ناجائز تعلقات کے دؤران رنگے ہاتھوں پکڑے جانے کے بعد
سسرالی مکان میں محروس بہو اور اس کے آشنا کی اجتماعی خودکشی
حیدرآباد/سدی پیٹ:25۔اگست(سحرنیوزڈاٹ کام)
ناجائز تعلقات کے دؤران سسرالی مکان میں خاتون اور اس کے آشنا کو رنگے ہاتھوں پکڑ کر کمرے میں محروس کردئیے جانے کے بعد خاتون اور اس کے آشنا نے فیان سے لٹک کر اجتماعی خودکشی کرلی۔
سدی پیٹ ضلع کے موضع تنگلا پلی میں پیش آئے اس واقعہ کی تفصیلات کے مطابق موضع کے ساکن شیوا 27 سالہ کی چند سال قبل سریشا 25 سالہ کے ساتھ شادی ہوئی تھی۔
تاہم گزشتہ چند ماہ سے سریشا کے اپنے پڑوسی سری کانت نامی شخص سے ناجائز تعلقات قائم ہوگئے تھے تاہم سریشا کا شوہرشیوا اس سے ناواقف ہی تھا تاہم شوہر سمیت اس کے افراد خاندان کو سریشا کی حرکتوں کی چند دن قبل اطلاع ملی تو سریشا اور سری کانت کو انتباہ دے کر چھوڑدیا گیا تھا۔جس کے بعد دونوں دور ہی رہنے لگے۔
کل شوہر شیوا اپنے مکان سے سریشا کو یہ بتاکر روانہ ہوا کہ وہ رات کو گھر نہیں آئے گا جس کے بعد بیوی سریشا نے اپنے آشنا سری کانت کو اپنے گھر بلاکر بیڈروم کو اندر سے مقفل کرلیا۔
اس وقت سریشا کی ساس اور خسر مکان میں ہی موجود تھے اور سریشا کی ساس نے سری کانت اور سریشا کو دیکھ لیا، سریشا کے بیڈروم کو باہر سے کنڈی لگادی اور پڑوسیوں،رشتہ داروں کو طلب کرکے اپنی بہو کی اس حرکت سے واقف کروایا۔
ساس نے اپنے بیٹے شیوا کے واپس ہونے تک سریشا اور اس کے آشنا کو بیڈروم میں ہی محروس رکھنے کا فیصلہ کیا اس طرح رات بھر یہ دونوں بیڈروم میں ہی محروس رکھے گئے۔
اس واقعہ کے بعد بیڈروم میں محروس سریشا اور اس کا آشنا سری کانت پریشان ہوگئے کہ ان کے ناجائز تعلقات سے تمام لوگ واقف ہوگئے ہیں اور اس سے خوفزدہ ہوکر سریشا اور اس کے آشنا سری کانت نے رات 11 بجے بیڈروم کے فیان سے پھانسی لے کر خودکشی کرلی۔
رنگے ہاتھوں پکڑے گئے سریشا اور سری کانت کو پکڑنے کی غرض سے جب صبح سب نے مل کر بیڈ روم کی کُنڈی کھولی تو دونوں کی نعشیں دیکھ کر پریشان ہوگئے۔
اس واقعہ کی اطلاع پر پولیس فوری جائے مقام پر پہنچ گئی اور دونوں نعشوں کو اپنی تحویل میں لے لیا بعد پنچنامہ دونوں نعشیں بغرض پوسٹ مارٹم روانہ کی گئیں۔اس سلسلہ میں پولیس ایک کیس درج رجسٹر کرکے تحقیقات میں مصروف ہے۔