اسمارٹ فون 251 روپئے میں فراہم کرنے کی آن لائن دھوکہ دہی میں ملوث
ڈرائی فروٹ سربراہ کرنے کے نام پر تاجر کو دھوکہ دینے کے معاملہ میں گرفتار
نئی دہلی:25۔اگست(سحرنیوزڈاٹ کام)
محاورہ مشہور ہے کہ جب تک بے وقوف زندہ ہیں دنیا میں عقلمند بھوکا نہیں رہے گا!
زیادہ تر لوگوں کو یاد ہوگا کہ 2017ء میں اتر پردیش کے نوئیڈہ کی ایک کمپنی رنگنگ بیل کا کرتا دھرتا نمودار ہوا تھا اور اس نے باقاعدہ چند موبائل فونس کے ساتھ اعلان کیا تھا کہ وہ صرف 251 روپئے میں فریڈم اسمارٹ فون فراہم کرے گا اس کمپنی کا مالک موہت گوئل تھا۔
موہت گوئل نے اپنی کمپنی رنگنگ بیل کے ذریعہ یہ آفر دیتے ہوئے آن لائن بکنگ کا آغاز کردیا جس کے بعد زائداز 30 ہزار افراد نے صرف 251 روپئے میں فریڈم اسمارٹ فون کے لالچ میں آن لائن بکنگ کرواتے ہوئے رقم ادا کردی تھی۔
تاہم فون کی فراہمی کی مدت گزرجانے کے بعد انہیں موبائل فون نہ ملنے پر موہت گوئل کے خلاف پولیس میں شکایتوں کے بعد پولیس نے اس کو گرفتار کرلیا تھا۔
اس وقت بتایا جاتا ہے کہ اس کھلاڑی نے سستے میں یعنی صرف 251 روپئے میں اسمارٹ فون دینے کا وعدہ کرتے ہوئے عوام کو زائداز 45 لاکھ روپئے کا چونا لگایا تھا۔اس وقت اس کی کمپنی نے دعویٰ کیا تھا کہ پانچ ہزار افراد کو موبائل فون دیا گیا ہے۔!!
اب یہ دھوکہ باز موہت گوئل دوبارہ گرفتار کرلیا گیا ہے اب معاملہ ہے ایک تاجر کو ڈرائی فروٹ سربراہ کرنے کے نام پر 41 لاکھ روپئے حاصل کرتے ہوئے انہیں ٹوپی پہنانے کا!!
موہت گوئل کے خلاف اندراپورم کے ایک تاجر وکاس متل نے شکایت درج کروائی تھی کہ ڈرائی فروٹ کے کاروبار کے نام پرانہیں ڈرائی فروٹ سربراہ کرنے کے لیے موہت گوئل نے ان سے 41 لاکھ روپئے حاصل کرلیے۔
تاجر وکاس متل نے اپنی شکایت میں کہا ہے کہ موہت گوئل نے جب ڈرائی فروٹس کی سپلائی نہیں کی تو انہوں نے اپنی رقم واپس کرنے کا مطالبہ کیا جس پر موہت گوئل انہیں ڈرانے اور دھمکانے لگا۔
تاجر وکاس متل نے پولیس میں درج کروائی گئی اپنی شکایت میں کہا ہے کہ موہت گوئل نے 19 اگست کو انہیں اپنے لوگوں کے ذریعہ کار سے ٹکر بھی دلوائی جس میں وہ زخمی ہوگئے۔
تاجر وکاس متل کی شکایت پر پیر کے دن غازی آباد پولیس نے موہت گوئل کی رہائش گاہ واقع گریٹر نوئیڈہ پر دھاوہ منظم کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا اور اس کے پانچ ساتھیوں کو بھی پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا۔