روزنامہ سیاست حیدرآبادکے منیجنگ ایڈیٹر ظہیرالدین علی خان کا انتقال پُر ملال، وزیراعلیٰ تلنگانہ اور دیگر شخصیتوں کا اظہار تعزیت

روزنامہ سیاست حیدرآباد کے منیجنگ ایڈیٹر ظہیرالدین علی خان کا انتقال پُرملال
قوم ایک مخلص، درد مند اوربے لوث شخصیت سے محروم، تلنگانہ میں غم کی لہر
وزیر اعلیٰ کے علاوہ مختلف شخصیتوں کی جانب سے تعزیت کا اظہار

حیدرآباد : 07۔اگست (سحرنیوزڈاٹ کام)

یہ خبر انتہائی رنج و غم کےساتھ پڑھی جائےگی کہ منیجنگ ایڈیٹر،روزنامہ سیاست حیدرآباد جناب ظہیرالدین علی خان کا آج شام قلب پرحملہ کے باعث انتقال پُرملا ل ہوگیا۔ان کی عمر 63 سال تھی۔مرحوم ملی جذبہ سے شرسار، ملنسار،قوم کے ایک مخلص،دردمند،شریف النفس شخصیت کے مالک اور قوم کی ترقی کےلیے بےلوث جہدکار تھے۔انہیں غسل کعبہ شریف میں شرکت کی سعادت بھی حاصل ہوئی تھی جنہیں تمام طبقات اور شعبہ جات کےماہرین کے علاوہ سیاسی قائدین کی جانب سےانتہائی قابل احترام شخصیت کےطور پر دیکھا اور مانا جاتاتھا۔ان کے پسماند گان میں اہلیہ کے علاوہ 2 فرزندان اصغرعلی خان اور فخرعلی خان شامل ہیں۔مرحوم جناب زاہد علی خان،ایڈیٹر روزنامہ سیاست کے خالہ زادبھائی تھے۔  

جناب ظہیرالدین علی خاں اپنی سماجی اور ملی خدمات کے لیے  پورے ہندوستان میں جانے پہچانے جاتے تھے۔انہوں نے بالخصوص اقلیتوں کی معاشی،تعلیمی اور سماجی پسماندگی کو دور کرنے کے لیے کئی ایک اقدامات کیے تھے۔

انقلابی شاعر گلوکار غدر جو کہ مرحوم کے قدیم اور قریبی رفقاء میں شامل تھے جن کا کل 6 اگست کو دیہانت ہوگیا تھا کی آخری رسومات کی یاترا کے دوران قلب پر حملہ کےباعث جناب ظہیر الدین علی خان کا انتقال ہوگیا۔تلگو میڈیا کی اطلاعات کے مطابق جناب ظہیر علی خان، غدر کی آخری رسومات کی یاتراکے آغاز سے وہ ہی ڈی سی ایم ویان پر موجود تھے۔اور وہ بے چینی محسوس کرنےلگے تھے۔

ہجوم اور بھگڈر کے دوران جناب ظہیر الدین علی خان ڈی سی ایم ویان سے اترنے کی کوشش میں بھیڑ کے درمیان گر پڑے ان کے قلب پر شدید حملہ ہوا۔ پولیس نے بھگدڑ کے دوران ظہیرالدین علی خان کوبوئن پلی میں واقع رش ہسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے بعد معائنہ بتایا کہ ان کی روح قفس عنصری پرواز کر چکی ہے۔جاریہ سال ماہ فروری میں ان کے بھائی ڈاکٹر مظہر الدین علی خان کا بھی انتقال ہوا تھا۔

ذرائع کےمطابق ظہیر الدین علی خان کی نماز جنازہ کل 8 اگست بروز منگل کی بعد نماز فجر مسجد باغ عامہ میں ادا کی جائے گی۔اور بعد نمازجنازہ ان کے آبائی قبرستان آخرت منزل، دارالسلام روڈ حیدرآباد میں سپرد لحد کیا جائے گا۔ 

ظہیرالدین علی خان منیجنگ ایڈیٹر، روزنامہ سیاست کے انتقال پر چیف منسٹر تلنگانہ کے۔چندراشیکھرراؤ نےشدیدغم اور افسوس کااظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ دنیائے اردو صحافت کاعظیم اور ناقابل تلافی نقصان ہے۔اس موقع پر چیف منسٹرنے تلنگانہ جدوجہد میں روزنامہ سیاست اور جناب ظہیرالدین علی خان منیجنگ ایڈیٹر کی تحریک میں شرکت اور ان کی خدمات کو بھی یاد کیا۔چیف منسٹر نے جناب ظہیر الدین علی خان کے انتقال پُرملال پر ان کےافراد خاندان اور تمام لواحقین سےتعزیت کا اظہار کیاہے۔صدر تلنگانہ پردیش کانگریس ریونت ریڈی نےمرحوم کے مکان پہنچ کر جسد خاکی کا دیدار کیا اور افراد خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا۔

چیف منسٹر کے علاوہ ملک اور ریاست کے مختلف سیاسی اور سماجی تنظیموں کے نمائندوں،صحافیوں،دانشوروں،پروفیسرز نے بھی ظہیرالدین علی خان منیجنگ ایڈیٹرروزنامہ سیاست کےسانحہ ارتحال پر شدید غم اور افسوس کا اظہار کرتےہوئے ان کی خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیا ہے۔