کمشنر آف پولیس سائبرآباد وی سی سجنار کا تبادلہ ، اسٹیفن رویندرا ہونگے نئے کمشنر

ریاستی خبریں
کمشنر آف پولیس سائبرآباد وی سی سجنار کا تبادلہ
اسٹیفن رویندرا ہونگے نئے پولیس کمشنر

حیدرآباد:25۔اگست(سحرنیوزڈاٹ کام)

حکومت تلنگانہ نے آج موجودہ کمشنر آف پولیس سائبرآباد کمشنریٹ مسٹر وی۔سی۔سجنار کا تبادلہ عمل میں لاتے ہوئے ان کے مقام پر مسٹر اسٹیفن رویندرا آئی جی پی ویسٹ زون کا کمشنر آف پولیس سائبرآباد پولیس کمشنریٹ کی حیثیت سے تقررعمل میں لایا ہے جن کا 1999ء کے آئی پی ایس بیاچ سے تعلق ہے۔اس سلسلہ میں آج چیف سیکریٹری حکومت تلنگانہ مسٹر سومیش کمار نے تبادلہ کے احکام جاری کردئیے ہیں۔

جبکہ 1996 کے آئی پی ایس بیاچ سے تعلق رکھنے والے متبدلہ کمشنر آف پولیس سائبرآباد وی۔سی۔سجنار کا بحیثیت مینجنگ ڈائرکٹر تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ٹی ایس آرٹی سی ) کی حیثیت سے تقرر عمل میں لایا گیا ہے۔

متبدلہ کمشنر آف پولیس سائبرآباد وشواناتھ سجنار (وی سی سجنار) نے 13 مارچ 2018ء کو کمشنر آف پولیس سائبرآباد کی حیثیت سے اپنے عہدہ کا جائزہ حاصل کیا تھا۔

جنہوں نے محکمہ اور عوام میں بالخصوص خواتین اور بچوں کے تحفظ اور کمیونٹی پولیس کے ماہر کی حیثیت سے اپنی شناخت قائم کی تھی جنہوں نے اے سی پی جنگاؤں کی حیثیت سے اپنی خدمات کا آغاز کیا تھا۔

متبدلہ کمشنرآف پولیس سائبرآباد وی۔سی۔سجنار۔

جنہوں نے بعد میں انسپکٹر جنرل آف پولیس (اسپیشل انٹلی جنس ) کی حیثیت سے بھی اپنی خدمات انجام دیں۔

6 ڈسمبر 2019ء کو وی سی سجنار ملک بھر میں اس وقت سرخیوں کی زینت بنے تھے جب حیدرآباد کے نواح میں ایک لیڈی ڈاکٹر دِشا کی اجتماعی عصمت ریزی اور بے دردانہ قتل کے چار ملزم پولیس انکاؤنٹر میں ہلاک ہوئے تھے۔

اس وقت سارے ملک میں ایک بڑے طبقہ کی جانب سے اس انکاؤنٹر کی زبردست سراہنا کی گئی تھی کہ عصمت ریزی کے ملزمین کے لیے یہی سزاء ہونی چاہئے اور وی سی سجنار پر پھول بھی برسائے گئے تھے وہیں انسانی حقوق کے علمبرداروں نے اس واقعہ کی مخالفت کی تھی یہ کیس زیر تحقیقات ہے۔

اس وقت سائبرآباد پولیس کا کہنا تھا کہ پولیس کو ملزمین سے اپنے تحفظ کے دؤران انکاؤنٹر کا واقعہ پیش آیا تھا۔ وہیں اس سے قبل 2008ء میں ورنگل میں دو انجنیئرنگ کی طالبات پر ایسیڈ سے حملہ کے تین ملزمین بھی پولیس انکاؤنٹر میں ہلاک ہوئے تھے۔ اس وقت ورنگل کے پولیس کمشنر کی حیثیت سے وی سی سجنار خدمات انجام دے رہے تھے۔

مسٹر اسٹیفن رویندرا جن کا بحیثیت کمشنرآف پولیس سائبرآباد کمشنریٹ تقرر عمل میں لایا گیا ہے فی الوقت انسپکٹر جنرل آف پولیس حیدرآباد رینج کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ جنہوں نے بحیثیت ایس پی ورنگل، اننت پور، کریم نگر نکسلائٹ تحریک کے خلاف اقدامات کا ایک ریکارڈ رکھتے ہیں۔

ڈی سی پی ایسٹ زون حیدرآباد کی حیثیت سے مسٹر اسٹیفن رویندرا نے منشیات کے کاروبار پر نکیل کسی تھی!! اسٹیفن رویندرا کو 2010ء میں اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے حیدرآباد کے ایک خانگی ہسپتال میں لگی بھیانک آگ کے دؤران 61 مریضوں کی جان بچانے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

اس وقت وہ چیف منسٹر کے سیکورٹی آفیسر تھے تاہم انہوں نے چیف منسٹر کے قافلہ کو چھوڑکر آگ سے متاثرہ ہسپتال میں داخل ہوکر ہسپتال میں زیرعلاج مریضوں کو بحفاظت باہر نکالا تھا۔جس پر انہیں اس وقت پرائم منسٹر لائف سیونگ کا باوقار ایوارڈ حاصل ہوا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے