۔ضلع ایس پی نے اس امن اجلاس سے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ شوبھایاترا کے دؤران ڈی جے ساونڈ کی اجازت نہیں ہوگی۔بیانڈ باجہ اور دیگر ذرائع کا استعمال کیا جائے۔
انہوں نے کہاکہ پرامن طور پر نمرجن منایاجائے اورعوام کسی بھی قسم کے تشدد میں نہ الجھیں،گنیش نمرجن اور شوبھا یاترا کے دوران افواہوں پر یقین نہ کریں اور امن و امان کی برقراری میں پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔ضلع ایس پی این۔کوٹی ریڈی آئی پی ایس نے انتباہ دیا کہ امن و امان کو مکدر کرنےوالوں اور افواہیں پھیلانے والوں کےخلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔صدرنشین ضلع لائبرریز راجو گوڑ اور صدرنشین بلدیہ تاٹی کونڈا سواپنا پریمل نے اپنے خطاب میں پر امن گنیش نمرجن کے لیے تعاون کا تیقن دیا۔
صدر مسلم ویلفیئر اسوسی ایشن تانڈور سید کمال اطہر،صدر جمعیتہ علماء وقارآباد ضلع مولانا عبداللہ اظہر قاسمی،سابق رکن بلدیہ سید زبیر لالہ اور دیگر مسلم ذمہ داران نے بھی اس امن اجلاس سے اپنے خطاب میں گنیش نمرجن کے دوران امن و امان کی برقراری میں ہمیشہ کی طرح تعاون کا تیقن دیتے ہوئے کہا کہ تانڈور ایک پرامن مقام ہے جہاں تمام طبقات مل جل کر رہتے آئے ہیں اور اس امن و امان کو ہمیشہ قائم رکھنے کی ضرورت بھی ہے۔

اس امن اجلاس میں صدر تانڈور ٹاون بی آر ایس ایم اے نعیم افو،صدر مجلس اتحاد المسلمین عبدالہادی شہری،جنرل سیکریٹری ہندو اتسو سمیتی پی۔نرسملو،محمدخورشید حسین،ایم اے ستارمجاہدی (گولکنڈہ)،رکن بلدیہ مختاراحمدناز،مولاناعبدالرحمن اطہر قاسمی جنرل سیکریٹر ی جمعیتہ علماء وقارآباد ضلع،غلام مصطفیٰ پٹیل، ایم اے علیم شلو،سرکل انسپکٹران پولیس تانڈور اربن و رورل راجندرریڈی،رام بابو،سب انسپکٹران پولیس،ارکان بلدیہ، سیاسی و مذہبی نمائندے اور دیگر شریک تھے۔

" یہ بھی پڑھیں ”

