راہول گاندھی کی رکنیت بحال، معطلی کے چار ماہ بعد پہنچے پارلیمنٹ، سپریم کورٹ کی جانب سے سزا پر روک کے بعد لوک سبھا سیکریٹریٹ کا نوٹیفکیشن جاری

راہول گاندھی کی رکنیت بحال،معطلی کے چار ماہ بعد پہنچے پارلیمنٹ
سپریم کورٹ کی جانب سے سزا پر روک کے بعد لوک سبھا سیکریٹریٹ کا نوٹیفکیشن جاری
وزیر اعظم کے خلاف پیش تحریک عدم اعتماد کی بحث میں کل حصہ لیں گے : مانیکم ٹیگور

نئی دہلی : 07۔اگست
(سحرنیوزڈاٹ کام/ایجنسیز)

سابق صدر کل ہند کانگریس کمیٹی AICC# راہول گاندھی کی لوک سبھا رکنیت آج بحال کردی گئی۔جس کےبعد وہ اپنی معطلی کے 137 دن بعد آج پارلیمنٹ ہاؤز  پہنچے جہاں کانگریس اور متحدہ اپوزیشن انڈیا I.N.D.I.A# کے ارکان لوک سبھا اور راجیہ سبھا نےنعروں کے درمیان ان کا زبردست استقبال کرتے ہوئے راہول گاندھی آگے بڑھو ،ہم تمہارے ساتھ ہیں، دیش تمہارے ساتھ ہے کے نعرے لگائے۔

https://www.facebook.com/IndianNationalCongress/videos/1014379459744253

یاد رہےکہ 2019 کے مودی سرنام ہتک عزت کیس میں گجرات کی عدالت کی 23 مارچ کو صادر کی گئی دو سال کی سزا کےبعد 24 مارچ کولوک سبھا سیکریٹریٹ کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے انہیں لوک سبھا کی رکنیت سے نااہل قرار دیا گیاتھا۔اس طرح 8 سال تک راہول گاندھی کسی بھی الیکشن میں مقابلہ کرنے کے اہل نہیں تھے۔

تاہم 4 اگست کو سپریم کورٹ نے گجرات کی عدالت کے اس فیصلہ پر روک لگاتے ہوئے راہول گاندھی کو راحت دی تھی۔سپریم کورٹ کی سہء رکنی بنچ کے معزز جسٹس بھوشن آر گاوائی نے راہول گاندھی کی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے کہا تھاکہ ٹرائل جج کی جانب سےزیادہ سے زیادہ سزا سنانے کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی،سزا کے حکم کو حتمی فیصلے تک روکے جانے کی ضرورت ہے۔

4 اگست کو سپریم کورٹ کےاس فیصلہ کے بعد آج 7 اگست کو اسپیکر لوک سبھا مسٹر اوم برلا کی ہدایت پرلوک سبھاسیکریٹریٹ کی جانب سے ایک نوٹیفکیشن جاری کرتےہوئے انہیں لوک سبھا کے رکن کی حیثیت سے بحال کردیا ہے۔راہول گاندھی لوک سبھا میں کیرالا کے حلقہ وائناڈ کی نمائندگی کرتے ہیں۔لوک سبھا سکریٹریٹ نے ایک نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے اعلان کیاکہ راہول گاندھی کی نااہلی کو منسوخ کردیا گیاہے اور ان کی رکنیت بحال کر دی گئی ہے۔

راہول گاندھی نے پارلیمنٹ پہنچنے کے بعد بابائے قوم مہاتما گاندھی کےمجسمہ پر حاضری دی اور گلہائے عقیدت پیش کیے۔جب راہول گاندھی پارلیمنٹ ہاؤس کےداخلہ پر پہنچے تواپوزیشن اتحاد انڈیا کے ارکان لوک سبھا اور راجیہ سبھا کی بڑی تعداد نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔بعدازاں راہول گاندھی نے شریمتی سونیا گاندھی اور دیگر ارکان پارلیمان کے ساتھ پارلیمنٹ کے احاطہ میں سابق چیف منسٹر ایم۔کروناندھی کی تصویر پر پھول پیش کرتے ہوئے انہیں خراج پیش کیاجن کی آج برسی ہے،بعدازاں راہول گاندھی لوک سبھا میں داخل ہوکراپنی نشست پر بیٹھ گئے۔

https://www.facebook.com/IndianNationalCongress/videos/306229221812895

راہول گاندھی کے دوبارہ لوک سبھا پہنچنے پر کانگریس پارٹی کے قائدین،کارکنوں اور راہول گاندھی کے حامیوں میں زبردست جوش وخروش دیکھا جا رہا ہے اور سوشل میڈیا پر مختلف میمز  Memes# کی باڑھ آئی ہوئی ہے۔اور Rahul_Is_Back# کا ہیش ٹیگ ٹرینڈنگ میں ہے۔

دوسری جانب لوک سبھا میں اپنی رکنیت بحال ہونے کے بعد آج راہول گاندھی نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل کے بائیو BIO# میں دوبارہ خود کو رکن لوک سبھا لکھ دیا ہے۔جبکہ انہیں نااہل قرار دئیےجانے کےفوری بعد ان کےاس ٹوئٹر ہینڈل پر نااہل Disqualified MP# لکھا گیا تھا۔

راہول گاندھی کی رکنیت کی بحالی کے فوری بعد کانگریس پارٹی کے ٹوئٹر ہینڈل سے پارلیمنٹ کی رکنیت کی بحالی کا نوٹیفکیشن ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھاہے کہ یہ نفرت کے خلاف محبت کی جیت ہے۔

صدر کل ہند کانگریس کمیٹی مسٹر ملک ارجن کھرگے نے راہول گاندھی کی رکنیت بحال کیے جانےکےبعد اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ اس اقدام سے ہندوستان کے عوام اور خاص طور پرحلقہ لوک سبھا وائناڈ کے عوام کو راحت ملی ہے۔اپنے اس ٹوئٹ میں مسٹر ملک ارجن کھرگے نے مزید لکھا ہے کہ راہول گاندھی کو بحیثیت رکن پارلیمنٹ بحال کرنے کا فیصلہ ایک خوش آئند قدم ہے۔بی جے پی اور مودی حکومت کے دور اقتدار میں اپوزیشن لیڈروں کو نشانہ بناکر جمہوریت کو بدنام کرنےکے بجائے جو بھی وقت باقی ہے،حقیقی حکمرانی پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے اس کا استعمال کرنا چاہئے۔

https://www.facebook.com/IndianNationalCongress/videos/813826626847668

بزنس ٹوڈے کی رپورٹ کےمطابق راہول گاندھی کل منگل 8 اگست کو لوک سبھا میں ہونےوالی تحریک عدم اعتماد کی بحث کے دوران ایک اہم تقریر کرنے کے لیے تیار ہیں۔ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ مانیکم ٹیگور نے راہول گاندھی کی لوک سبھا رکنیت کی بحالی کے بعد این ڈی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے یہ بات کہی ہے۔

" یہ بھی پڑھیں "

تلنگانہ کی عوامی و انقلابی شخصیت غدر نہیں رہے، ریاستی اسمبلی کے علاوہ مختلف شخصیتوں کا خراج

 

سپریم کورٹ سے راہول گاندھی کو ملی راحت، گجرات عدالت کی جانب سے صادر دو سال کی سزاء پر روک، لوک سبھا کی رکنیت ہوگی بحال

 

حیدرآباد ایئر پورٹ پر جدہ اور دبئی سے آنے والے تین مسافروں کے قبضہ سے دو کروڑ 29 لاکھ روپئے مالیتی ساڑھے تین کلو سونا ضبط