شوہر سے جھگڑے کے بعد چندرائن گٹہ سے بیوی لاپتہ
گمشدگی کا کیس درج رجسٹر کرکے پولیس تحقیقات میں مصروف
حیدرآباد:25۔اگست(سحرنیوزڈاٹ کام)
رقم کے معاملہ میں شوہر سے جھگڑے کے بعد ایک خاتون گزشتہ تین دنوں سے مشتبہ طور پر لاپتہ ہے جو اپنے شوہر کو مکان میں قید کرکے باہر سے قفل ڈال کر روانہ ہوئی تھیں یہ معاملہ آج منظر عام پر آیا ہے۔
حیدرآباد کے چندرائن گٹہ پولیس اسٹیشن کے حدود میں پیش آئے اس واقعہ کی تفصیلات اسسٹنٹ سب انسپکٹر آف پولیس چندرائن گٹہ سدھاکر بابوکے مطابق چندرائن گٹہ ، دستگیر نگر کے ساکن محمد عادل جو کہ پیشہ سے ٹیلر بتائے جاتے ہیں نے اپنی پہلی بیوی سے علحدگی کے بعد تین سال قبل ممبئی کی ساکن نازمین انصاری 34 سالہ سے دوسری شادی کی تھی۔
اے ایس آئی ہری بابو کے مطابق نازمین انصاری کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں ہے اور رقم کے معاملہ میں اکثر شوہر محمد عادل اور ان کی بیوی نازمین انصاری کے درمیان جھگڑا ہوا کرتا تھا اور جب کبھی شوہر اور بیوی کے درمیان جھگڑا ہوتا تو نازمین انصاری بناء کچھ بتائے اپنے مکان سے چلی جایا کرتیں اور کچھ دیر بعد واپس لوٹ آتی تھیں۔
اسی دؤران 22 اگست کی رات محمد عادل اور ان کی بیوی نازمین انصاری کے درمیان رقم کو لے کر جھگڑا ہوا تھا کہ 23 اگست کی صبح جب شوہر محمد عادل اپنے مکان میں موجود تھے تو ان کی بیوی نازمین انصاری مکان کو باہر سے مقفل کرکے چلی گئیں۔
طویل انتظار کے بعد بھی نازمین بیگم اپنے مکان واپس نہیں آئیں تو مکان میں قید ان کے شوہرمحمد عادل مکان کا دروازہ توڑکر باہر نکل آئے اور اپنے پڑوسیوں سمیت دیگر رشتہ داروں کے پاس اپنی بیوی نازمین بیگم کو تلاش کیا تاہم ان کا کوئی سراغ دستیاب نہیں ہوا۔
جس کے بعد شوہر محمد عادل 24 اگست کو چندرا ئن گٹہ پولیس اسٹیشن میں اپنی بیوی نازمین بیگم کی گمشدگی کی شکایت درج کروائی۔
چندرائن گٹہ پولیس اس سلسلہ میں نازمین بیگم کی گمشدگی کا ایک کیس درج رجسٹر کرکے مصروف تحقیقات ہے۔نازمین انصاری کے متعلق کسی کو کوئی معلومات ہوں تو وہ چندرائن گٹہ پولیس کو اطلاع دے سکتے ہیں۔