تلنگانہ میں مزید 20 سال تک ٹی آر ایس کی ہی حکومت ہوگی
بی سی،مینارٹی اور دیگر طبقات کے لیےمسقتبل میں غریب بندھو اسکیم
چیف منسٹر کے۔چندراشیکھرراؤ کا پارٹی اجلاس میں اعلان
حیدرآباد: 24۔اگست(سحرنیوزڈاٹ کام)
چیف منسٹر تلنگانہ و ٹی آرایس پارٹی سربراہ کے۔چندراشیکھرراؤ کی صدارت میں آج ٹی آر ایس پارٹی کی ریاستی سطح کی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔دو گھنٹوں سے زائد چلنے والے اس اجلاس میں دیہی سطح سے ضلعی سطح تک پارٹی کی کمیٹیوں میں ردو بدل جیسا اہم فیصلہ لیا گیا۔اسی طرح دلت بندھو اسکیم پر عمل آوری اور اس کی تشہیر سے متعلق چیف منسٹر کے۔چندراشیکھر راؤ نے لائحہ عمل طئے کیا۔
چیف منسٹر و پارٹی سربراہ نے پارٹی قائدین کو ہدایت دی کہ وہ دلت بندھو اسکیم کے متعلق شعور پیدا کریں اور اس کے لیے تمام مقامات پر شعور بیداری پروگراموں کا انعقاد عمل میں لائیں۔
اور ساتھ ہی پارٹی قائدین کو مشورہ دیا کہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے جو ٹی آرایس پارٹی کے خلاف الزامات عائد کیے جارہے ہیں اس کا موزوں طریقہ سے جواب دیں اور حقائق سے عوام کو واقف کروائیں۔
چیف منسٹر و ٹی آر ایس پارٹی سربراہ کے۔چندراشیکھر راؤ نے ہدایت دی کہ پارٹی کی کمیٹیوں کے انتخاب کا عمل اندرون ایک ہفتہ شروع کردیا جائے ساتھ ہی چیف منسٹر نے کہا کہ ماہ نومبر کے پہلے ہفتہ میں پارٹی پلینیری کا انعقاد ہوگا۔
اس اجلاس میں چیف منسٹر تلنگانہ و ٹی آرایس پارٹی سربراہ کے۔چندراشیکھرراؤنے دعویٰ کیا کہ تلنگانہ میں آئندہ 20 سال تک ٹی آرایس کی ہی حکومت رہے گی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ مرحلہ وار طریقہ پر تمام طبقات کی یکساں فلاح وبہبود کے اقدامات کیے جائیں گے اور تمام کے ساتھ انصاف کیا جائے گا۔
چیف منسٹر تلنگانہ و ٹی آرایس پارٹی سربراہ کے۔چندراشیکھرراؤ نے کہا کہ مستقبل میں بی سی،مائنارٹی اور اونچی ذاتوں کے غریب لوگوں کے لیے غریب بندھو اسکیم کا بھی آغاز کیا جائے گا۔
چیف منسٹر تلنگانہ کے۔چندراشیکھرراؤ نے کہا کہ جدید اضلاع کے پارٹی صدور کا بھی جلد انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔کے۔ چندراشیکھر راؤ نے اعلان کیا کہ 2 ستمبر کو دہلی میں تلنگانہ بھون کی تعمیر کے لیے بھومی پوجا کی جائے گی۔
ٹی آر ایس پارٹی کی ریاستی سطح کی کمیٹی کے اس اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کارگزار صدر ٹی آرایس و ریاستی وزیر آئی ٹی،بلدی نظم ونسق کے ٹی آر نے کہا کہ 2 ستمبر کو ریاستی سطح پر مواضعات اور وارڈ کمیٹیوں کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا اور اس کے بعد ضلعی سطح کی کمیٹیاں منتخب کرنے کے اقدامات کیے جارہے ہیں۔
کارگزار صدر ٹی آر ایس کے ٹی آر نے کہا کہ ماہ اکتوبر کے اواخر یا نومبر کے آغاز میں ٹی آرایس پارٹی کی 20 ویں تاسیس تقاریب کے انعقاد پرغور کیا جارہا ہے۔
اس اجلاس میں کارگزار صدر ٹی آرایس و ریاستی وزیر آئی ٹی،بلدی نظم ونسق کے ٹی آر نے دعویٰ کیا کہ حضورآباد اسمبلی نشست کے ضمنی انتخابات میں ٹی آرایس پارٹی امیدوار کی کامیابی طئے ہے۔
انہوں نے دلت بندھو اسکیم پر اپوزیشن جماعتوں کے الزامات کو مضحکہ خیز قراردیا انہوں نے کہا کہ الزامات کے بجائے اپوزیشن جماعتیں حضورآباد میں دلت بندھو اسکیم کے نفاذ کے متعلق صلاح و مشورے دیں۔